اے ایم یوانتظامیہ نے دیا چودھری افراہیم حسین کو لیگل نوٹس

0
769
All kind of website designing

علی گڑھ، 29؍اپریل: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)انتظامیہ نے حال ہی میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسو سی ایشن کی ہڑتال سے متعلق چودھری افراہیم حسین کے ذریعہ اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور دیگر افسران کے خلاف اخبارات میں شائع کرائے گئے بے بنیاد بیانات کی سخت مخالفت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے قانونی مشیراور وکیل کے ذریعہ چودھری افراہیم حسین کو لیگل نوٹس دیا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اے ایم یو کے وائس چانسلر اور دیگر افسران کے خلاف دئے گئے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کا سبب بتائیں اور اس کے لئے متعلقہ افسران کے تئیں اخبارات میں معافی نامہ شائع کرائیں، ورنہ ان کے خلاف متعلقہ عدالتوں میں سول و کرمنل مقدمات دائر کئے جائیں گے جن کے ہرجہ خرچہ کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔
لیگل نوٹس میں چودھر افراہیم حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انہو ں نے اے ایم یو جیسے تاریخی ادارے کے وقار کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے اس کے اعلیٰ افسران کے عزت و وقار کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات سے داغدار کرنے کی مذموم کوشش کی ہے جس کے لئے ان پر ہتک عزت کا مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ مذکورہ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اے ایم یو نے ریزیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کی ہڑتال کو فوری طور پر سنجیدگی سے لیتے ہوئے مذکورہ ہڑتال کو حکم نامہ مورخہ29.03.2018اور02.04.2018کے ذریعہ غیر قانونی قرار دیا تھا اور جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے کاموں کو بہتر طور پر انجام دئے جانے کے لئے کئی مناسب اقدامات کئے تھے جن میں سینئر معالجین اور سینئر ریزیڈنٹس کے ذریعہ میڈیکل کالج میں داخل مریضوں کی تسلسل کے ساتھ دیکھ بھال اور او پی ڈی کو بہتر طور پر چلائے جانے کا نظم شامل تھا، جسے انھوں نے پوری ذمہ داری کے ساتھ نبھایا۔
حال ہی میں الہ آباد ہائی کورٹ نے اسی قسم کے بے بنیاد الزامات پر مبنی مقدمہ دائر کئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے چودھری افراہیم حسین کی اہلیہ ڈاکٹر صدف فاطمہ پر50ہزار روپیہ کا جرمانہ عائد کیا ہے اور عدالت نے ڈاکٹر صدف فاطمہ سے مذکورہ رقم وصول کرنے کا حکم ضلع مجسٹریٹ علی گڑھ کو دیا ہے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here