اے ایم یو کے اسٹوڈینٹس سیکشن میں سیکشن آفیسر اور ممتاز سماجی کارکن مسٹر خالد پرویز’’ سماج رتن سمّان۔2018سے سرفراز

0
1220

علی گڑھ، 18؍فروری: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اسٹوڈینٹس سیکشن میں سیکشن آفیسر اور ممتاز سماجی کارکن مسٹر خالد پرویز کو سماجی خدمات کے میدان میں ان کی قابلِ ذکر خدمات کے اعتراف میں نئی دہلی کے اکھل بھارتیہ سوتنتر منچ نے اپنے گراں قدر اعزاز’’ سماج رتن سمّان۔2018سے سرفراز کیا ہے۔مسٹر خالد پرویز کو یہ اعزاز منچ کے زیرِ اہتمام مہا کوی سوریہ کانت ترپاٹھی نرالا کی جینتی پر نئی دہلی کے گاندھی پیس فاؤنڈیشن میں منعقدہ 28ویں سالانہ ادبی فیسٹیول۔2018 میں پروگرام کے مہمانِ خصوصی سابق گورنر اور مرکزی وزیر ڈاکٹر بھیشم نرائن سنگھ اوراعزازی مہمان آزاد ہند فوج کے ڈاکٹر بی این پانڈے کے بدست پیش کیا گیا۔ اعزاز کے طور پر مسٹر خالد پرویز کو توصیفی سند، شال اور یادگاری نشان سے سرفراز کیا گیا۔
واضح ہو کہ نئی دہلی کا اکھل بھارتیہ سوتنتر منچ ہر سال معاشرہ میں مختلف میدانوں میں قابلِ ذکر خدمات انجام دینے والی ہستیوں کو ’’ سماج رتن سمّان‘‘ سے سرفراز کرتا ہے۔ مسٹر خالد پرویز گزشتہ دو دہائیوں سے سماج کے پسماندہ طبقات میں تعلیم اور صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور سماج کے کمزور طبقات کے بچوں کو تعلیمی سہولیات مہیا کرانے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعدد پسماندہ بستیوں میں نہ صرف اسکول قائم کرائے ہیں بلکہ وقت وقت پر صحت کیمپ منعقد کراکر لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرتے رہے ہیں۔ وہ حکومتِ ہند کے سوچھ بھارت ابھیان( شفاف ہندوستان مہم ) کے تحت مختلف بستیوں میں صفائی مہم بھی چلا رہے ہیں۔اس سے قبل بھی مسٹر خالد پرویز کو متعدد علمی، سماجی اور صحت تنظیمیں ان کی خدمات کے اعتراف میں اپنے گراں قدر اعزازت سے سرفراز کرچکی ہیں۔ مسٹر خالد پرویز کو ملنے والے مذکورہ اعزاز پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور علی گڑھ کی مختلف سماجی تنظیموں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مسٹر خالد پرویز نے اس اعزاز کو تمام علی گڑھ برادری کو معنون کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرسید احمد خاں کی تعلیمات سے درس حاصل کرکے انہوں نے سماجی خدمات کا سلسلہ شروع کیا ہے اور ان کو ملنے والا اعزاز تمام علی گڑھ برادری کا اعزاز ہے جبکہ وہ اس اعزاز کو اپنی حوصلہ افزائی تصور کرتے ہیں۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here