نکاح کو سادہ و مسنون بنانا وقت کی ضرورت

0
1389
فوٹو: آسان نکاح مہم کے تحت دیوبند میں منعقدہ پروگرام کا منظر
فوٹو: آسان نکاح مہم کے تحت دیوبند میں منعقدہ پروگرام کا منظر
All kind of website designing

اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ” نکاح مہم” کے تحت دیوبند میں منعقدہ اجلاس سے علماء کا خطاب، ہم سب کو طے کرنا ہوگا کہ اسوہ ٔرسول ؐ کے مطابق نکاح کریں گے:مولانا عباد اللہ عمیس قاسمی

دیوبند : آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے 27 مارچ سے 7 اپریل تک ”سادہ و مسنون نکاح ملک گیر مہم”کو اتر پردیش میں کامیاب بنانے کے لئے اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کے اراکین سرگرم عمل ہیں۔اس سلسلہ سے اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اترپردیش کے تحت دیوبند کے محلہ لہسواڑہ کی جامع مسجد میں گزشتہ شب اصلاح معاشرہ کا جلسہ منعقد ہوا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مولانا فرید الدین قاسمی نے کہا کہ جہیز کی لعنت سے سماج کو پاک کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے اور نکاح کو سادہ و مسنون طریقے پر انجام دینے کے لیے تقریب نکاح کا سلسلہ ختم کرکے مسجد میں نکاح کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلام کے نظام نکاح پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ”آسان و مسنون نکاح مہم” سے ہر فرد کو جڑنے کی تلقین کی۔مولانا عباد اللہ عمیس قاسمی استاذ حدیث جامعۃ الشیخ حسین احمد المدنی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشگوار ازدواجی زندگی کے لئے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو طے کرنا ہوگا کہ وہ ڈی جے، باجہ،ناچ گانا،ہلدی،منڈھا جیسی رسوم و رواج اور فحاشی سے کلی اجتناب کرتے ہوئے اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے مطابق نکاح کریں گے اور ولیمہ میں فضول خرچی سے بچیں گے نیز اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر پوری توجہ صرف کریں گے۔مولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی پورے ملک میں گزشتہ دو مہینے سے کس طرح ”آسان و مسنون نکاح مہم” کے ذریعے بیداری لانے کا کام کررہی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اترپردیش کی اصلاح معاشرہ کمیٹی 27 مارچ سے جاری اس مہم میں ضلع وار پروگرام منعقد کررہی ہے تاکہ صوبے کے ہر گھر تک بورڈ کی یہ آواز پہونچے اور سماج سے نکاح کے نام پر ہونے والی خرافات و بدعات کا قلع قمع ہوسکے۔
اس موقع پر اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے جاری اقرار نامہ کو پڑھ کر سبھی سامعین سے تمام نکات پر اقرار بھی کرایا گیا اور کثیر تعداد میں اقرارنامے کی کاپیاں تقسیم بھی کی گئیں۔اس موقع پر پروگرام کے منتظم دیوبند کے معروف سماجی کارکن عبدالواحد قریشی نے اس مہم کو گھر گھر پہونچانے کا عہد کیا.اور سبھی کا شکریہ ادا کیا۔بعد نماز عشاء دوسری نشست دیوبند دستک پر منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر مفتی اسجد قاسمی ندوی مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ امدادیہ مرادآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اصلاح معاشرہ کی شروعات اپنی ذات سے کرنی ہوگی۔ہمیں سب سے پہلے اپنے گھر کے افراد کا مزاج بنانا ہوگا تاکہ وہ برضاء آسان و مسنون نکاح کے لئے خود بھی تیار ہوں اور دوسروں کو بھی تیار کریں۔مولانا عباد اللہ عمیس قاسمی استاذ حدیث جامعۃ الشیخ حسین احمد المدنی نے قرآن و سنت کی روشنی میں میاں بیوی کے حقوق اور خوشگوار ازدواجی زندگی کے سنہرے اصول پر روشنی ڈالی۔کلیدی خطاب کرتے ہوئے معروف خطیب مولانا انوار الحق قاسمی استاذ حدیث دارالمبلغین لکھنؤ نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی یہ مہم وقت کی پکار اور ملت کی ضرورت ہے۔انہوں نے نبوی دور اور صحابہ کرام کے زمانے کی شادیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قرون اولی میں جہیز اور دیگر خرافات کی کوئی نظیر نہیں ملتی،انہوں نے بتایا کہ صحابہ کرام کیسے آسان و مسنون نکاح کیا کرتے تھے،انہوں نے ناظرین سے کہا کہ ہر فرد مؤمن اپنے اپنے گھروں میں بورڈ کے اس پیغام کو پہنچائے اور کوشش کرے کہ جہیز کی نمائش کرنے والوں اور نکاح کے موقع پر گانا،ڈی جے باجہ بجانے والوں کا واضح طور پر بائیکاٹ کیا جائے۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا عبداللہ آزاد مظاہری نائب شہر قاضی کانپور نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں اور خواتین کا مزاج بنانا ہوگا کہ وہ شادی بیاہ کے خرافات کا خود سے بائیکاٹ کریں اور اس مہم کا آغاز گھروں سے ہو تاکہ بچوں سے بوڑھوں تک صالح اسلامی معاشرے کی تشکیل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس مہم کے تحت اترپردیش میں کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ افراد تک بورڈ کا پیغام پہونچ سکے۔پروگرام کے کنوینر مہدی حسن عینی قاسمی نے اخیر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آسان و مسنون نکاح مہم کے تحت مساجد، مدارس اور کارنر میٹنگز کے علاوہ روز آن لائن اصلاح معاشرہ کی نشستیں بھی منعقد ہوا کریں گی تاکہ یہ پیغام دور تک پہونچ سکے۔انہوں نے اترپردیش کے علماء و ائمہ،سماجی کارکنان اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ”سادہ و مسنون نکاح مہم” کو اتر پردیش میں کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔کانفرنس میں مولانا قاری رحیم الدین قاسمی مہتمم جامعہ حکیم الاسلام دیوبند،مفتی محمد نجیب قاسمی فتحپوری شریک رہے ۔اخیر میں صدر مجلس کی دعا پر کانفرنس کا اختتام ہوا۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here