اے ایم یو کی مولانا آزاد لائبریری کو آئی ایس او سرٹیفیکٹ حاصل ہوا

0
901
All kind of website designing

علی گڑھ، 30 ستمبر(نیاسویرا لائیو)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری نے ایک نیا اور اہم سنگ میل طے کیا ہے۔ لائبریری کو آئی ایس او-9001: 2015 سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ایم یو پرو وائس چانسلر پروفیسر اختر حسیب نے کہاکہ مولانا آزاد لائبریری نے یہ اعزاز اپنی امتیازی خصوصیات کی بدولت حاصل کیا ہے۔پروفیسر اختر حسیب نے کہا ”آئی ایس او سرٹیفیکٹ، کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کا ثبوت ہے جسے مولانا آزاد لائبریری نے اپنایا ہے۔ جہاں اساتذہ، طلبہ اور اسکالروں کی علمی و تحقیقی ضروریات کی تکمیل ہوتی ہے“۔ انھوں نے کہاکہ اے ایم یو کے لئے یہ باعث افتخار ہے کہ اس کی مرکزی لائبریری ہندوستان کی چنندہ یونیورسٹیوں کی لائبریریوں میں شامل ہوگئی ہے جنھیں آئی ایس او-9001: 2015 سرٹیفیکیشن ملا ہوا ہے۔ پرو وائس چانسلر نے یونیورسٹی لائبریرین ڈاکٹر امجد علی اور ان کے رفقاءکی کاوشوں کو بطور خاص سراہتے ہوئے کہا ”ڈاکٹر امجد علی جو آج ہی ریٹائر ہورہے ہیں انھوں نے ہمیشہ لائبریری کو نئی اونچائیوں تک لے جانے میں پختہ عزم کا مظاہرہ کیا“۔ تقریب کے مہمان اعزازی مسٹر جمشید عزیز صدیقی (ریٹائرڈ سائنسداں ایف، بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈس) نے کہا کہ مولانا آزاد لائبریری میں کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کو اپنایا گیا ہے جس میں مسلسل معیاربندی اور طے شدہ ضابطوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔ مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے یونیورسٹی لائبریرین ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ آئی ایس او سرٹیفیکٹ کا حصول دو سالہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے کہا ”سن 2015 میں این اے اے سی کی ٹیم نے مولانا آزاد لائبریری کو سبھی ہندوستانی یونیورسٹیوں کی لائبریریوں میں ممتاز لائبریری قرار دیا تھا، تبھی سے ہمارا ہدف آئی ایس او-9001: 2015 کو حاصل کرنا تھا“۔ انھوں نے مزید کہاکہ مولانا آزاد لائبریری کو پرو کویسٹ/مقالہ جات کے سب سے زیادہ استعمال کا ایوارڈ بھی حاصل ہوا ہے۔ اس موقع پر مسٹر آفتاب عالم نے آئی ایس او-9001: 2015 سرٹیفیکٹ پرو وائس چانسلر پروفیسر اختر حسیب کو پیش کیا جب کہ ڈاکٹر ایم یوسف نے اظہار تشکر کیا۔ مسٹر اسلم مہدی نے نظامت کی۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here