مسلم پرسنل لا بورڈ نے شریعہ اویر نیس ویب سیریزشروع کرنے اور قانونی دستاویزی مجلہ نکالنے کا فیصلہ کیا

0
798
مسلم پرسنل لاء بورڈ
مسلم پرسنل لاء بورڈ
All kind of website designing

نئی دہلی، پریس ریلیز: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلا س 21؍ فروری 2021کو صبح دس بجے سے منعقد ہوا ،اجلاس کی صدار ت مولانا سید محمد رابع حسنی نے فرمائی۔اجلاس کا آغاز مولانا فضل الرحیم مجدد ی سکریٹری بورڈ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اجلاس میں ملک بھر کے پینتالیس ارکان و مدعووین نے شرکت کی، بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا سیدمحمد ولی رحمانی نے اجلاس کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور زیر بحث ایجنڈوں کے مطابق ارکان سے رائے اور مشورے دینے کی گذارش کی۔مولانا رحمانی نے اس موقع پر ممتاز ملی شخصیات کی رحلت پر تجویز تعزیت پیش کی اور صدر محترم نے سبھوں کے لیے دعاء مغفرت فرمائی ، بعد ازاں سپریم کورٹ اور ملک کی مختلف عدالتوں میں میں دائر زیر سماعت مقدمات کی پیش رفت کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لیگل کمیٹی کے کنوینر سینئر ایڈووکیٹ یوسف حاتم مچھالا نے پیش کیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس وقت بمبئی ہائی کورٹ میں دو مقدمات اور کلکتہ میں ایک مقدمہ زیر کارروائی ہے، سپریم کورٹ میں جو مقدمہ چل رہاہے ، اس میں بھی بورڈ کی طرف سے پوری قوت کے ساتھ پیروی کی جا رہی ہے۔ عاملہ کی اس میٹنگ میں دار القضاء کے رول اینڈ ریگولیشن کو آخری شکل دینے کے لیے علماء ، قضاۃ اور وکلاء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ جنرل سکریٹری بورڈ کی خدمت میں پیش کرے گی ۔ یہ بات بھی آئی کہ وقف ایکٹ کو بورڈ نے بڑی محنت سے بنوا کر منظور کرایا، اس میں وقف کی جائداد کو فروخت کرنے سے باز رہنے کے دفعات شامل کیے گئے ہیں ، لیکن ان دفعات میں تبدیلی کی کوششیں کئی جہتوں سے ہو رہی ہیں، جو اوقاف کے تحفظ کے سلسلہ میں خطرناک ہو سکتی ہیں، اس لیے طے کیا گیا کہ اوقاف کی اراضی کے تحفظ کے لیے ملک کی مختلف ریاستوں میں تحریک چلائی جائے ۔اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ بورڈ کی جانب سے سینئر وکلاء اور جونیئر وکلا ء کی ایک ٹیم کے ذریعہ شریعہ اویرنیس ویب سیریز شرو ع کی جائے ، ڈاکٹر اسماء زہرا ء کو اس کا خاکہ بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے ، اجلاس میں سینئر ایڈووکیٹ یوسف حاتم مچھالا ، ظفر یاب جیلانی اور ایم آر شمشاد نے بھی اس تجویز کی تائیدکی اوراس سلسلہ میں وقت دینے کا بھی وعدہ کیا۔
عاملہ کے اس اجلاس میں ارکان نے بورڈ کی جانب سے ایک قانونی دستاویزی مجلہ اردو اور انگریزی دو زبانوں میں شائع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ اس سلسلہ میں جناب ایم آر شمشاد صاحب ایڈووکیٹ کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اس مجلہ کے تعلق سے نقشہ کار تیار کر کے جنرل سکریٹری بورڈ کی خدمت میں پیش کریں ۔ اجلاس میں بورڈ کے ویب سائٹ کو اپ ٹو ڈیٹ کرنے اور اس کو زیادہ سے زیادہ قابل استفادہ اور مواد سے پُربنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کی افادیت کو بڑھانے اور اس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جوڑنے کے لیے مختلف سماجی پہلوؤں پر اعداد شمار جمع کرنے کی تجویز بھی منظور ہوئی ، اس سلسلہ میں یک سالہ پروجیکٹ تیار کرنے کی سفارش کو بھی قبول کیا گیا ہے ۔ اور ملک کی مختلف یونیورسٹیوں اور غیر سرکاری ایجنسیوں کے ذریعہ بھی ڈاٹا حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ بھی کئی اہم ملی مسائل ، اورمسلم پرسنل لا سے متعلق ضروی ایجنڈوں پر گفتگو ہوئی اور قابل عمل تجاویز اور سفارشات منظور ہوئیں۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here