اے ایم یو میں صفائی پندرہ واڑہ کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام

0
1307
سوچھتا پکواڑہ کے موقع فیکلٹی آف دینیات کے اساتذہ و اسکالر س صفائی اور طہارت کی اہمیت پر مذہب اسلامی کی تعلیمات بتاتے ہوئے
All kind of website designing

علی گڑھ، 18؍ستمبر2017: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں، فیکلٹیوں، سنٹروں اور اسکولوں نے حکومتِ ہند کے پروگرام ’’صفائی پندرہ واڑہ ‘‘ میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور صفائی کے پیغام کو سماج میں عام کرنے کا عزم کیا۔ دینیات فیکلٹی میں’سوچھ بھارت مشن‘ کے تحت پندرہ دنوں سے چل رہے پروگرام کے آخری دن طلبہ وطالبات کے لئے تقریری مقابلہ کا انعقاد کیا گیا۔
ڈین فیکلٹی آف تھیولوجی پروفیسر توقیر عالم فلاحی نے مشن کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اپنے طلبہ کو صفائی وستھرائی پر متوجہ کریں اورہرقسم کی غلاظت وگندگی سے دور رہنے کی تاکید کریں تاکہ مستقبل کے یہ معمار ایک پاک وصاف ملک کی تعمیر میں اہم رول اداکریں ۔شیعہ دینیات شعبہ کے صدر پروفیسر علی محمد نقوی نے کہا کہ انسانی وجود میں تین عناصر بہت اہم ہیں : روحانی، فکری اور جسمانی ۔ اسلامی تعلیمات ونظریات میں ان تینوں عناصر کو تفصیل کے ساتھ بیان کیاگیا ہے، ہمارے طلبہ ان تینوں عناصر سے نہ صرف واقف ہوں بلکہ ان میں مہارت بھی پیدا کریں ۔ ڈاکٹر مفتی زاہد علی خاں نے کہا کہ اسلام میں جسمانی پاکیزگی کے علاوہ خیالات وعقائد اورمعاملات کو صاف و شفاف رکھنے کی تعلیم دی گئی ہے ۔ مولانا حبیب اللہ قاسمی نے کہا کہ اسلام میں ہر قسم کی صفائی وستھرائی میں مبالغہ پیدا کرنے کے لئے تزکیہ کا عمل بیان کیا تاکہ انسان جسم کے ساتھ اپنے دل کو بھی پاک وصاف رکھے ۔
’’ صفائی کی اہمیت ‘‘ موضوع پر ہونے والے تقریری مقابلہ میں بالترتیب محمد اظہر، لبنیٰ ملک اورعارفہ نے اول، دوم وسوم انعام حاصل کئے ۔ ان کے علاوہ بقیہ شرکاء کو تشجیعی انعام سے نوازا گیا ۔ نظامت کے فرائض مولانا حبیب اللہ قاسمی نے انجام دئے اور تلاوت محمد عامر نے کی ۔ اس پوری مہم میں فیکلٹی کے اساتذہ پروفیسر محمد سلیم، پروفیسر سعود عالم قاسمی سمیت دیگر اساتذہ وطلبہ اور عملہ کے لوگ شریک رہے ۔ ’’صفائی پندرہ واڑہ‘‘ کے تحت صفائی کا پیغام عام کرنے کے مقصد سے دینیات فیکلٹی کے احاطہ میں ہورڈنگ و بینر بھی لگائے گئے تھے۔
* دوسری طرف یونیورسٹی کے بی بی فاطمہ ہال میں’’صفائی نصف ایمان ہے‘‘کے پیغام کے ساتھ صفائی مہم چلائی گئی۔ پرووسٹ پروفیسر غزالہ پروین نے وارڈن ڈاکٹر فرح فردوس، ڈاکٹر سرتاج علی تیاگی، محترمہ رعنا رضا اور ڈاکٹر سعدیہ حسن کے ساتھ ہال میں مختلف مقامات پر پودے لگاکر پروگرام کی شروعات کی۔ اقامت گاہ میں مقیم طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ پروگرام میں حصہ لیا اور پودوں کی دیکھ بھال کا عزم کیا۔ٹیم نے ہاسٹل اور کچن کی صفائی کی اورماحولیات کے تحفظ کا بھی عزم کیا ۔ طالبات نے پوسٹر تیار کئے جن پر لکھا تھا ’’جب روشنی ہو تو لائٹ بند رکھیں، کاغذ کو ریسائیکل کریں، پانی کو ضائع نہ کریں، ادھر ادھر نہ تھوکیں اور کوڑا باہر نہ پھینکیں‘ ‘وغیرہ۔
اس موقع پر ’’صاف ستھرا کمرہ‘‘ کے موضوع پر مقابلہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں رفیدہ صدیقی (ایم ٹیک، سال آخر) نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ انھیں توصیفی سند سے نوازا گیا۔ پروگرام میں بی بی فاطمہ ہال کے دفتری عملہ نے بھی مسٹر عظیم ٹی حق کی قیادت میں صفائی مہم میں تعاون کیا۔
* انٹرڈسپلنری ڈپارٹمنٹ آف ریموٹ سنسنگ و جی آئی ایس اپلیکیشنز کی جانب سے ’صفائی پندرہواڑہ‘ کے تحت شعبہ اور اس کے اردگرد صفائی کی گئی اورغیرضروری فرنیچر کو بھی ہٹایا گیا۔ کیمپس کو صاف ستھرا رکھنے کے موضوع پر کوئز اور مضمون نویسی مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے علاوہ شجرکاری بھی کی گئی۔
* ’صفائی پندرہ واڑہ‘ کے تحت اے ایم یو گرلس اسکول میں پرنسپل آمنہ ملک اور ثقافتی سرگرمیوں کی انچارج عرشی ظفر خاں کی نگرانی میں الگ الگ دنوں میں مختلف پروگرام منعقد کئے گئے اور کیمپس میں صفائی کی گئی۔ کلین کیمپس گرین کیمپس ڈے منایا گیا۔ درجہ ایک سے پانچ تک کے چھوٹے بچوں نے پودے لگائے۔ ٹوائلٹ اور کوڑے دان سے لے کر سبھی کمروں، ہال ، فرنیچر وغیرہ کی صفائی کی گئی۔ بچوں کو ہاتھ دھونے اور جسمانی و ماحولیاتی صفائی کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا۔ جسمانی صفائی کے بارے میں مضمون نویسی مقابلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں عائشہ جبین نے اول، لکشے راجپوت نے دوئم، الفشا نے سوئم انعام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ علینا ہاشمی کو حوصلہ افزائی کے انعام سے نوازا گیا۔ صفائی میں سب سے بہتر کلاس کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا ۔ اس کے علاوہ کلین ہاسٹل ڈے بھی منایا گیا ۔
اختتامی تقریب میں ریٹائرڈ ٹیچر شہناز پروین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر صفیہ سلطانہ نے مختلف مقابلوں کے فاتحین کے ناموں کا اعلان کیااور انھیں انعامات تقسیم کئے گئے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here