ملیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق 26 جنوری کو جامع مسجد دہلی میں نماز جمعہ ادا کریں گے

0
1526

ںئی دہلی،23جنوری(ہ س/نیا سویرا لائیو)۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی حکومت کی دعوت پر ہندوستان تشریف لا رہے مسلم ممالک کے سر براہان کے دہلی میں قیام کے دوران کئی اہم مقامات پر جانے کی خبریں آ رہی ہیں۔اس بیچ 26 جنوری کو جمعہ ہونے کی وجہ سے مسلم ممالک کے سر براہان جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لئے دہلی کی شاہجہانی جامع مسجد آنے کی بھی خبر ہے۔ملیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے حکومت ہند سے شاہجہانی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔جبکہ انڈو نیشیا کے صدر جوکو وی ڈوڈو اور برونائی کے سلطان حسن البلقیہ کے ذریعہ ابھی تک جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لئے اپنی کوئی خواہش کا اظہار نہیں کیا گیا ہے ۔

غور طلب ہے کہ حکومت ہند نے اس بار منعقد ہونے والے جشن جمہوریہ کی تقریبات کے لئے آسیان ممالک کے سر براہان کو دعوت دی ہے ۔سبھی دس آسیان ممالک کے سر براہ یوم جمہوریہ کی تقریبات میں حصہ لینے کے لئے ہندوستان تشریف لا رہے ہیں۔دس آسیان ملکوں میں سے تین مسلم ملکوں کے سر براہ بھی اس تقریب میں حصہ لینے کے لئے آ رہے ہیں۔26 جنوری یوم جمہوریہ کے دن جمعہ ہونے کی وجہ سے ملیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لئے شاہجہانی جامع مسجد کا انتخاب کیا ہے لیکن ابھی تک انڈو نیشیائی صدر اور برونائی کے سلطان نے نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے کسی بھی طرح کی خواہش کا اظہار نہیں کیا ہے ۔

حکومت کی طرف سے ملیشیائی وزیر اعظم کو جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرانے کے لئے تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں۔حکومت کی حفاظتی دستوں نے جامع مسجد کے آس پاس کے علاقوں میں ڈیرہ جما لیا ہے ۔جامع مسجد کے پبلک رلیشن افسر امان اللہ خاں نے بتایا کہ وزیر اعظم نجیب رزاق کی آمد کے لئے جامع مسجد میں سبھی حفاظتی بندو بست کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامع مسجد میں وزیر اعظم نجیب رزاق کا والہانہ استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فی الحال انڈونیشیائی صدر اور برونائی کے سلطان کی جامع مسجد میں آمد کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔اس کے علاوہ صوفی سنت حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ پر بھی حکومت کی حفاظتی ایجنسیوں کے ذریعہ حفاظتی بندو بست کا جائزہ لیا جا رہا ہے لیکن درگاہ میں زیارت کرنے کے لئے کون تشریف لا نے والاہے اس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔درگاہ کے چیف انچارج کاشف نظامی نے بتایا کہ ہمیں ابھی تک حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی ہے ۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here