جمعیۃ علماء یو پی کے صدر حضرت مولانا متین الحق ا سامہ کانپور اور مولانا سید ولی اللہ قاسمی کے انتقال پر اظہار رنج و غم

0
625
All kind of website designing

نئی دہلی18/ جولائی: جمعیۃ علماء یو پی کے صدر اورمختلف دینی تحریکوں کے روح رواں مولانا متین الحق اسامہ کانپوری ؒ کے انتقال پر ملال پر صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے قلبی رنج والم کا اظہارکرتے ہوئے اسے جمعیۃ علماء ہند اور ملت اسلامیہ ہند کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔ مولانا مرحوم کی زندگی خدمت خلق اور قربانیوں کی مرقع تھی، جمعیۃ علماء ہند سے ان کا تعلق گوشت پوست جیساتھا۔ 2008ء سے مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند کے مسلسل ممتاز و نمایاں رکن تھے۔ اس سے قبل مدعو خصوصی ہوا کرتے تھے۔ مجلس عاملہ کے ذریعہ مقرر کردہ مختلف کمیٹ

قاری عثمان صاحب صدر جمعیۃ علماء ہند، مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علمائے ہند

یوں میں رکن رہے۔ 2016 میں آپ باضابطہ جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر منتخب ہوئے اور مختصر مدت میں اپنی جہد مسلسل سے جمعیۃ علماء ہند کے صف اول کے رہ نماؤں میں شامل ہو گئے۔
مولاناؒ نے دارالعلوم دیوبند سے1989ء میں فراغت حاصل کی۔اس کے بعد جانشین شیخ الاسلام فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنیؒ کے زیر صدارت جمعیۃ علماء کی تحریکوں سے وابستہ ہوگئے۔ آپ اصلا ًفتح پور کے رہنے والے تھے، تاہم کانپور کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنایا۔اپنی بے مثال خطابت اور انداز بیاں کے ذریعہ دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری نبھائی۔ دارالعلوم دیوبند کی تحریکات بالخصوص رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کے مشرقی یوپی زون کے صدر اورکل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند کی کانپور شاخ کے صدر تھے۔ وہ اسلامی درسگاہ جامعہ محمودیہ اشرف العلوم ،جامع مسجد اشرف آباد جاج مئو کانپور کے مہتمم بھی تھے۔بیشک جمعیۃ علماء ہندکے جملہ خدام و ذمے داران آج سوگوار ہیں اور مولانا مرحوم کے پس ماندگان کے سوگ میں برابر شریک ہیں۔مولانا مرحوم کے جملہ پسماندگان بالخصوص صاحبزادہ عزیز مولوی امین الحق عبداللہ و دیگر کی خدمت میں دلی ہمدردی و تعزیت مسنونہ پیش ہے اوردعاہے کہ اللہ تعالی مولانا مرحوم کو جنات عدن میں مقام اعلی عطا فرمائے او رپسماندگان کو اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر جماعتی احباب و متعلقین و ائمہ مساجد سے پرخلوص اپیل کی جاتی ہے کہ مولانا مرحوم کے لیے دعائے مغفرت و ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔
صدر جمعیۃ علماء ہند اور جنرل سکریٹری نے جمعیۃ علماء کے ایک اور سپاہی مولانا سیدولی اللہؒ قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد (تلنگانہ)کی حسرت ناک وفات پر دلی صدمہ کا اظہار کیا ہے، مولانا مرحوم مرد جفاکش او رپختہ عزم و ارادہ کے انسان تھے، ان کی پوری زندگی لوگوں کی خدمت اور جہد مسلسل سے عبارت تھی۔ جمعیۃ علماء ہند ان کے پسماندگان سے دلی ہمدردیاں ظاہر کرتی ہے اور دست بدعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو جوار رحمت میں مقام اعلی عطا فرمائے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here