آسان ‘نکاح’مہم کے تحت اصلاح معاشرہ کانفرنس کا انعقاد

0
1043
All kind of website designing

اتر پردیش سمیت ملک بھر میں مسلم پرسنل لا بورڈ کے زیر اہتمام اب تک 150 سے زائد پروگرام ہوچکے ہیں

دیوبند :آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے ملک بھر میں جاری ’’آسان اورمسنون نکاح‘‘ مہم کے تحت اترپردیش میں ہوئے ۱۵۰سے زائد پروگراموں کے انعقاد پر دارالعلوم زکریا دیوبند میں آج ایک عظیم الشان اصلاح معاشرہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی شریف احمد خان ( رکن اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش )نے کی،کانفرنس کا آغاز قاری محمد ثاقب معروفی (استاد مدرسہ کنز العلوم گنگوہ )کی تلاوت سے ہوا، جب کہ نعت پاک قاضی طارق نے پیش کی ۔
خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مولانا قاری رحیم الدین قاسمی (رکن اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش) نے مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آسان اورمسنون نکاح مہم کے تحت آج کی یہ عظیم الشان کانفرنس در اصل آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اکابرین اور اصلاح معاشرہ کمیٹی کے ذمہ داران و کارکنان کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے۔
افتتاحی خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مولانا مفتی احسان قاسمی نے کہا کہ آسان ا ورمسنون نکاح شریعت کا حکم اور وقت کا تقاضہ ہے ملک بھر میں مسلم پرسنل لا بورڈ کی اس مہم نے عوام وخواص کو ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ مسلمانوں کو اپنی شادی بیاہ کی تقریبات کو رسوم ورواج اور منکرات سے پاک کرنا ہوگا، نیز بچیوں کو وراثت میں مکمل حق دینا ہوگا، انھوں نے اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کے کارکنان کی کاوشوں کی تحسین کی ۔مولانا عباداللہ عمیس قاسمی (استاذ حدیث جامعۃ الشیخ حسین احمد المدنی) نے کہا کہ نکاح تمام انبیاء کی سنت ہے، باعث برکت و رحمت ہے، آپﷺ نے نکاح کو نصف ایمان قرار دیا ہے، لیکن ہم نے اپنی بدعات و خرافات بیجا رسوم رواج اور اسراف و فضول خرچی کی وجہ سے اس کو زحمت بنالیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرے میں بے شمار دشواریاں پیدا ہوگئی ہیں، اور قرآن و سنت کے اصول سے ہم دور ہوتے جارہے ہیں، آج کی یہ کانفرنس اسی مقصد کے لئے منعقد کی گئی ہے کہ سماج کو ایک مضبوط پیغام دیا جاسکے کہ ہم نکاح کو آسان اور مسنون بنائیں گے۔
کانفرنس کی سرپرستی معروف بزرگ ماسٹرسید انظر حسین میاں صاحب( رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند) نے فرمائی ،انہوں نے کہا کہ مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنی تاسیس سے آج تک تحفظ ملت کی ایسی خدمت انجام دی ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
پروگرام کے کنوینرمولانا مہدی حسن عینی قاسمی نے آسان اورمسنون نکاح مہم کے تحت اصلاح معاشرہ کمیٹی اترپردیش کی جانب سے پوری ریاست میں منعقد کئے گئے پروگراموں کی کارگزاری پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ۲۷؍مارچ ۲۰۲۱ء سے شروع ہونے والی ملک گیر ’’آسان اورمسنون نکاح مہم ‘‘ کا پہلا دور ۷/ اپریل ۲۰۲۱ء کو اختتام پذیر ہورہا ہے، اس مہم میں ،سہارن پور، مظفر نگر، شاملی، میرٹھ، باغپت، بجنور، مراد آباد، غازی آباد، بلند شہر، رام پور،بریلی، شاہجہاں پور، سیتاپور،لکھنؤ، ہردوئی، لکھیم پور،بارہ بنکی، فیض آباد، امیڈکر نگر، کانپور، فرخ آباد، قنوج، فیض آباد، آگرہ، علی گڑھ، جھانسی، رائے بریلی، اناؤ، پرتاب گڑھ، سلطان پور، الہ آباد، بنارس سمیت پوری ریاست میں ہمارے سرگرم افراداور علماء وسماجی کارکنان نے ۱۵۰/ سے زائد پروگرام منعقد کرکے اس مہم کو ریاست کے کونے کونے تک پہنچانے کا کام کیا۔ انھوں نے اس موقع پر ریاستی کمیٹی کے اراکین اور پوری ریاست میں اس مہم کا حصہ بننے والے سبھی علماء ، سماجی کارکنان، دانشوران اور عوام وخواص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مرشد الا ُمت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی (صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) کی سرپرستی میں اورکل ہند معاون کنوینر مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کی قیادت اور مولانا خالد رشید فرنگی محلی کی نگرانی میں اصلاح معاشرہ کمیٹی( اترپردیش) پورے صوبہ اترپردیش میں اصلاحی کاموں میں مزید تیزی لائے گی اور ہر ضلع میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور تحفظ شریعت وحدت ملت اور اصلاح اُمت جیسے اہم مقاصد کے تحت گھر گھر بورڈ کے پیغام کو پہونچایا جائے گا۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی شریف احمد خان (مہتمم دارالعلوم زکریا دیوبند) نے کہا کہ آج کی اس کانفرنس سے ہم لوگ یہ طے کرکے اٹھیں کہ مسجدوں میں نکاح کو فروغ دیں گے، شادی بیاہ کی تقریبات میں فضول خرچی نہیں کریں گے، اور آسان و مسنون نکاح کی تائید و ستائش کریں گے۔مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی (ناظم جامعہ رحمت گگھرولی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اصلاح معاشرہ کمیٹی کی جانب سے جاری اس ملک گیر مہم کا مقصد اپنی ذات سے سماج تک ہر گھر کی اصلاح ہے، اور اس کی شروعات ہمیں اپنی ذات سے کرنی ہوگی، ہمارا عزم ہے کہ بورڈ کے اکابرین کی سرپرستی میں اس مہم کو اتر پردیش کے ہر کونے تک پہونچانے کی کوشش کریں گے۔
اس کانفرنس میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و کل ہند معاون کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی) کا خصوصی پیغام مفتی شاہنواز خان قاسمی (استاذ دارالعلوم زکریا )دیوبند نے پڑھ کر سنایا، کانفرنس میں امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ(سابق جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ )کی حیات وخدمات پر بھی مقررین نے روشنی ڈالی اور مرحوم کے لیے ایصال ثواب ودعا کا اہتمام کیا گیا، اور یہ عہد کیا گیا کہ مولانا مرحوم کے تابندہ نقوش کو مشعل راہ بناکر ہم ان کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ کانفرنس میں بطور مہمان مفتی عطاء الرحمن قاسمی نانکوی (سکریٹری جمعیت علماء سہارنپور) مولانا مسرور قاسمی (کارگزار صدر جمعیت علماء دیوبند) ڈاکٹر ایس اے عزیز،ایڈووکیٹ نسیم انصاری،محمد منیب (ایس آئی او سہارنپور)،سید حارث( رکن نگرپالیکا دیوبند)،سلیم قریشی، مولانااسلم کاظمی الحسینی وغیرہ نے شرکت کی اور اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرانقدر تجاویز پیش کی۔ مختلف مدارس و مساجد کے ذمہ داران بطور خاص مفتی انعام قاسمی (مہتمم مدرسہ اشرف العلوم دیوبند)مفتی جنید قاسمی( مہتمم جامعہ حسینیہ دیوبند)مفتی شکیل قاسمی (ناظم تعلیمات جامعہ حکیم الاسلام دیوبند)حاجی نسیم احمد (متولی محمدی مسجد دیوبند) اسی طرح دانشوروں میں ڈاکٹر ایس اے عزیز، ڈاکٹر عبدالحمید،ڈاکٹر عثمان رمزی وغیرہ شریک رہے۔ پروگرام میں مولانا اختر قاسمی سیتاپوری،مفتی نعمان احمد قاسمی،قاری محمد سلمان،مفتی محمد ہارون قاسمی،مولانا افاض الدین قاسمی، مولانا طارق انور قاسمی سمیت دارالعلوم زکریا دیوبند کے متعدد اساتذہ اور میرٹھ زون کے علماء بطور خاص مفتی مجیب ندوی پھلت مظفرنگر ،حاجی فرحت الہی، حاجی نسیم،حافظ یاسر نظامی،راحت خان،سماجی کارکن گل محمد وغیرہ نے بطور مہمان شرکت کی۔ نظامت کے فرائض مولانا مرغوب الرحمن طیب قاسمی ( رکن اصلاح معاشرہ کمیٹی مغربی زون) نے انجام دئیے۔پروگرام کو کامیاب بنانے والوں میں مولانا فیض الرحمن قاسمی،مولانا اسعد قاسمی،قاری محمدسلمان قاسمی،قاری محمد دانش، دارالعلوم زکریا دیوبند اور دیوبند اسلامک اکیڈمی اینڈ ریسرچ سینٹر کے اساتذہ و کارکنان قابل ذکر ہیں۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here