بار بارپنڈلی اکڑ جاتی ہے

0
1895

سوال : رات کو جب سوتی ہوں تو پنڈلی اکڑنے سے آنکھ کھل جاتی ہے،بڑی سخت تکلیف ہوتی ہے، پاؤں پھیلایا جائے تو انگلیاں مڑجاتی ہیں، بعض دفعہ چیخ نکل جاتی ہے، دبانے سے افاقہ ہوتا ہے۔ ہر دوسرے تیسرے روز ایسا ہوتا ہے۔ یہ تکلیف کیسے دور ہوسکتی ہے؟
(فریدہ عمر،دربھنگہ،بہار)                                                                                 

مشورہ : آپ اسے ٹانگوں کی اینٹھن بھی کہہ سکتی ہیں جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ عموماًجسم میں معدنیات مثلاً پوٹاشیم، کیلشیم وغیرہ کم ہوں تو یہ تکلیف ہوتی ہے۔ آپ اپنی روزانہ غذا میں دودھ، سبزی اور کیلے شامل کیجئے۔ کم از کم دو کیلے روز کھائیے تاکہ پوٹاشیم کی کمی دور ہو۔ سونے سے پہلے پنڈلی پر زیتون کے تیل کی مالش کیجئے اور پانی زیادہ سے زیادہ پیجئے،کم از کم چھ گلاس۔ پانی کی کمی سے کبھی پنڈلی اور پاؤں میں تکلیف ہوتی ہے۔ یہ تکلیف رفع کرنے کیلئے کچھ ورزشیں بھی ہیں جن سے پنڈلی کے عضلات مضبوط ہوتے ہیں۔ پیٹ کے بل سونے سے احتراز کیجئے۔ پنڈلی مڑنے سے جلدی اکڑ جاتی ہے۔ جب آپ کرسی یاپلنگ پر بیٹھیں تو پاؤں کی انگلیوں کو وقفے وقفے سے حرکت میں لائیے۔ پاؤں کو زمین پر ٹکائیے، پھر انگلیوں کو ہلائیے اس سے بھی فرق پڑتا ہے۔ رات کو سونے سے پہلے مالش ضرور کیجئے۔ پاؤں اونچے رہیں،نیچے ہوں تو اینٹھن زیادہ ہوتی ہے۔ آپ موٹا کمبل بھی موڑ کر پاؤں کے نیچے رکھ سکتی ہیں۔ اپنا کولیسٹرول بھی چیک کرائیے۔بعض دفعہ کولیسٹرول کے جمنے سے بھی پنڈلی اکڑ جاتی ہے، اس سے بچنے کا بہتر طریقہ پرہیزہے، ایسی چیزیں نہ کھائیے جن میں کولیسٹرول زیادہ ہو اور پیدل چلنے کی عادت ڈالئے۔ گوشت کی ایک دو بوٹیاں کھائیے، اس سے زیادہ نہیں۔ انڈے اور بالائی والا دودھ نہ لیجئے۔ ثابت اناج، دالیں، سیب اور دوسرے پھل، جو کا دلیہ، اسپغول کی بھوسی، مٹر اور پھلیاں آپ لے سکتی ہیں۔ تھوڑی سی احتیاط اور پرہیز سے آپ کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔کسی مستنددواساز کمپنی کا تیار کردہ ’’حب لوزہ ‘‘ استعمال کریں،مقدار خراک دواکے ڈبے پر لکھی ہوگی۔

         

حکیم عرفان خالد

(ماہرآرتھوپیڈک و نیورولوجی)

بی یو ایم ایس ،راجستھان                                                                                                          

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here