آسان نکاح مہم کے تحت مشاورتی اجلاس کامیاب

0
684

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام دس روزہ مہم برائے آسان اور مسنون نکاح کے لیے چلائی گئی بیداری مہم

ان دنوں آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی نے آسان اور مسنون نکاح کے سلسلے میں مہم شروع کررکھی ہے اورﷲکے فضل وکرم سے اس مہم کو مؤثر اور ملک گیر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں ،پچھلے بیس دنوں میں مہاراشٹر، کرناٹک،مدھیہ پردیش ،تلنگانہ اورگجرات کے مشاورتی اجلاس منعقد ہوئے جن میں کئی ہزارعلماء ،سماجی کارکنان اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ،اسی سلسلہ کو دراز رکھتے ہوئے ملک کے مختلف حصوں میں اصلاحی کام کرنے والی خواتین کا مشاورتی اجلاس مورخہ 23؍مارچ2021ءصبح دس بجے مولانا محمدعمرین محفوظ رحمانی(سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کی نگرانی میں منعقدہوا،اس اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر اسماء زہرہ صاحبہ (کنوینر ویمنس ونگ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ)نے کی اور اجلاس کے اختتام پر مختصر مگر جامع خطاب سے نوازا ،ملک کی مختلف ریاستوں مہاراشٹر ،تلنگانہ ،آندھرا پردیش،تامل ناڈ،دہلی، یوپی،ایم پی اورکرناٹک وغیرہ سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اس مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ،اجلاس کی ابتدا میں محترمہ ڈاکٹر فوزیہ خان (پربھنی)نے اصلاح معاشرہ کمیٹی کے اس اقدام کو مثبت اور بہترین پہل قرار دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایااوریہ کہاکہ جن بیٹیوں پر ظلم ہورہاہے ،ہمیں ان کی آواز بن کرآگے آناہوگا،نکاح کو آسان بنانے کے سلسلے میں بھرپور محنت کرنی ہوگی، محترمہ ممدوحہ ماجد صاحبہ (دہلی)محترمہ بازغہ دھوروصاحبہ (علی گڑھ)محترمہ فاطمہ مظفر صاحبہ(چنئی)محترمہ ڈاکٹر عرشین صاحبہ(دھولیہ)محترمہ صالحہ رضوان صاحبہ (بھوپال)ڈاکٹرنگہت پروین صاحبہ (یوپی) محترمہ زینت مہتاب صاحبہ(یوپی)محترمہ زارا خان صاحبہ (حیدرآباد) محترمہ فاخرہ عتیق صاحبہ (چنئی)محترمہ یاسمین عنبر صاحبہ (جالنہ،مہاراشٹر) محترمہ منیرہ گیگانی صاحبہ (ممبئی)محترمہ ڈاکٹر خضرہ صاحبہ(دہلی) محترمہ شمیم فاطمہ صاحبہ(حیدرآباد)سمیت مختلف علاقوں کی خواتین نے بڑی اہم تجاویز پیش کیں،اور اپنے اپنے علاقوں میں اس مہم کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں اپنا گراں قدر تعاؤن پیش کیا۔
خواتین کے کامیاب مشاورتی اجلاس کے بعد یوپی ،دہلی اوراتراکھنڈ کے علماء،عمائدین اورسرکردہ افراد کی میٹنگ ایڈوکیٹ ظفریاب جیلانی صاحب (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ) کی نگرانی اور مولاناخالد رشید فرنگی محلی صاحب ( رکن مجلس عاملہ بورڈ)کی صدارت میں منعقد کی گئی، جس میں محترم ارکان بورڈ سمیت نامی گرامی شخصیات نے شرکت فرمائی۔ مشہورداعی مولانا کلیم صدیقی صاحب نے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی بھرپورتائید کرتے ہوئے یہ کہا کہ اس طرح کی تحریکات کو سب سے زیادہ نقصان علماءاورقائدین کی بے عملی سے ہوتاہے۔ اس لیے کوشش کی جائے کہ دینی و ملی زعماء اور نامور علماءنکاح کی سادگی کے سلسلے میں عملی نمونہ پیش کریں۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ ظفریاب جیلانی صاحب نے بھی اظہار خیال فرمایا۔تینوں ریاستوں سے شرکت کرنے والے اہم علمائے کرام اور سماجی کارکنان نے اپنی رائے پیش کیں، جن میں مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی(کل ہند امیرجمعیت اہلحدیث)جناب مولانا انعام الحسن صاحب (خلیفہ مولانا شاہ ابرارالحق صاحبؒ )مولانا قاری رحیم الدین قاسمی صاحب (مہتمم جامعہ حکیم الاسلام ، دیوبند) مولاناڈاکٹر رضی الاسلام صاحب ندوی( سکریٹری شعبہ ٔاصلاح معاشرہ جماعت اسلامی)مولانا حافظ اکرم قاسمی( سیتاپور)مولانا عالم مصطفی صاحب ( جنرل سکریٹری اسلامک سینٹر فیروز آباد)،مولانا عبداللہ آزاد مظاہری( نائب قاضی شہرکانپور) مولانا ابوالحسن ارشد کاندھلوی (کاندھلہ) مولانا جناب قاری نسیم احمد منگلوری( اتراکھنڈ)مولانارضوان غازی(ہری دوار)مولانا عبدالمالک مغیثی (صدر ملی کونسل سہارنپور)مفتی عاشق صدیقی ندوی( پھلت)اورمفتی نجیب قاسمی بارہ بنکی بطور خاص قابل ذکر ہیں۔
یہ مشاورتی اجلاس مورخہ 24؍مارچ2021ءصبح دس بجے حافظ حمیدالرحمان رحمانی کی تلاوت سے شروع ہوا۔ابتداء میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے غرض وغایت بیان کی، اس کے بعد تجاویز کا سلسلہ شروع ہوا جو دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔مفتی نسیم رحمانی صاحب (کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی)نے دہلی میں اصلاح معاشرہ کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پرروشنی ڈالی اور اس مہم کو دہلی میں مؤثر طریقے سے جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یوپی،دہلی اور اتراکھنڈ کے مختلف علماء،احباب اورعمائدین کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کی روشنی میں چند اہم قراردادیں منظور کی گئیں، اسی طرح اس بات کافیصلہ بھی کیا گیا کہ یوپی ،دہلی اوراتراکھنڈ میں ضلعی اور شہری سطح کی اصلاح معاشرہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ان شاءﷲالرحمن!یوپی میں مختلف اضلاع کے اہم لوگوں سے رابطہ کرنے اور اصلاحی کمیٹیوں کا خاکہ بنانے کی ذمہ داری ایک مرکزی کمیٹی کے سپرد کی گئی ہے جو ان شاءﷲچند دنوں میں اپنی رپور ٹ اور خاکہ پیش کرے گی۔
یہ مشاورتی اجلاس دوپہرمیں سوا بجے مولانا خالد رشید فرنگی محلی کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔مولانا مہدی حسن عینی (دیوبند)نے تمام علمائے کرام اورشرکاء کاشکریہ ادا کیا۔مجلس کے اخیر میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی نے یہ اعلان بھی کیا کہ ۱۳؍شعبان بروز سنیچر سے ۲۳؍شعبان بروز منگل تک پورے ملک میں دس روزہ آسان اور مسنون نکاح مہم چلائی جائے گی اور اس دوران اس سلسلے کی مختلف سرگرمیاں انجام پائیں گی۔ ان شاءﷲ!

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here