اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں گیارہ سالہ بچی کے دل کی کامیاب سرجری

0
1238
All kind of website designing

علی گڑھ، 11؍اپریل: کاس گنج سے تعلق رکھنے والی گیارہ سال کی بچی سِدرہ کافی عرصہ سے سینے میں درد اور سانس کی شکایت میں مبتلا تھی اور متعدد ڈاکٹروں سے رجوع کرنے کے باوجود اس کو راحت نہیں مل پارہی تھی۔ وہ سینے کے درد اور تکلیف سے مسلسل روتی رہتی تھی اور درد سے پیر اور انگلیاں نیلے پڑ جاتے تھے۔سِدرہ کو چند روز قبل علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) ریفر کیا گیا جہاں جانچ میں پتہ چلا کہ پیدائش کے وقت سے ہی بچی کے دل میں سوراخ ہے۔ پروفیسر ایم ایچ بیگ، ڈاکٹر محمد اعظم حسین اور ڈاکٹر غضنفر خاں پر مشتمل کارڈیوتھوریسک سرجنوں کی ٹیم نے بچی کے قلب میں موجود سوراخ کو آپریشن کرکے درست کیا۔ علاج کے بعد بچی کو میڈیکل کالج سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے اور وہ صحت مند ہے۔میڈیکل کالج میں اس سے قبل بچی کو بچوں کے ماہرِ امراض قلب ڈاکٹر شاد عبقری اور ڈاکٹر کامران نے دیکھا۔ ایکوکارڈیوگرافی میں پتہ چلا کہ اس کے دل میں سوراخ ہے جس کی وجہ سے سینے میں سخت درد رہتا ہے اور سانس لینے میں پریشانی ہوتی ہے۔ سِدرہ کا علاج قومی صحت مشن (حکومت ہند) کی اسکیم’ قومی اطفال صحت پروگرام‘( راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم) کے تحت کیا گیا جس میں 18؍سال سے کم عمر کے نوجوانوں اور بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر کیا جاتا ہے۔ یہ اسکیم جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کو اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب کی قیادت میں حاصل ہوئی ہے۔ کامیاب سرجری کے بعد سرجنوں کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے جے این ایم سی کے پرنسپل پروفیسر ایس سی شرما نے کہاکہ اے ایم یو کے لئے یہ فخر کا موقع ہے۔ انھوں نے کہاکہ جے این ایم سی میں دل کے علاج کی معیاری سہولیات دستیاب ہیں۔ کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے صدر پروفیسر ایم ایچ بیگ نے کہاکہ قومی اطفال صحت پروگرام ، ’سب کو صحت‘ کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہندوستان میں ہر سال تقریباً ایک لاکھ بچے دل کے امراض کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور قومی اطفال صحت پروگرام سے قبل بیشتر کنبے خرچ زیادہ ہونے کے سبب اپنے بچوں کی سرجری نہیں کراپاتے تھے۔ کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے ڈاکٹر محمد اعظم نے بتایا کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں مذکورہ اسکیم کے تحت دس سے زائد بچوں کی دل کی سرجری ہوچکی ہے۔ گیارہ سالہ بچی کی سرجری میں ریزیڈنٹ ڈاکٹر بھارتی راجہ، ڈاکٹر پون اور ڈاکٹر دلشاد ندیم کے ساتھ ہی پرفیوزن ٹیم میں صابر علی خاں اور انور رضوی شامل تھے۔ آپریشن تھیئٹر عملہ میں نورالاحد، محمد یاسین اور سلمان صابر شامل تھے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here