افرادِ خاندان کی اصلاح سے آئیڈیل سماج کی تعمیر ممکن:مولانا رضوان اصلاحی

0
421
All kind of website designing

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام 19 تا 28 فروری چلائی جائے گی ’مضبوط خاندان مضبوط سماج‘مہم

محمد نعمت اللہ 

پٹنہ: جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کے زیر اہتمام 19 تا 28 فروری، 2021 کے دوران ملک گیر مہم ’مضبوط خاندان مضبوط سماج‘چلائی جائے گی ۔اس سلسلے میں جمعرات کو جماعت اسلامی ہند پٹنہ کے دفتر میں ایک مشاورتی نشست رکھی گئی جس میں ادارہ کے ذمہ داران کے علاوہ مختلف اردو اخبارات کے سینئر صحافی و نامہ نگاروں نےشرکت کی ۔ میٹنگ کی صدارت جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کی۔انہوں نے کہا کہ خاندان کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ افراد خانہ کی اصلاح سے آئیڈیل سماج کی تعمیر ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوہر اور بیوی کے تعلقات سے خاندان وجود میں آتا ہے۔ افراد خانہ بہتر ہوں گے تو سماج، معاشرہ، عدلیہ، حکومت، بہتر ہوں گے۔ امیر حلقہ نے بتایا کہ ’مضبوط خاندان مضبوط سماج‘مہم کے دوران تین سطحوں پر کام کیا جائے گا جن میں جماعت اسلامی کے کیڈرکے خاندان، مسلم معاشرہ اور ہندوستانی سماج شامل ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خاندان کی جن کمزوریوں کی طرف توجہ دلائی ہے اور مہم کو کامیاب بنانے کے لئے جو مشورے دئے ہیں، اگر ان پر لگاتار کام کیا جائے اور سماج کی ہر اکائی توجہ دے تو تین چار سال میں بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ مولانا رضوان احمد نے بتایا کہ مہم کے بعد فالو اپ پروگرام چلایا جائے گا۔ ساتھ ہی مہم کے نتائج سے مختلف مذہبی اداروں، ملی تنظیموں، دانشور طبقوں اور خواتین کے گروپس کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے مستقبل کے لئے ایک ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ انشاء اللہ خاندان کے درمیان رونما ہونے والے مسائل، تنازعات کو حل کرنے کے لئے فیملی کونسلنگ سنٹر قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس سے قبل مہم کی بہار کنوینر ڈاکٹر زیبائش فردوس نے مہم کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وابستگان جماعت اور مسلم معاشرے کے خاندانوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سیمپل سروے کرائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی و علاقائی زبان کے اخباروں میں ’مضبوط خاندان مضبوط سماج‘ کے تحت مضامین شائع کرائے جائیں گے جن کے موضوعات اسلام کا پسندیدہ خاندانی نظام، رحم مادر میں بچیوں کا قتل،جہیز اور وراثت کا اسلامی نقطہ نظر،صنفی تفریق، اسلام میں بیٹی بچاو، بیٹی پڑھاوکا تصوروغیرہ ہوں گے۔ساتھ ہی سوشل میڈیا پر مہم سے متعلق معروف شخصیات کے انٹرویو نشر کئے جائیں گے، بین المذاہب سمینار کا انعقاد کیا جائے گا، مہم کے عنوان پر جمعہ کے خطبات ہوں گے اور نوجوانوں کے لئے خوشگوار ازدواجی زندگی کے عنوان پرTea Party اور Get Together جیسے پروگرام کئے جائیں گے۔محترمہ فردوس نے توقع ظاہر کی کہ اس مہم سے ملک میں موجودہ سماجی برائیوں کو مل جل کر دور کرنے کا موقع ملے گا،مسلم معاشرے اور ہندوستانی سماج کے درمیان کی دوریاں اور غلط فہمیاں رفع ہوں گی،ایک دوسرے پر اعتماد بحال ہوگا، ہم آہنگی اور بھائی چارہ کا ماحول قائم ہوگا،خاندان اور سماج میں امن و سکون اور خوشحالی لانے کا ہدف پورا ہوگانیز موجودہ سماجی مسائل کو دور کرنے کے لئے اسلامی تعلیمات کوبطور حل پیش کیا جائے گا۔مشاورتی میٹنگ میں شریک صحافیوں نے مہم کو کامیابی سے ہمکنا ر کرنے کے لئے جو مشورے دئے، وہ اس طرح ہیں — سروے کے دائرے میں جھگی جھونپڑی میں رہنے والوں کو بھی شامل کیا جائے، گھرکے ملازم و ملازمہ سے بھی سوالات پوچھے جائیں، کیڈر کو ہدایت دی جائے کہ وہ سلم ایریا میں بھی جائیں، ضعیف والدین جو ملازم و ملازمہ پر منحصر ہیں، ان کا بھی سروے کرایا جائے، سروے میں پوچھے جا رہے سوالات کی تعداد کو کم کیا جائے اور اسے جامع بنایا جائے، سوال پوچھنے کا زاویہ بدلا جائے، سروے میں نوٹ بھی لکھا جائے، سروے کو سائنٹفک بنایا جائے، الگ الگ شعبہ کے لوگوں کو اس میں شامل کیا جائے، سوال پوچھنے کی تکنیک کو بہتر بنایا جائے، خواتین کی تعمیری اور تربیتی جماعت بنائی جائے، خواتین کے مقام و مرتبہ کو واضح کیا جائے،وغیرہ۔
میٹنگ میں سینئر صحافی ریاض عظیم آبادی، روزنامہ پندار سے ڈاکٹر ریحان غنی، محمد عتیق الرحمان شعبان،فوٹوگرافر شیث احمد، انقلاب سے جاوید اختر، زریں فاطمہ، قومی تنظیم سے راشد احمد، عمران صغیر، فوٹوگرافر مشتاق احمد آزاد،ہمارا سماج سے نعمت اللہ، سیماب اختر، ہمارا نعرہ سے انوارالہدیٰ،نوکر شاہی ڈاٹ کام سے ارشادالحق،بہار لوک سنواد ڈاٹ نیٹ سے شیث احمد، تاثیر سے امتیاز کریم، تصدیق سے ساجدپرویز، آوازبہارسےضیاءالحسن، جسارت بہار سے انواراللہ، ہندوستان سماچار سے محمد افضل حسن، عوامی نیوز سے عبدالواحد رحمانی، روشنی زندگی سے نواب عتیق الزماں اور دور جدید سے شہروز طارق رضا موجود تھے۔تمام صحافیوں نے ’مضبوط خاندان مضبوط سماج‘مہم کو اہم قدم بتاتے ہوئے کہا کہ بہتر نتائج کے لئے اس مہم کو سماج کی نچلی سطح اور شہری و دیہی علاقوں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ پرو گرام کا آغاز قاری لطف اللہ کے تلاوت قرآن پاک سے ہوا ،موقع پر جماعت اسلامی کے معاون سکریٹری شوکت علی نے بھی اپنی باتیں رکھی۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here