علی گڑھ، 30؍جنوری:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں یوم جمہوریہ تقریبات کے تحت اردو میں بین اسکول مباحثہ (ڈبیٹ) مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد زاہد تھے، جب کہ اردو اکادمی اے ایم یو کے ڈاکٹر مشتاق صدف اور ویمنس کالج اے ایم یو کے ڈاکٹر سرور ساجد مقابلہ کے جج تھے۔ مباحثہ کا موضوع تھا ’’کیا ہماری عدلیہ اب بھی قابل اعتماد ہے؟‘‘
مقابلہ میں اے ایم یو کے سبھی اسکولوں سے طلبہ کی ٹیموں نے شرکت کی۔ اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول کے طالب علم ابو حذیفہ کومجموعی طور سے سب سے بہترین ڈبیٹر کا انعام ملا۔ اے ایم یو گرلس اسکول کی ادیبہ نور کو موضوع کے حق میں بہترین مقرر جب کہ ایس ٹی ایس کے اظہر داؤد کو موضوع کے خلاف سب سے بہتر مقرر قرار دیا گیا۔ اے ایم یو گرلس اسکول کی رُفا فاطمہ کو حوصلہ افزائی انعام اور عبداللہ اسکول کی درجہ پانچ کی طالبہ فاطمہ کو خصوصی حوصلہ افزائی انعام سے نوازا گیا۔ اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد عباس نیازی نے مہمان خصوصی اور دیگر حاضرین کا خیرمقدم کیا۔ مہمان خصوصی پروفیسر محمد زاہد نے پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے مقابلہ کے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈاکٹر شمیم الدین پروگرام کے کوآرڈنیٹر تھے ۔ نظامت کے فرائض محمد اعظم حسین نے انجام دئے۔ اس موقع پر مسٹر پرویز حبیب قریشی، تبریز عالم، افضل احمد، فرحت زیبا، نیلوفر وغیرہ موجود تھے۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں