مولانا عبد الحسیب اصلاحی کو یاد کیا گیا _

0
157

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

       نئی دہلی :  کل سہ پہر مرکز جماعت اسلامی ہند کے کانفرنس ہال میں اساتذہ الاساتذہ مولانا عبد الحسیب اصلاحی (25 فروری 2020) کی حیات و خدمات پر شائع ہونے والے ، انجمن طلبۂ قدیم جامعۃ الفلاح ، اعظم گڑھ کے ترجمان ماہ نامہ ‘حیاتِ نو’ کی اشاعتِ خاص (مئی تا جولائی 2020) کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی _ اس باوقار تقریب میں راقم کو بھی شرکت کرنے کا موقع ملا _
           مولانا عبد الحسیب جماعت اسلامی ہند کے اوّلین ارکان اور جامعۃ الفلاح ، اعظم گڑھ کے بانیوں میں سے تھے _جنوری 1964 میں وہ جامعۃ الفلاح سے وابستہ ہوئے اور 40 برس تک وہاں تدریس کی خدمت انجام دی _ ان کے تلامذہ کی تعداد ہزاروں میں ہے _ قرآن مجید کی تدریس میں انہیں اختصاص حاصل تھا _  عربی زبان میں لکھنے اور ترجمہ کرنے میں مہارت حاصل تھی _ انھوں نے مولانا امین احسن اصلاحی کی کتابوں دعوتِ دین اور اس کا طریقۂ کار ، حقیقتِ شرک اور قرآن میں احکامِ پردہ کا عربی ترجمہ کیا تھا  _ مولانا سید ابو الحسن علی ندوی نے مولانا سید ابو الاعلی مودودی کی فکر پر جو تنقیدی کتاب ‘عصر حاضر میں دین کی تفہیم و تشریح’ کے نام سے لکھی تھی اور عربی میں اس کا ترجمہ ‘التفسیر السیاسی للاسلام’ کے نام سے شائع ہوا تھا ، مولانا سید احمد عروج قادری کے قلم سے اس کے جواب کا عربی ترجمہ مولانا اصلاحی نے ‘التفسیر الحقیقی للاسلام’ کے نام سے کیا تھا _ مولانا اصلاحی کا حق تھا کہ انہیں یاد کیا جائے اور ان کی خدمات کا تذکرہ کیا جائے _ انجمن طلبۂ قدیم کے ذمے داروں کا یہ فیصلہ بڑا مبارک ہے کہ انھوں نے ان کی یاد میں یہ خصوصی شمارہ نکالا _
          تقریبِ رونمائی کی ابتدا میں جناب ٹی ، عارف علی ، قیّم جماعت اسلامی ہند نے اظہارِ خیال کیا _  انھوں نے فرمایا کہ ہمارے یہاں اپنے اکابر کی حیات و خدمات پر تحریری کام کرنے کا رجحان نہیں ہے ، حالاں کہ اس کی ضرورت ہے _ انجمن کے صدر جناب مشرّف علی فلاحی نے مولانا سے اپنے قریبی تعلق کو یاد کیا ، ان کی جامعہ کے لیے گراں قدر خدمات کا تذکرہ کیا اور مولانا کی سادگی ، انکسار ، للہیت اور دوسری خصوصیات کا ذکر کیا _ دورانِ گفتگو ان کی آواز بھرّا گئی اور وہ آب دیدہ ہوگئے _
          تقریب کی صدارت مولانا سید جلال الدین عمری ، شیخ الجامعہ و سابق امیر جماعت اسلامی ہند نے فرمائی _ انھوں نے بتایا کہ مولانا عبد الحسیب جماعت اسلامی ہند کی تشکیلِ نو کے فوراً بعد اس سے وابستہ ہوگئے تھے _ جامعۃ الفلاح میں وہ صدر مدرس بھی رہے ، مہتمم تعلیم و تربیت بھی اور ناظم بھی _ ان سے کئی نسلوں نے فیض اٹھایا _ انھیں قرآنی علوم میں مہارت حاصل تھی اور عربی زبان و ادب پر بھی کامل دست رس رکھتے تھے _
         مولانا عبد الحسیب پر یہ خصوصی اشاعت 40 سے زائد مضامین پر مشتمل ہے  _ لکھنے والوں میں کچھ ان کے رفقائے کار ہیں اور زیادہ تر شاگرد _ چند مضامین اہلِ خاندان کے قلم سے بھی ہیں _ ان مضامین میں مولانا کی تدریسی خدمات ، تفسیر و علومِ قرآنی میں مہارت ، عربی زبان و ادب سے گہری واقفیت ، ترجمہ نگاری ، اندازِ تربیت ، اخلاق و کردار ، سادگی ، انکسار و تواضع ، تحریکِ اسلامی سے کمٹمنٹ ، امانت و دیانت ، طلبہ اور شاگردوں پر شفقت ، انتظامی صلاحیت اور شخصیت کے دیگر پہلوؤں پر اظہارِ خیال کیا گیا ہے _
         یہ جامعۃ الفلاح کے ایک استاذ اور محسن کی حیات و خدمات پر ایک قیمتی دستاویز ہے  _ جن لوگوں نے اسے منظرِ عام پر لانے میں اپنی توانائی صرف کی ہے ، خاص طور سے مدیر مسئول سید راشد حامدی ، مدیر ڈاکٹر ضیاء الدین فلاحی ، مدیر محمد اسعد فلاحی اور منیجر عبد الحاکم مجاہد ، وہ قابلِ مبارک باد ہیں _
صفحات :324 ،قیمت :100 روپے
 حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیجیے :
Mob:7011838453

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here