اجمل خاں طبیہ کالج کے شعبۂ کلیات میں ’’ کلیات میں تدریسی و تحقیقی طریقۂ کار ‘‘ موضوع پر ایک روزہ قومی سمپوزیم کا انعقاد 

0
1390
All kind of website designing

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے اجمل خاں طبیہ کالج کے شعبۂ کلیات میں ’’ کلیات میں تدریسی و تحقیقی طریقۂ کار ‘‘ موضوع پر ایک روزہ قومی سمپوزیم کا انعقاد عمل میں آیا۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ تحقیق میں اسٹیٹسٹیکل اینالیسس اور ڈیٹا اینالیسس کی سخت ضرورت ہے اس لئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اس موضوع پر وسیع پیمانے پر پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں تاکہ اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس ان کی ضرورت کو سمجھیں اور طلبہ کو ان کے استعمال کے بارے میں بتائیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے بغیر معیاری نوعیت کی تحقیق ممکن نہیں ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا اجمل خاں طبیہ کالج ملک کے صفِ اول کے طبیہ کالجوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ طبیہ کالج میں ریسرچ اسکالرس کو تحقیق کے لئے معیاری سہولیات فراہم کرائی جائیں تاکہ وہ دنیا میں بڑھ رہی متبادل ادویات کے مطالبہ کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اجمل خاں طبیہ کالج کو دو نئے شعبوں کے قیام کے لئے بیس کروڑ روپیہ مہیا کرایا ہے جبکہ اس سے قبل طبیہ کالج لائبریری کے لئے بیس لاکھ روپیہ مہیا کرایا جا چکا ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ ایسے معیاری پروجیکٹ تیار کریں جن کے ذریعہ حکومت سے مالی امداد مل سکے۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی ابنِ سینا اکادمی کے ڈائرکٹرپدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے کہا کہ کلیات میں تاریخِ طب، ابتدائی سائنس اور طبِ یونانی کے ابتدائی فلسفہ پر مبنی ادب بڑی تعداد میں موجود ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور مہمانِ خصوصی پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے پروفیسر اشہر قدیر کی کتاب’’ تاریخِ طب ‘‘ اور پروفیسرفراست علی کی کتاب’’ فنڈامینٹل آف فزیو ڈائیگنوسس ان کلیات آف یونانی میڈیسن‘‘ کا مشترکہ طور پر اجراء کیا۔یونانی میڈیسن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر خالد زماں خاں نے کہا کہ تدریس اور تحقیق کو ایک دوسرے کے ساتھ ربط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ریسرچ اسکالرس اپنی تعلیم کے ابتدائی دور میں ہی تحقیق کی باریکیوں اور ضروریات سے بخوبی واقف ہوسکیں۔شعبۂ کلیات کے سربراہ پروفیسر فراست علی نے مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جب سے یہ شعبہ قائم ہوا ہے اس میں مزاج، اخلاط، اصولِ علاج اورایپلائد کلیات جیسے اہم موضوعات پر معیاری تحقیقی کام ہو چکا ہے اور شعبۂ کلیات فی الوقت بھی معیاری تحقیقی کام کرا رہا ہے۔پروگرام کی نظامت کے فرائض پروفیسر ایف ایس شیرانی نے انجام دئے جبکہ پروفیسر اشہر قدیر نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here