کاس گنج دکان جلائی گئی دکانوں کے مالکان کو جمعیۃ علما نے فراہم کی دکانیں

0
999
All kind of website designing

نئی دہلی، نیاسویرا لائیو : کاس گنج میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات کے بعد جمعیۃ علماء ہند نے آج ایک تقریب میں سر دست 7کیبنٹ( کھوکھا) بنا کر متاثرین کے حوالے کیااور اعلان کیا کہ مزید کیبنٹ جلد بنا کر دیگر متاثرین کے بھی حوالے کیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ 26جنوری2018کو فرقہ وارانہ تناؤ کے بعدشہر میں تشدد اور آگ زنی ہوئی تھی۔ اس سانحہ میں سڑک کنارے اپنا کھوکھا (کیبنٹ)لگاکر زندگی گذار رہے لوگوں کے کھوکھوں کو آگ کے حوالہ کردیا گیا تھا جس سے ان کی زندگی درہم برہم ہوگئی تھی اور وہ کسمپرسی کے عالم میں زندگی گذارنے کیلئے مجبور تھے۔ متاثرین کو اس بات کا انتظار تھا کہ کوئی ان کیلئے ناخدا بن کر آئے اور ان کے زخموں پر مرہم پٹی کرے۔واضح رہے کہ اس موقع پر فسادیوں نے پپو نام کے ایک غیر مسلم شخص کی دوکان بھی جلادی تھی ۔جمعیۃ علماء کے وفد کو بتایا گیا کہ پپو کا کھوکھا اس لیے جلادیا گیا کیونکہ انہیں اس بات کا احساس تھا کہ یہ بھی مسلمان کی دوکان ہے ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے جس وقت پپو کو کھوکھا دیا اس وقت اس کی آنکھیں نم ہوگئیں اور آنسو چھلک پڑے۔ اس نے جمعیۃ علماء ہندکا شکریہ ادا کیا ۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں شامل تنظیم کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ جن لوگوں کو کھوکھا دیا گیا ہے ان کو جلد ہی سامان کی کٹ بھی دے دی جائے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو آگے بڑھاسکیں۔ انہوں نے بتایاکہ کاس گنج کے بااثر اور صاحب حیثیت لوگوں نے کوئی بھی امداد لینے سے انکارکردیااور انھوں نے جمعیۃ کے ذریعہ کی جارہی کاوشوں کی ستائش کی۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایاکہ جمعیۃ علماء ہند نے دس سے زائد فیملی کی علیحدہ امداد بھی کی ہے ۔ واضح رہے کہ کاس گنج میں فساد متاثرین کی مدد کیلئے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر ایک وفد کاس گنج پہنچا تھا۔ اس وفد میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ،مولانا مفتی ظفر قاسمی(ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء وسطی زون اتر پردیش)، مولانا اسرار اللہ،حافظ محمود اشرف، مولانا زبیر، مولاناقاسم رضی،مولانا الیاس(فیروزآباد)، حاجی تنویر مدنی، مولانا کلیم اللہ کاس گنج ،مولانا یسین قاسمی ،ایڈوکیٹ نور اللہ (سپریم کورٹ)وغیرہ شریک تھے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here