مولانا احمد ولی فیصل رحمانی ازہری خانقاہ رحمانی کے پانچویں سجادہ نشیں مقرر

0
1572
مولانا احمد ولی رحمانی سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر
مولانا احمد ولی رحمانی سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر
All kind of website designing

خانقاہ رحمانی سے دین وشریعت کی حفاظت کی خدمت ہوتی رہے گی :احمد ولی فیصل رحمانی

مونگیر : حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی ازہری خانقاہ رحمانی مونگیر کے باضابطہ پانچویں سجادہ نشین ہوگئے، چوتھے سجادہ نشیں امیر شریعت مفکراسلام حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ کے خلفا مولانا محمدعمرین محفوظ رحمانی، مولانا ہارون الرشید رحمانی اور مولانا حسیب الرحمان رحمانی وغیرہم نے ان کے سرپرحضرت شاہ فضل رحماں گنج مرادآبادیؒ کی ٹوپی پہنا کر مولانا محمد علی مونگیریؒ کا عمامہ باندھ کراورمولانا منت اللہ رحمانی رحمہ اللہ کی عبا پہنا کر انہیں خانقاہ مونگیری کے مسند پر بٹھایااورمصافحہ اور بیعت کے ذریعہ حضرت رحمہ اللہ علیہ کی جگہ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی ازہری کو اپنا پیر ومرشد تسلیم کرنے کا عملی نمونہ پیش کیا۔خانقاہ مجیبیہ کے سجادہ نشیں نے مولاناشاہ مشہود احمد قادری کے ذریعہ اپنا پیغام بھیجا۔ یاد رہے کہ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کو امیر شریعت حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمہ اللہ نے ۲۰۱۵ء میں ہی سالانہ فاتحہ کے موقع پر خانقاہ رحمانی کے مریدین ومخلصین کی موجود گی میں اپنا جانشیں ہونے کا اعلان کردیا تھا،اور ان کے چھوٹے بھائی حامدولی فہد رحمانی کو خانقاہ رحمانی سمیت مولانا ولی رحمانی رحمہ اللہ کے تمام کاموں میں بڑے بھائی کی معاونت کے لیے نامزدکیا تھا،اس اعلان کا خانقاہ رحمانی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے خیر مقدم کیا تھا، اس وقت لوگوں کا ہجوم ان سے مصافحہ کے لیے امڈ گیا تھا، اور لوگوںنے ان میں حضرت مونگیری کی جھلک محسوس کی تھی۔
سجادگی کی یہ تقریب کرونا کی وجہ سے حکومت کی گائڈ لائن کا خیال رکھتے ہوئے بہت مختصر اور سادگی کے ساتھ بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوئی، جس میں حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء ، چند نامور علماء اور خانقاہوںکے سجادہ نشیں اور جامعہ وخانقاہ کے چند اساتذہ ومعتقدین شریک ہوئے، شرکاء کی تعداد پچاس کے اندر تھی، جس میں جسمانی دوری اور کورونا پروٹو کول کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر پانچویں سجادہ نشیں مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے کہا کہ آپ نے لوگوںنے میرے کاندھے پر آج ایک بڑی ذمے داری رکھ دی ہے، خانقاہ رحمانی، جامعہ رحمانی، رحمانی فائونڈیشن اور رحمانی تھرٹی کے علاہ اور بھی دیگر اداروں کو سنوارنے اور ترقی دلانے میں حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے خانقاہ رحمانی کے معتقدین ومخلصین کے تعاون سے بڑا اہم کردار ادا کیاہے۔ ہم سبھوں کی ذمہ داری ہے کہ اسی عزم اور ارادے کے ساتھ حضرت کے چھوڑے ہوئے کاموں کو کاندھے سے کاندھا ملا کر پورا کرنے کی کوشش کریں، اور حضرت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں، انہوں نے کہا کہ جس طرح ماضی میں خانقاہ رحمانی کے بزرگوں اور خدام نے دین کی حفاظت اور سربلندی کے لیے بڑا کام کیاہے، مستقبل میں بھی یہ خانقاہ اور یہاں کے خدام دین وشریعت کی حفاظت کے لیے اپنا فرض نبھاتے رہیں گے، اور دین پر آنے والے کسی بھی حملہ کو روکنے کے لیے مستعد اور کمر بستہ ملیں گے، خانقاہ رحمانی کے مخلصین کی ذمہ داری ہے کہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں، حضرت کے مشن کو پورا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں اور ملک وملت کی حفاظت کے لیے اور دین کی سربلندی کے لیے جب کبھی آواز دی جائے توخانقاہ رحمانی کی آواز پر لبیک کہیں۔حضرت احمد ولی فیصل رحمانی نے کہا کہ یہ کامیابیاں اخلاص نیت کے ساتھ اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے پر چل کر ہی حاصل ہوسکتی ہیں اور اس کے لیے ہمیں رسول اللہ کی تعلیمات اور قرآنی احکامات کو حاصل کرنے اور اس پر عمل کرنے ہوںگے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here