سابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس وائی قریشی 17؍اکتوبرکو منعقدہ ’’سر سید ڈے‘‘ تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں گے

0
1424

علی گڑھ، 19؍ستمبر : ہندوستان کے سابق چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر ایس وائی قریشی 17؍اکتوبر2018کوعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی اور عظیم مصلح قوم سرسید احمد خاں کے201ویں یومِ پیدائش ’’سر سید ڈے‘‘ تقریب میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ یہ فیصلہ اے ایم یو
کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی صدارت میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران نے حصہ لیا۔
واضح ہوکہ ڈاکٹر قریشی نے30؍جولائی2010کو ہندوستان کے17ویں چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا تھا جبکہ وہ2006سے الیکشن کمشنر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے انہوں نے عوامی نمائندگی کے سلسلہ میں رائے دہندگان کی تربیت اور الیکشن کے عمل میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے۔ ڈاکٹر قریشی نے سینٹ اسٹیفن کالج نئی دہلی سے پوسٹ گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد1971میں انڈین سول سروس کا امتحان پاس کیا۔انہوں نے حکومتِ ہند کی وزارت برائے نوجوانان و کھیل کے سکریٹری سمیت مرکزی اور صوبائی سطح پر متعدد عہدوں پر اپنی خدمات پیش کیں۔وہ دوردرشن اور نہرو یووا کیندر سنگھٹن کے ڈائرکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ڈاکٹر قریشی کی خدمات اور ان کے بیش قیمت تعاون کے لئے انہیں کئی اہم اعزازات سے سرفراز کیا جا چکا ہے جن میں نہرو فیلو شپ، سیکولر انڈیا ہارمنی ایوارڈ، سلور ایلیفینٹ نیشنل ایوارڈآف انڈین اسکاؤٹس اینڈ گائڈس اور شرومنی ایوارڈ شامل ہیں۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here