بیت المقدس کو اسرائیل کی راجدھانی بنانے پر مولانا سید محمود اسعد مدنی کا شدید احتجاج
نئی دہلی (نیاسویرا لائیو) جمعیۃ علماء ہند نے امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کے ذریعہ آج بیت المقد س کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے پرسخت احتجاج کیا ہے ۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علما ء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ اشتعال انگیز فیصلہ ہے جس سے نہ صرف خطے میں بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں میں بے چینی پیدا ہو ئی ہے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ امریکہ عالمی قوانین اوربین الاقوامی خدشات کو نظر اندازکررہا ہے جس سے امن کے کوشاں ادارے مایوس ہوئے ہیں ۔ مولانا مدنی نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس موضوع پر ہنگامی اجلاس طلب کرے اور خود کی
متعدد منظور شدہ قرار داد کی روشنی میں القدس کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری قدم اٹھائے ۔انھوں نے اس سلسلے میں مشرق وسطی کے حکمرانوں کو بھی متوجہ کیا کہ وہ امریکہ سے اپنے تعلقات پر نظر ثانی کریں ۔مولانا مدنی نے استدلال کیا کہ یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ قبلہ اول پر مسلمانوں کا اولین حق ہے، نہ صرف فلسطین بلکہ پور اعالم اسلام اس سے دینی و جذباتی رشتہ رکھتا ہے، جس پر اسرائیل نے غاصبانہ طریقہ سے تسلط قائم کررکھا ہے ، سال گزشتہ یونیسکو اقوام متحدہ نے ایک تاریخی فیصلے میں مسجد اقصی اور دیوار براق پر مسلمانوں کا حق تسلیم کیا تھا ، اس لیے اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ موجودہ حیثیت سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر لگام کسے ۔ انھوں نے کہا کہ جمعےۃ علما ء ہند قبلہ اول کے تحفظ کے لیے روز اول سے ہر جد وجہد میں شامل ہوتی رہی ہے، وہ ڈونالڈ ٹرمپ کے اس منصوبے پر سخت بے چین ہے اور اسے ظالمانہ اور غرور پر مبنی فیصلہ سمجھتی ہے ۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں