’یوایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ کی بین الاقوامی رینکنگ میں اے ایم کا بایولوجی و بایو کیمسٹری شعبہ سرفہرست

0
490
۔ ’یوایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ کی بین الاقوامی رینکنگ میں اے ایم کا بایولوجی و بایو کیمسٹری شعبہ سرفہرست
All kind of website designing

علی گڑھ، (ایجنسی)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے صدی سال میں اس کے تعلیمی و تحقیقی معیار کا لگاتار اعتراف کیا جارہا ہے جو علیگ برادری کے لئے باعث مسرت ہے۔ اسی کڑی میں امریکی میڈیا ادارے ’یوایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ نے اپنے تازہ بین الاقوامی رینکنگ سروے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کو چار موضوعات میں ہندوستانی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں اعلیٰ رینک عطا کی ہے اور ایک بار پھر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں اے ایم یو کے بلند معیار و مرتبہ کی تصدیق کی ہے۔
شعبہ کے اعتبار سے بایولوجی اور بایوکیمسٹری میں اے ایم یو نے سبھی ہندوستانی یونیورسٹیوں اور اداروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرفہرست مقام حاصل کیا ہے جب کہ ریاضی، فزکس اور کیمسٹری میں بھی اے ایم یو کو نمایاں مقام عطا کیا گیا ہے۔ یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ کے ساتویں سالانہ سروے کے مطابق ’بایولوجی اور بایو کیمسٹری‘ میں اے ایم یو ہندوستانی یونیورسٹیوں اور اداروں میں سرفہرست ہے۔ اس موضوع میں ممتاز یونیورسٹیوں کے چارٹ میں اے ایم یو کو 34.1 کا سبجیکٹ اسکور حاصل ہوا ہے۔ جب کہ 33.7 کے سبجیکٹ اسکور کے ساتھ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس بنگلور دوسرے نمبر پر، اور آئی آئی ٹی دہلی 31.1 کے سبجیکٹ اسکور کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
ریاضی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہندوستان کا واحد ادارہ ہے جسے اس رینکنگ میں شامل کیا گیا ہے۔ فزکس میں ہندوستانی یونیورسٹیوں میں اے ایم یو پانچویں مقام پر ہے جب کہ ہندوستانی اداروں میں وہ گیارہویں مقام پر ہے۔ اسی طرح کیمسٹری میں اے ایم یو کو ہندوستانی یونیورسٹیوں میں نواں مقام اور مجموعی اعتبار سے سبھی ہندوستانی اداروں میں اکیسواں مقام عطا کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا ادارے کی اس رینکنگ میں اے ایم یو کے چنندہ شعبہ جات کو ممتاز مقام عطا کئے جانے پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ کارکردگی ہمارے اساتذہ اور محققین کی مسلسل محنت و سنجیدگی کا صلہ ہے۔ اے ایم یو کے ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی کاوشیں رنگ لارہی ہے اور اس دانش گاہ کی عظمت کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر کیا جارہا ہے۔
اے ایم یو میں یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے بتایا کہ موضوع کے اعتبارسے اس رینکنگ میں اکیڈمک ریسرچ کی کارکردگی کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ’یوایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ‘ کی موضوعاتی رینکنگ میں ریاضی میں دنیا کے 250 ممتاز اداروں، بایولوجی اور بایوکیمسٹری میں 500، فزکس میں 750، اور کیمسٹری میں 750ممتاز یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here