تحریک آزادی ہند اور سماج کی اصلاح میں خانقاہ رائے پور کا ناقابل فراموش کردار

0
1594
فوٹو: رسم اجراء کا منظر
فوٹو: رسم اجراء کا منظر
All kind of website designing

رائے پور کے مشائخ نے اخلاص وفنائیت کے ساتھ معرفت کے جو چراغ روشن کئے ان کی لو ہنوز برقرار ہے :مولانا نسیم اختر شاہ قیصر

دیوبند : کوہِ شوالک کے دامن میں واقع مشہور خانقاہ گلزاررحیمی رائے پور میں آج اس کے بانی اور دارالعلوم دیوبند ومظاہرعلوم سہارن پور جیسے مرکزی اداروں کے سابق سرپرست مولاناشاہ عبدالرحیم رائے پوری کے افکار وخدمات پر مبنی کتاب کا اجرا ایک سادہ سی تقریب میں انجام پذیر ہوا، دریں اثنا تذکرۃ الرحیم نامی اس کتاب کا تعارف کراتے ہوئے اس کے مرتب اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کے اسکالر مولانابدرعالم رائے پوری نے خانقاہ رائے پور کے قیام اور اس کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔انہوں نے خانقاہ کے بانی مولاناشاہ عبدالرحیم قدس سرہ کو انیسویں صدی کے اواخر کی عظیم دینی وروحانی شخصیت بتایا، مولانابدرعالم ندوی نے مزید کہا کہ بانیان دیوبند بھی حضرت رائے پوری پر اپنی شفقتیں نچھاور کرتے تھے اور آزادی وطن کی تحریک ودینی مقاصد میں باہم متحد تھے۔ تذکرۃ الرحیم نامی کتاب بھی ان مضامین کا ایک مختصر مجموعہ ہے جو مولاناعاشق الہی میرٹھی نے تذکرۃ الرشیداور تذکرۃ الخلیل میں حضرت رائے پوری پر قلم برداشتہ لکھے ہیں اورجن کے پڑھنے میں قاری کو دعوت فکروعمل کی تحریک نصیب ہوتی ہے۔دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانانسیم اختر شاہ قیصر نے کہا کہ سماج کی اصلاح وتربیت میں خانقاہ رائے پور کے نقوش گہرے ہیں یہاں کے جیالوں نے اپنے اپنے ادوار میں دین وملت کی سرفرازی کا بنیادی کام کیا ہے حضرت شاہ عبدالرحیم رائے پوری بلاشبہ ان سب پر فائق تھے، اسیلئے میرے جدبزرگوار علامہ انور شاہ کشمیری نے فرمایا کہ مجھے دین حضرت شیخ الھند اور حضرت رائے پوری کے یہاں نظرآیا، انہوں نے مرتبِ کتاب مولانابدرعالم کو بھی مبارک باد پیش کی۔جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ کے استاذ مفتی محمدساجدکھجناوری نے کہا کہ دین کی جامعیت کیساتھ خدمت خلق خانقاہ رائے پور کا امتیاز رہا ہے یہاں کے مشائخ نے اخلاص وفنائیت کے ساتھ معرفت کے جو چراغ روشن کیے ان کی لو ہنوز برقرار ہے، اس موقعہ پر مولاناعبدالاحد قاسمی اور مولانافتح محمد ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، خانقاہ کے ناظم ومتولی شاہ عتیق رائے پوری کی دعاپر تقریب کا اختتام ہوا۔ اس موقعہ پر قاری زبیر احمد قاری مصروف رحیمی اور راؤ فضل الرحمن بھی موجود تھے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here