سوال : میرے چہرے کا یہ مسئلہ ہے کہ مسام کھلے ہیں۔ اس کی وجہ سے چہرہ بدنما سا لگتا ہے۔ پتا نہیں یہ مسام کیوں پھیل جاتے ہیں؟ اس کے بارے میں بتائیں۔
(ماریہ جاوید)
جواب : عموماًچہرے کی صفائی کی جانب سے لاپرواہی برتنے کے نتیجے میں یہ مسئلہ پیش آتا ہے۔خواتین میک اپ کرتی ہیں مگر رات کو وہ منہ دھو کر چہرہ صاف کر کے نہیں سوتیں۔ اسی طرح کچھ لڑکیوں کو اخبار میں اشتہار پڑھ کر نت نئی کریمیں آزمانے کا شوق ہوتا ہے۔ رنگ گورا کرنے، داغ دھبے دور کرنے حسن قائم رکھنے کے لیے وہ تجربے کرتی رہتی ہیں۔گرمی کا موسم ہو یا سردی کا۔ آپ جب بھی میک اپ کریں، اسے بعد میں صاف کرنا نہ بھولیں۔ کچھ خواتین چکنائی کا بے دریغ استعمال کرتی ہیں۔ تیل، گھی، چکنی چیزیں، غذا میں کم سے کم استعمال کریں۔ چہرے پر میک اپ کریے، مگر زیادہ مقدار میں نہ تھوپیے۔ اسی طرح زیادہ فیس پاؤڈر لگانے سے بھی مسام پھیل جاتے ہیں۔جب بھی کسی پارٹی یا دعوت سے گھر آئیں تو کپڑے بدلنے کے بعد سب سے پہلے میک اپ اتاریے۔ منہ دھوئیے، آپ کی یہ چھوٹی چھوٹی احتیاطیں مسام پھیلنے نہیں دیں گی۔فریج میں کھیرا رکھیے، اس کا چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر کدوکش کریے۔ اس میں چھ قطرے لیموں کا رس ملائیے اور چہرے پر لگا کر پندرہ منٹ کے لیے لیٹ جائیے۔ کھیرے کا رس چہرے کی جلد میں آہستہ آہستہ جذب ہو گا اور لیموں کا رس اچھی طرح صفائی کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ اس ترکیب سے کھلے مسام بند ہوجائیں گے۔
حکیم ذکی الدین قاسمی،ماہر امراض جلد
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں