جمعیۃ علماء ہند کی سروے ٹیموں کی کارکردگی اطمینان بخش، مرکزی ٹیم نے تمام اضلاع کا دورہ کر کے جائزہ لیا
کشن گنج بہار ،۱۱؍ اکتوبر (پریس ریلیز) ماہ اگست کے وسط میں اچانک سیمانچل کے اضلاع کشن گنج، پورنیہ ارریہ، کٹیہار اور مغربی بنگال کے ضلع اتردیناجپور میں مسلسل بارش اور پڑوس کے ڈیموں سے پانی چھوڑے جانے کے سبب آئے زبردست سیلاب سے لاکھوں افراد کے گھر تباہ وبرباد ہو گئے جس کا اثر آج دوماہ کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی برابر دکھائی دیر ہا ہے ان حالات میں ملک بھر سے امداد و راحت رسانی کے کاموں کو انجام دینے کے لیے سماجی ادارے اور انسانیت نواز انجمنیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر متاثرین کی امدا د میں جٹ گئیں۔ملک کی قدیم فعال اور مستقل مزاجی کے ساتھ ملک و ملت کی ہر نازک وقت میں رہنمائی و رہبری کا فریضہ انجام دینے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند بھی اپنے قومی صدر حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری کی ایماء اور قومی جنرل سیکریٹری مولانا سید محمود اسعد مدنی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیلاب کے اول دن سے متاثرین کی خدمت میں مصروف ہے۔ جمعیۃ علماء ہند نے اپنی ایک مرکزی ٹیم مولانا حکیم الدین قاسمی پرتابگڈھی سیکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی نگرانی میں مصروف عمل ہے، اس ٹیم میں مولانا قاری نوشاد عادل، مولانا محسن اعظم قاسمی، مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی(آرگنائزرس جمعیۃ علماء ہند) شامل رہے جبکہ صوبائی ذمہ داران مولانا محمد قاسم قاسمی (صدر)مولانا مفتی جاوید اقبال قاسمی (نائب صدر) مولانا محمد ناظم قاسمی (ناظم اعلی) وغیرہ کی بھرپور توجہ سے متاثرہ پانچوں اضلاع کے ذمہ داران و کارکنان جمعیۃ اول دن سے ابتدائی راحت کاریوں میں برابر مشغول رہے اور اب بھی اس کو شس میں برابر لگے ہوئے ہیں۔جمعیۃ کے مرکزی قائد مولانا سید محمود مدنی نے اپنے دورہ سیمانچل کے دوران تمام اضلاع کے ذمہ داران کومتوجہ کیا کہ اب متاثرین سیلاب کے سروے کا کام منظم انداز میں کریں چنانچہ پندرہ روز سے ان پانچ اضلاع میں کم و بیش ایک ہزار افراد کی ٹیم سروے کے کام کو انجام دینے کی کوشش میں مصروف ہے، جمعیۃ نے سیمانچل ریلیف کمیٹی بنا کر اس کا کنوینر حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنیؒ کے خلیفہ ومجاز مفتی جاوید اقبال قاسمی جو جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن بھی ہیں کو بنایا ہے جبکہ اس کمیٹی کے ارکان میں حضرت مولانا غیاث الدین قاسمی (خلیفہ و مجاز حضرت فدائے ملت ؒ وصدر جمعیۃ علماء ضلع، بانی و مہتمم جامعہ حسینیہ مدنی نگر فرینگولہ کشن گنج بہار) کے علاوہ ضلعی ذمہ داران بھی شامل ہیں۔ تمام اضلاع کے کاموں کے جائزے و نگرانی کے لیے کام کرنے والے مرکزی ریلیف کیمپ میں مفتی محمد مناظر نعمانی قاسمی، مولانا خالد انور قاسمی، حضرت شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی کے خلیفہ و مجاز حضرت مولانا محمد ادریس صاحب ؒ کے صاحبزادے مولانا محمد معروف کرخی قاسمی وغیرہ جہد مسلسل کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے وفود کی رہنمائی بھی منظم انداز میں کی جارہی ہے متاثرین کی بازآبادکاری کے سلسلے میں ذمہ داروں نے بتایا کہ سروے مکمل ہو جانے کے بعد اس کی رپورٹ مرکز کو بھیجی جائے گی ہمارے مرکزی رہنما حضرت مولانا سید محمود مدنی مدظلہ اس کی روشنی میں فیصلہ کرکے مزید ہدایات جاری کریں گے۔ الحمد للہ مرکز کی ہدا یا ت پر عمل کرتے ہوئے صوبائی جمعیتوں میں دہلی، اترپردیش، چینئی، کرناٹک، تلنگانہ وآندھرا پردیش کے صوبائی ذمہ داران نے بازآبادکاری کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا مرکز سے عزم ظاہر کیا ہے۔ جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا متین الحق اسامہ قاسمی کی جانب سے ایک دو رکنی وفد مولانا اظہار مکرم قاسمی اور قاری عبدالمعید قاسمی پر مشتمل سیمانچل پہنچ کر مرکزی ٹیم کی رہنمائی میں متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور کچھ مقامات پر فوری راحت کے لیے فیصلہ لیتے ہوئے مکانات کے تعمیر ی کام کاآغاز کیاچنانچہ ذمہ داران جمعےۃکے ہاتھوں نیز میرٹھ سے تشریف لائے مہمان قاری محمد عادل قاسمی کے ہاتھوں مورخہ ۵؍ اکتوبر ۲۰۱۷ء بروز جمعرات کچھ مکانوں کا سنگ بنیا د بالترتیب دھرمباڑی ۔مہشبتھنہ۔ کھاڑی۔ آسجہ ۔نندنیہ گاؤں۔وایا بائسی ضلع پورنیہ میں رکھا گیا،اس موقع پر پورنیہ ضلع جمعےۃ کے عہدیداران وارکان اور سروے کمیٹی بھی شریک رہی۔ تاہم جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی ریلیف ٹیم ، ضلعی کمیٹیاں اور سروے کرنے والی ضمنی کمیٹیاں آج سیلاب کے دوماہ بعد بھی میدان عمل سرگرم ہیں، جمعیۃ علماء ہند کے سیکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ متاثرہ اضلاع کا دورہ کرکے کام کرنے والے تمام ساتھیوں سے تفصیلی گفتگو کے بعد امید ظاہر کی کہ بازآ بادکاری منظم انداز میں کرنا تباہ وبرباد سیمانچل کی تعمیر میں اہم کردار ہوگا اس کے لئے سماجی اداروں اور دیگر تنظیموں کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے۔نیز جمعیۃ علماء ہند نے صوبائی و مرکزی حکومت سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ بازآبادکاری اور سیمانچل میں سیلاب سے تباہ حال لوگوں اور علاقوں کو سدھارنے کی طرف بھرپور توجہ دی جائے اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکیا جائے۔ سرکاری طور پر امداد و راحت رسانی کے کاموں میں معاونت کے لیے جمعیۃ کے ذمہ داران مقامی ایم پی مولانا اسرارالحق قاسمی اور ضلعی حکام ڈی ایم صاحبان سے رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں