دربھنگہ۔4مارچ بروز اتوار دن کے دو بجے المنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ دربھنگہ کے دفتر واقع آفتاب حسن کمپلکس سبھاش چوک دربھنگہ میں شہرت یافتہ شاعر وادیب جناب ڈاکٹر پروفیسر افسر کاظمی کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت اردو کے مشہور ادیب جناب اظہر نیّر نے کی اور مہمانِ خصوصی کے طورپر اردو کے مشہور شاعر سلطان شمسی نے شرکت کی ۔ نظامت کے فرائض اردو کے مشہور افسانہ نگار جناب مجیر احمد آزاد نے انجام دئے ۔ٹرسٹ کے سکریٹری ڈاکٹر منصور خوشتر نے جناب افسر کاظمی کا تعارف کرایا ۔اس تقریب میں مقامی ادیبوں میں اظہر نیّر، جنید عالم آروی، انور آفاقی نے اپنا افسانہ پیش کیا جس کو تمام سامعین نے پسند کیا ۔ شامِ افسانہ میں پڑھے گئے افسانے ’’بھوک‘‘ (اظہر نیّر)، ’’وہ پانچواں شخص‘‘ (جنید عالم آروی)، اور ’’خالی برتھ‘‘ (انور آفاقی ) بے حد پسند کئے گئے ۔ان افسانوں میں موضوعاتی اعتبار سے روح عصر شامل تھا ۔ڈاکٹر افسر کاظمی نے اپنا انشائیہ ’’بس میں برسات‘‘سنا کر دادوتحسین حاصل کی ۔ڈاکٹر احسان عالم نے پڑھے گئے افسانوں پر اپنی رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں افسانے اپنی اپنی جگہ بڑی اہمیت کے حامل تھے۔ ناظم نشست ڈاکٹر مجیر احمد آزاد نے کہا کہ اس طرح کی نشستوں کا اہتمام نثری ادب کے فروغ میں معاون ہے۔اس موقع پر میتھلی ساہتیہ اکادمی کے سابق ممبر ڈاکٹر منظر سلیمان، افلاک منظر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔آخر میں صدر کی اجازت سے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا ۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں