ایک عہدکاخاتمہ۔۔۔!

0
480
All kind of website designing

امیرشریعت مولانامحمدولی رحمانی خالق حقیقی سے جاملے

اہم مذہبی،ملی اورسیاسی شخصیات کااظہارتعزیت، فون پروزیراعلیٰ کی اہل خانہ سے گفتگو، ملت اسلامیہ سوگوار

پٹنہ : ہندوستان کی معروف شخصیت مفکراسلام امیرشریعت سابع مولانامحمدولی رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیامسلم پرسنل لاءبورڈوسجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر،مولانا خالق حقیقی سے جاملے۔اناللہ واناالیہ راجعون۔اس کے ساتھ ہی ایک اہم علمی،ادبی ،سماجی،سیاسی اورتحریکی باب بندہوگیا۔آپ کے انتقال پرپورے ملک وبیرون ملک میں غم کی لہرہے۔جنازہ کی نماز کل4اپریل کوخانقاہ رحمانی کے احاطہ میں گیارہ بجے دن میںاداکی جائے گی اوراپنے والدامیرشریعت مولانامنت اللہ رحمانیؒ اور اورقطب عالم حضرت مولانامحمدعلی مونگیریؒ کے ساتھ ابدی آرام فرمائیں گے۔اس موقعہ پرمتعددمذہبی ،سیاسی اورسماجی شخصیات نے گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔صدرمسلم پرسنل لاءبورڈمولانارابع حسنی ندوی،جنرل سکریٹری جمعیۃ علمائے ہند مولانا محمود مدنی ،مولاناارشدمدنی ،مولاناابوالقاسم بنارسی،مولاناعمرین محفوظ رحمانی،ڈاکٹرقاسم رسول الیاس،مولاناخالدرشیدفرنگی محلی،مولاناعبدالعلیم فاروقی سمیت اہم شخصیات کے تعزیتی پیغام جاری ہوئے۔وزیراعلیٰ بہارنتیش کمارنے ان کے فرزندسے فون پربات کرکے اظہارتعزیت کیا۔اپوزیشن لیڈرتیجسوی یادو،میسابھارتی،راجدسربراہ لالویادو،اسدالدین اویسی،بھاکپامالے ،اخترالایمان سمیت متعدداہم سیاسی شخصیات نے اپنے تعزیتی پیغام میں افسو س کااظہارکرتے ہوئے ناقابل تلافی نقصان بتایاہے۔آپؒ کے فرزندمولانااحمدولی فیصل رحمانی نے پیغام جاری کرتے ہوئے فرمایاہے کہ سخت وقت میں شعائراسلام پرکاربندہونااورصبرکادامن مضبوطی سے تھامے رہناہی ایمان کاتقاضہ ہے۔آپ متعدداداروں کے سربراہ رہے اورکئی پلیٹ فارم سے اہم خدمات انجام دیں،کئی تحریکوں کے روح رواں رہے،مسلم پرسنل لاءبورڈ،امارت شرعیہ،خانقاہ رحمانی کے پلیٹ فارم سے متعد خدمات انجام دیں۔رحمانی فاؤنڈیشن اوررحمانی تھرٹی آپ کی سماجی اورعملی خدمات روشن مثال ہیں۔آپ کی جرات ضرب المثل تھی،جرات وعزیمت والدبزرگوارؒسے ورثہ میں ملی تھی۔ان کی اولوالعزمی سے ملت کونئی توانائی اورنیاحوصلہ ملتا۔ رحمانی تھرٹی کے ذریعے آپ نے نئی تعلیمی بیداری پیداکی اوراس کے نتائج ملک بھرمیں محسوس کیے جارہے ہیں۔متعددکتابوں کے مصنف ،صحافی ،سیاسی اورقانونی امورپردرک رکھنے والے تھے۔ساڑھے پندرہ لاکھ افرادآپ کے ہاتھ پربیعت ہوئے ۔ امیرشریعتؒ ایک ہفتہ پہلے بیمارہوئے۔سانس میں تکلیف کی وجہ سے پٹنہ کے پارس اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں وہ جانبرنہ ہوسکے۔پہلے آئی سی یومیں رہے۔آج صبح طبیعت زیادہ بگڑنے پروینٹیلیٹرپرلے جایاگیاہے۔ڈھائی بجے ملت اسلام نے یہ افسوس ناک سانحہ سناجس کے بعدپورے ملک میں انتہائی رنج کی لہردوڑگئی اورجوق درجوق لوگ مونگیراورپٹنہ کارخ کرنے لگے۔لاکھوں کی تعدادمونگیرکی طرف رواں دواںہے ۔اس سے پہلے آپ دوماہ سے مونگیرسے باہرمسلسل سرگرم عمل تھے۔دہلی ،پٹنہ اورجھارکھنڈمیں مسلسل آپ کے اسفارہوئے۔امارت شرعیہ کی تعلیمی بیداری مہم کامیابی سے جاری تھی۔اسی درمیان آپ بیمارہوئے اورپھرجانبرنہ ہوسکے۔امیرشریعت ؒکے دوفرزندہیں۔مولانااحمدولی فیصل رحمانی اورمولانافہدرحمانی۔آپ نے اپنی زندگی میں ہی اپنے بڑے فرزندمولانااحمدولی رحمانی کی سجادہ نشینی کااعلان کردیاتھااوریہ بھی لکھ دیاتھاکہ چھوٹے فرزندرحمانی تھرٹی اوررحمانی فاؤنڈیشن دیکھیں گے اوربڑے بھائی کی معاونت کریں گے۔علالت سے عین قبل آپ نے نائب امیرشریعت نوجوان عالم دین مولاناشمشادرحمانی استاذدارالعلوم وقف کونامزدکردیاتھا۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here