جامعہ ملیہ میں ڈپلوماان فارمیسی(یونانی) کورس کا آغازقابل ستائش

0
1297

طب یونا نی کیلئے عرصہ درازسے محسوس کی جارہی اس ضرورت کو جامعہ اور ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ نے کیا مکمل:ڈاکٹراسلم جاوید 

نئی دہلی ،03اکتوبر(پریس ریلیز) عرصہ دراز سے یہ ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ کسی مستند اور معیاری دانش گاہ میں طب یونانی کیلئے فارمیسی کورس کا انتظام کیا جائے۔ماضی میں بھی طب یو نانی کے فروغ اور ترویج کیلئے مخصوص سرکاری ادارہ سی سی آریو ایم کی جانب سے اس موضوع پر غوروخوض ہوتا رہا ہے،طب یونانی کے فروغ کیلئے عالمی پیمانے پر کام کرنے والی رفاہی تنظیم ’’مسیح الملک حکیم اجمل خان میموریل سوسائٹی ‘‘ بھی اس اہم ضرورت کی تکمیل کیلئے متعلقہ اداروں اور سرکاری افسران سمیت مرکزی و ریاستی وزرا ء سے ملاقات کرکے اپنا مطالبہ رکھتی رہی ہے۔مگر مسرت کامقام ہے کہ اس اہم کام کی توفیق سینٹرل یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے حصے میں آئی ہے،قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتہ یونانی طلباء کو تعلیم اور کیرئر کے بہترین مواقع فراہم کرنے کی غرض سے جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی نے نہایت ہی مفید دو سالہ کورسDiploma in Pharmacy (Unani) کا آغاز موجودہ سیشن سے کیا گیاہے۔ اس نئے کورس کے پہلے بیچ میں 40 طلباء کا داخلہ عمل میں آیا ہے۔پروفیسر طلعت احمد وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ، ڈاکٹر صغیر احمد صدیقی اور ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ کی پہل اور کاوشوں سے ہی اس کورس کا آغاز ممکن ہوسکا ہے۔طب یونانی کے بہی خواہان کیلئے یہ خوشی کا موقع ہے کہ ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اس قدم کوتقویت پہنچانے کیلئے طلباء میں طب یونانی کے تئیں مزید دل چسپی پیدا کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے تعاون پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس مقصد کے تحت ریکس ریمیڈیز چیری ٹیبل ٹرسٹ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مابین معاہدہ کے بعد ایک ماڈرن لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جس میں تمام مطلوبہ Equipments اور Infrastructure ریکس ریمیڈیز چیری ٹیبل کی جانبسے فراہم کئے گئے ہیں اور آئندہ بھی لیبارٹری کی Maintenance کی تمام تر ذمہ داری ریکس ریمیڈیز چیری ٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ ہوگی۔علاوہ ازیں ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ کے چیئر مین جناب شعیب اکرم صاحب نے فارمیسی کورس میں شامل طلباء کے مالی تعاون کا بھی اعلان کیاہے۔ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے سالانہ10000روپے وظیفے کی شکل میں دیے جائیں گے،یقیناریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ کا یہ ایک مستحسن قدم ہے اوراس سے ریکس کے طب یونانی کے فروغ وترقی کے نیک جذبہ کابھی علم ہوتا ہے۔طب یونانی کی اس اہم ضرورت کی تکمیل پر مسیح الملک حکیم اجمل خان میموریل سوسائٹی کے بانی وجنرل سکریٹری (حکیم) ڈاکٹراسلم جاوید نے جامعہ کے وی سی پروفیسر طلعت احمد ،سی سی آر یو ایم اور ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ کے سربراہ شعیب اکرم صاحب اور ٹرسٹ کے تمام ذمہ داران کو مبارک باد دیتے ہوئے امید کی ہے کہ ریکس چیری ٹیبل ٹرسٹ طب یونانی کیلئے اس سے بھی بڑے اور تاریخی اقدامات کرے گا اور مستقبل میں جب کبھی ہندوستان میں طب یونانی کی ترقی کی کوئی تاریخ لکھی جائے گی تووہ تاریخ ریکس اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کار ناموں کااعتراف کئے بغیرمکمل نہیں کہلائے گی۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here