نئی دہلی17/اپریل(محمدارسلا ن خان):مشہور سماجی کارکن الحاج محمد جمال الدین رضوی نے آج پریس کو جاری اپنے خصوصی بیا ن میں کہاکہ ماہ صیام کا مبارک مہینہ سایہ فگن ہے، ایسے میں مسلمانوں کیلئے رب تعالی کو خوش کرنے کا رمضان سے بہتر کوئی موقع نہیں ہے، ضروری ہے کہ بابر کت مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت و ریاضت میں وقت گزاریں، کیو نکہ اس مقدس مہینے میں ایک نیکی کا اجر70 نیکیوں میں بد ل جاتا ہے اور نفل کا ثواب فرض کے برا بر ملتا ہے۔ الحاج جمال الدین رضوی رمضان شریف کی اہمیت کے حوالے سے بتاتے ہیں کہ اسی مہینے میں قرآن کریم نازل ہوا تھا جو کہ ہمارے خالق و مالک کا کلام ہے اور انسانوں کی ہدایت کا اولین سرچشمہ ہے، دوسری فضیلت یہ ہے کہ اسی مہینے میں شب قدر کی وہ طاق راتیں ہوتی ہیں جنکے اندر اس مبارک رات کو تلاش کرنے کا حکم ہے جوہزارمہینوں سے افضل ہیں،البتہ تینوں عشروں کی خصوصیات مختلف ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے رمضان المبارک کے مہینے میں اہل خیر وثروت حضرات مساکین کی داد رسی اورانکوکھاناکھلانے کاحکم دیا گیا ہے، ساتھ ہی غربا،یتیموں، بیواؤں کی مدد کریں اورایسے لوگوں کو تلاش کریں جو کہہ نہیں سکتے ہیں یا پھر اپنے آس پاس کے لوگوں کے بھر پور تعاون و مدد کریں، یقینی طور پر رب تعالی کے یہاں اسکا بہت بڑا اجر وثواب ہے۔الحاج جما ل الدین نے روزہ کی فضیلت کی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ روزہ رکھنا معمولی بات نہیں ہے جب انسان کا روزہ نہیں ہوتا ہے تو وہ دو یا تین گھنٹے بھوکا نہیں رہ سکتا لیکن ماہ رمضان کے اس مقدس مہینے میں روزے دارتقریباًپندرہ، سولہ گھنٹے تک محض رب العالمین کی رضا کیلئے بھوکااورپیاسارہ لیتا ہے، البتہ رمضان شریف انسان کو صبر عطا کرتا ہے، تاہم مضان کا بابر کت مہینہ مسلمانوں کیلئے رحمت اور نعمت بن کر آتا ہے، رمضان شریف میں مسجدوں میں عبادت گزاروں کی تعداد بڑھ جاتی ہے اور اللہ تبارک وتعالی کے نزدیک ہونے کا اس سے بہترین موقع اور کوئی نہیں ہوتا،رمضان ایک بہترین موقع ہے،لہذاروزے رکھو اور رب کائنات کی عبادت کرو،یہی اسکا اہم پیغام ہے۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں