رسم ورواج کو مٹاناسماج کی بنیادی ذمے داری!

0
584
All kind of website designing

سہ روزہ آن لائن کانفرنس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

مسلمانوں کو اس دنیامیں راہی نہیں رہبربناکربھیجا گیا تھا،اور ان کی ذمہ داری یہ بتائی گئی تھی کہ وہ خود بھی بھلائی کے راستے پر چلیں اوردوسروں کو بھی بھلائی کے راستے پر چلانے کی محنت کریں،مگر افسوس کہ مسلمان خود راستے سے بھٹک رہے ہیں اور اسراف ،فضول خرچی اور رسم ورواج کی راہ پر جارہے ہیں،ہمیں اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ ہم ایک صاف شفاف معاشرہ کی تشکیل کریںاور نکاح میں پائی جانے والی رسموں کو جلد ازجلد دور کریں،ان ہی احساسات اورگرانقدرتأثرات کے ساتھ اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکی سہ روزہ آن لائن کانفرنس بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوئی۔
اختتامی نشست کی صدارت فرماتے ہوئے ممتا زعالم دین اور شیخ طریقت حضرت مولانا فخرالدین اشرف جیلانی صاحب (سجادہ نشیں کچھوچھہ شریف)نے اس بات کی طرف خصوصیت سے توجہ دلائی کہ رسم ورواج کو مٹانے کے لئے تقریروں سے زیادہ عملی نمونہ کی ضرورت ہے ،انھوں نے اپنادرد دل پیش کرتے ہوئے یہ بتایاکہ جتنا مال مسلمانوں کی یہاں شادی بیاہ کی تقریبات میں خرچ کیا جارہاہے اگراس کا صحیح استعمال کیا جاتاتوبہت سے خیر کے کام وجود میں آتے ،قبل ازیں مشہور خطیب حضرت مولانا عبیدﷲ خاں اعظمی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے یہ بات ارشاد فرمائی کہ مروّجہ جہیز ،بارات اور باجے گاجے کو ختم کرنے کے لئے ہمیں مسلسل اقدام کرنے کی ضرورت ہے ،امیر جماعت اسلامی ہند جناب سعادتﷲ حسینی صاحب نے اسلامی نظام نکاح کے خوبصورت پہلوئوں کو دلنشیں انداز میں سننے والوں کے سامنے پیش کیا،جمعیت اہل حدیث کے کل ہند امیر اور ممتاز عالم دین حضرت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی صاحب نے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی خدمات کی تحسین کرتے ہوئے اس بات پر توجہ دلائی کہ ان کوششوں کو ایک تحریک کی شکل دینا ضروری ہے اوروسائل کااستعمال کرتے ہوئے اسے پورے ملک میں پھیلانا چاہئے ، اختتامی نشست سے مشہور داعی مولانا کلیم صدیقی صاحب (رکن آل انڈیا مسلم رسنل لابورڈ)اور مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ ) نے بھی خطاب کیا اور برادران اسلام سے اس بات کی گزارش کی کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں،اس موقع پر اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کنوینر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے اپنی ابتدائی گفتگو میں یہ بات بھی کہی کہ سہ روزہ آن لائن کانفرنس سے صرف اصلاح کا ہی نہیں بلکہ اتفاق واتحاد کابھی پیغام ملت کو ملاہے اس لئے کہ ہر مسلک اورمکتب فکر کی بنیادی شخصیت نے اس میں شرکت کی اور اس مشن کو اپنانے اور اس میںاپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
قبل ازیںسہ روزہ کانفرنس کی پانچویں نشست دن میں دس بجے سے سہ پہرچار بجے تک مسلسل چھ گھنٹے جاری رہی، یہ نشست خواتین کے لئے خاص کی گئی تھی اور اس میں محترمہ افروز فاطمہ جعفری صاحبہ(پٹنہ)محترمہ ڈاکٹر عرشین صاحبہ(دھولیہ)محترمہ منیرہ گیگانی صاحبہ(ممبئی)محترمہ فاطمہ مظفر صاحبہ (چنئی)محترمہ نگہت خان صاحبہ (لکھنؤ) محترمہ یاسمین عنبر صاحبہ(مہاراشٹر)ڈاکٹر ثمرہ سلطانہ صاحبہ( راجستھان)محترمہ صالحہ رضوان صاحبہ(بھوپال) محترمہ سمیہ نعمانی صاحبہ (مہاراشٹر)نے خطاب کیااور قرآن وحدیث کی روشنی میں نکاح اور شادی بیاہ کے سلسلے میں ملت کو راہ عمل دکھائی ،اس نشست میں صدارتی خطاب پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر اسمازہرا ء صاحبہ (کنوینر ویمنس ونگ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ )نے یہ کہا کہ شریعت اسلامی نے نکاح کا جو نظام دیا ہے وہ، اکمل افضل اور اجمل ہے اس میں کسی کمی بیشی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، نکاح کے سلسلے میں یہ بنیادی ہدایت دی گئی ہے کہ نکاح سے جڑے ہوئے تمام اخراجات مرد اٹھائے مرد کو قوام کا درجہ اسی لئے دیا گیا ہے کہ اس کی صلاحیت بھی بڑھی ہوئی ہے اور مالی اخراجا ت کا بوجھ بھی اسی پر ہے، اس نظام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مرد کا جہیز کا مطالبہ کرنا یا اپنی سسرال والوں سے مال کی امید رکھناشریعت کے بھی خلاف ہے اور غیرت وحمیت کے بھی خلاف ہے، انھوں نے اپنے خطاب میں یہ بات بھی کہی کہ اس مہم کو ہر گھر اور ہر فرد تک پہنچانے کے لئے تما م خواتین مل جل کر کوشش کریں گی ان شاء اللہ الرحمن ۔
پانچویں نشست کی ابتداء تلاوت قرآن پاک سے ہوئی بعد ازاں ڈاکٹر صالحہ رضوان صا حبہ نے سورہ نساء کی چند آیتوں کا درس دیا اس کے بعد تقریروں کا سلسلہ شروع ہواجوسہ پہر چار بجے تک جاری رہا،بعد ازیں رات ساڑھے آٹھ بجے سے سہ روزہ کانفرنس کی آخری نشست شروع ہوئی جو رات گیارہ بجے مولانا فخرالدین اشرف جیلانی صاحب کی دعاپر بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوئی،اختتامی نشست کے آخرمیں اصلاح معاشرہ کمیٹی کے کنوینر حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے سہ روزہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام علماء ،عمائدین اور قائدین کا شکریہ اداکیا، انھوں نے بطور خاص مولانا مہدی حسن عینی(دیوبند) اورسوشل میڈیا ڈیسک کے احباب کیلئے بھی سپاس گزاری کے کلمات کہے اور امید ظاہر کی کہ اس سہ روزہ کانفرنس کا فائدہ آنے والے دنوں میں ظاہر ہوگا ان شاءﷲ الرحمٰن۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here