جموں وکشمیر کے پلوامہ میں شہید ہوئے جوانوں کیلئے جامعہ فیض العلوم میں تعزیتی جلسہ کا انعقاد

0
1185
All kind of website designing
نئی دہلی،17فروری(محمد ارسلان خان):
جموں وکشمیر کے پلوامہ میں جمعرات کے روز فوجیوں کی گاڑی کے قافلہ پر ہوئے فدائی حملہ میں شہید ہوئے 44فوجیوں کی شہادت سے پورے ملک میں غم وغصہ دیکھا جارہا ہے ۔ دہشت گردو ں کی اس ناپاک حرکت سے جہاں شہریوں نے ناراضگی ظاہر کی ، وہیں حملہ میں شہید ہوئے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا۔اسی کے تحت قریش نگر میں واقع جامعہ فیض العلوم میں پلوامہ میں شہید ہوئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کر نے کیلئے ایک تعزیتی مجلس منعقد کی گئی ، جس میں پیس فاؤنڈیشن آف انڈیا کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مفتی اعجاز ارشد القاسمی ،درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین صوفی سید اجمل علی نظامی ،دہلی اقلیتی کمیشن کے ایڈوائزری رُکن شفیع دہلوی ،جمعیۃ علمائے ضلع چاندنی چوک کے صدر حاجی مولوی انتظار حسین مظاہری ،معروف عالم دین قاری محمد ساجد ،انسانی حقوق کارکن حافظ ارشاد احمد قریشی نے شر کت کی ۔جلسہ کاآغاز تلاوت کلام الہی اور نعت وحمد شریف سے ہوا۔ اس موقع پرسبھی لوگوں نے سی آر پی ایف کے جوانوں کیلئے تعزیت پیش کرتے ہوئے دو منٹ خاموشی کر کے دعا کی اورکہاکہ ہم اس غم کی گھڑی میں تمام علمائے عظام ملک کی فوج کے ساتھ ہیں ۔میٹنگ میں شریک علمائے دین نے اس حملے کو نہایت ہی بزدلانہ قرار دیا اور کہاکہ ہم سبھی کو اپنے بہادر فوجیوں کے ساتھ کھڑے ہو نے کی ضرورت ہے ، کیو نکہ یہ وہی لوگ ہیں ، جن کی وجہ سے امن وچین کی نیند سوتے ہیں ۔معروف سماجی شخصیات نے یہ بھی کہاکہ مذکورہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، اس میں ملوث اصل قصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت ہے ۔ایسے لوگوں سے اسلام سے دور دور تک کا واسطہ نہیں ہے ، اسلامی نام رکھنے سے کوئی مسلمان نہیں ہو جاتا ، ایسے برے فعل کی اسلام میں قطعا اجازت نہیں ہے ۔انکایہ بھی کہناتھاکہ سی آر پی ایف کے جوانوں کی شہادت ہمیشہ یاد رہے گی ، لیکن اس کا بدلہ دہشت گردوں سے لیا جا نا چاہئے۔آخر میں شیخ الحدیث مفتی شمیم احمد قاسمی نے ملکی ، امن وسلامتی اور بالخصوص شہیدوں کے حق میں دعا کرائی ۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here