تعلیم کے ذریعہ سے ہی امت مسلمہ اپنے حالات بدل سکتی ہے

0
1264
All kind of website designing

جمعیۃ چلڈرن ولیج انجا ر میں منعقد اصلاح معاشرہ اجلاس اور تقریب نکاح میں مولانا محمود مدنی کا خطاب

نئی دہلی ؍احمد آباد ،نیاسویرا لائیو: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے تعلیم کو عزت و سربلندی کے لیے کنجی قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کو اس مقصد کے لیے ایک میعاد بند ہدف طے کرنا چاہیے ، کیوں کہ یہی وہ راہ ہے جس کے ذریعہ ہم اپنے حالات بدل سکتے ہیں ۔ مولانا مدنی نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں جمعیۃ چلڈرن ولیج انجار میں رہنے والی ایک بچی کے نکاح کی تقریب کے موقع پر منعقدہ اصلاح معاشرہ اجلاس میں کیا ۔ واضح ہو کہ جمعیۃ چلڈرن ولیج ،۲۰۰۱ء میں قیامت خیز زلزلہ کے بعد اپنے والدین اور خاندان سے جد اہوئے بچے اور بچیوں کے لیے حضرت فدائے ملت مولانا سید اسعد مدنی ؒ کی خصوصی توجہ سے قائم ہوا تھا۔ آج ان بے گھر بچیوں میں ایک’ جمیلہ‘ کا عقد مسنون تھا، اس نکاح تقریب میں انجار کے تقریبا سبھی ذمہ دار افراد شریک تھے ۔ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے بتایا کہ جمعیۃ چلڈرن ولیج کے ذمہ داران اور اہل انجار نے آج ’اپنی بچی ‘کو پوری محبت سے وداع کیا ہے ۔سولہ سال قبل اپنے والدین سے جدا ہونے والی اس بچی اور جمعیۃ چلڈرن ولیج کے لیے آج ایک خاص موقع تھا۔ مولانا حکیم الدین نے بتایا کہ اس سے قبل بھی گیارہ بچے اور بچیوں کے نکاح کی ذمہ داری سے ہم فارغ ہو چکے ہیں۔اس اجلاس کی صدارت مولانا محمد ابراہیم تاراپوری نے کی ، انھوں نے اس موقع پر پر مغز ناصحانہ خطاب بھی کیا ۔مولانا محمود مدنی نے نکاح پڑھاتے ہوئے خدمت خلق پر بھی خاص توجہ دلائی اور کہا کہ نادار او ریتیموں کی کفالت پر اللہ تعالی نے خاص انعام فرمائے ہیں اس لیے ہمیں اپنے اردگرد کے حالا ت کا سماجی و معاشرتی جائزہ لینا چاہیے نیز جو ضرورت مند ہوں ان کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے ۔ مولانا مدنی نے ملک کے موجود ہ حالات کے تناظر میں کہا کہ ہمیں ہر گز مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، دراصل اپنے حالات ہمیں خود بدلنے ہوں گے ، حکومتوں کے بدلنے سے حالات نہیں بدلتے ۔اس اجلاس کی نظامت کے فرائض مولانا حکیم الدین قاسمی نے انجام دیے ، انھوں نے ا س موقع پر جمعیۃ چلڈرن ولیج کی حصولیابیوں پر تفصیلی بات چیت کی ۔ اس پروگرام میں انجار و اطراف سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے ۔ خاص طور سے مولانا غلام صاحب انگور، مولانا شریف ، حاجی نور محمد ، عمر بھائی بڑودہ ، یونس بھائی بڑودہ، فیصل بھائی احمد آباد، حاجی یعقوب بڑودہ، مولانا ابو دجانہ آدم بھائی چاکی،الطاف بھائی اللہ رکھا ،ماسٹر سلیم،مولانا سمیع اللہ ، مولانا ریاض، مولانا آصف، مفتی انیس احمد، مولانا سلمان،مولانا ابوالحسن پالن پوری وغیرہ کے نام خاص طور سے قابل ذکرہیں ۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here