الور ہجومی دہشت گردی کے شکار عمر خاں کے ساتھی جاوید کو ضمانت 

0
1159

جان بچا کر بھاگنے والے جاوید اور طاہر پر الٹے پر مقدمہ دائر کیا گیا تھا،عمر کیس پولیس کی کاہلی کی وجہ سے تعطل کا شکار

نئی دہلی: الور ضلع کے رام گڑھ علااقے میں نام نہاد گؤ رکشکوں کے ذریعہ بے رحمی سے قتل کیے گئے عمر خاں کے ساتھی جاوید کو ضلع عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے، جب کہ دوسرا ساتھی طاہر ہنوز جیل میں بندہے ۔ واضح ہو کہ حادثہ کے بعد مقتول عمر سمیت مذکورہ دونوں افراد پر پولس نے الٹے ہی گؤ تسکری کا مقدمہ دائر کردیا تھا جس کے بعد جاوید اور طاہر گرفتار ہوگئے تھے۔ عمر خاں بھرت پور کے گٹھمیکا گاؤں میں انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھتا تھا ، وہ آٹھ معصوم بچوں ، بیوی اور بوڑھے والدین کا تنہا کفیل تھا ۔ اسے گؤ رکشکوں نے اس وقت گھات لگا کر قتل کردیا جب کہ وہ گائے سے لدی ایک گاڑی چلا رہا تھا ، اس وقت اس کے ساتھ جاوید اور طاہر بھی شریک تھے جو جان بچا کر بھاگنے میں کامیا ب ہوگئے ۔جمعیۃ علما ء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اس غریب خاندان کی ہر طرح سے دادرسی کرتے ہوئے ، اس کی جانب سے مقدمہ لڑنے کا فیصلہ کیا تھا، آج جمعیۃ کی کوشش سے ضلع عدالت نے جاوید کی ضمانت کو قبول کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا ہے ۔ جمعیۃ کے وکلاء کو یقین ہے ۱۴؍فروری کو اگلی سماعت میں طاہر کو بھی ضمانت مل جائے گی ۔اس سے متعلق وکلاء

ہجومی دہشت گردوں کے ہاتھو گائے کے نام پر شہید کئے گئے عمر خان موحوم :فائل فوٹو

ایڈوکیٹ محبوب اورمعاون ایڈوکیٹ سینی نے جمعیۃ علماء ہریانہ ، پنجاب وہماچل کے صدر مولانا یحیی کریمی سے ایک ملاقات میں تفصیل سے آگاہ کیا کہ گرچہ مقتول عمر خاں کے چھ نامزد قاتلوں میں سے اب تک پانچ کی گرفتاری ہو چکی ہے تاہم اس کیس میں بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ مقامی پولس نے اب تک چالان چارج شیٹ داخل نہیں کی ہے ، اس لیے مقدمہ کی باضابطہ کارروائی نہیں چل پارہی ہے ، صر ف تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے۔ ایڈوکیٹ محبوب نے کہا کہ ہم اس بات کی پوری کوشش کررہے ہیں کہ جلد ازجلد چالان چارج شیٹ داخل کی جائے ۔دوسری جانب جمعیۃ علماء ہند نے جے پور ہائی کورٹ میں بھی عمر خاں کے مقدمہ میں ایڈوکیٹ قاسم کو متعین کررکھا ہے تا کہ عمر خاں سے متعلق وہاں کی سرگرمی پر نگاہ رکھی جائے ۔ مولانا یحی کریمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند، راجستھان و ہریانہ میں عمر خاں اورحافظ جنید سمیت متعدد ماب لنچنگ کے مقدمات پوری قوت سے لڑرہی ہے ، اس کے علاوہ مرکز سے مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند و دیگر ذمہ داران ،متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی اور کاؤنسلنگ کے لیے ملاقات کرتے رہے ہیں۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here