All kind of website designing

بنگلہ دیش: قائد جمعیتہ، مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت برکاتہم کی ہدایت، اور علامہ فریدالدین مسعود صاحب دامت برکاتہم، کی زیر سرپرستی؛ مظلوم روہنگیائی مہاجرین کی راحت رسانی پر مامور (مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری، مولانا احمد عبداللہ رسول پوری آرگنائزرجمعیتہ علماء ہند، مولانا امجد باپو برطانیہ، مفتی سلمان احمد ، مولانا شعیب، مولانا عبداللہ شاکر، وغیرہم پر مشتمل 10 رکنی) جمعیتہ علماء کےوفد نے “ٹکناف ایزلا ہیلتھ کمپلیکس ” میں مریضوں کی عیادت کی اور کچھ نقد تعاون کیا :
وفد یہاں سے “نیاپاڑہ” کیمپ پہونچا جہاں تقریبا 70000 مہاجرین پناہ لئے ہوئے ہیں: پینے کے پانی اور بیت الخلاء کی شدید ضرورت کی وجہ سے یہاں 500 فیملی کیلئے برطانیہ کی (Save Our World اور Angel Welfare & Education Trust ) تنظیم کے خاص تعاون سے جمعیتہ علماء کی زیر نگرانی فی الحال 5 ہینڈ پمپ، ایک موٹر ٹیوبل، پانی کی عارضی ٹنکی، ہر دس فیملی پر 4 بیت الخلاء، (مرد و عورت کے الگ الگ؛) 35 بیت الخلاء بنا دیئے گئے ہیں ،کام جاری ہے ،
ایک ہینڈ پمپ کا 16000 سے 26000 تک اور بیت الخلاء 6000 نیز، موٹر ٹیوبل تقریبا 60000 تک خرچ آرہا ہے:
بعض مقامات پر 130 فٹ بور کرنے کے باوجود پانی نہیں مل سکا مجبورا دوسرے مقام پر بورنگ کرنی پڑرہی:
اس کیمپ میں جمعیتہ علماء و اصلاح المسلمین کی طرف سے جاری کاموں میں الحمدللہ اب تک دس 10 عارضی مساجد مکمل ہو چکی ہیں ہر مسجد میں مکتب کا نظم کیا گیا ہے،اور تین،تین،چار، چار برمی مہاجر اساتذہ کو متعین کیا گیا ہے ، جامعہ اسلامیہ “فارم فروع ” برما سے فارغ، مکتب کے استاذ مولانا ابو طیب برمی نے بتایا کہ ان کے سگے چچا کو آگ میں جلاکر شہید کردیا گیا، دوسرے استاذ حافظ محمد نورالاسلام نے بتایاکہ ہمارا “سوٹا گوجر بل” پورا گاوں، آرمی نے جلا ڈالا؛ اللہ ظالموں کو ہدایت، اور مظلوموں کی نصرت فرمائے،

وفد یہاں سے جمعیتہ کیمپ “جزیرہ شاہ پوری” پے جانے کیلئے (جہاں سب سے پہلے سمندری دریاء ناف کے راستے بذریعہ کشتی شام ہوتے ہی مہاجرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے) ” نتن پاڑہ” پہونچا؛ لیکن کچھ وجوہات کی بناء آرمی نے شاہ پوری جزیرہ پے جانے کی پابندی لگائی ہوئی ہے، وفد کا احترام کرتے ہوئے، لکڑی کے اس پل تک جانے کی اجازت دیدی جو کہ مہاجرین کی سخت پریشانی کے سبب جمعیتہ نے ایک دوسری تنظیم کے اشتراک سے بنایا ہے :
یہاں سے آگے بارڈر تک جانے کی اجازت نہیں مل سکی؛ یہاں سے واپسی پر ” نتن پاڑہ” میں آج ہی ہجرت کرکے آنے والے مہاجرین کو، ترکی کی تنظیم ” الفاتح “(جو کہ جمعیتہ علماء ہی کی نگرانی میں کام کررہے ہیں) کی طرف سے فوڈ کیٹس اور جمعیتہ کی طرف سے نقد مالی تعاون کیا گیا؛
یہاں آج ہی کے مہاجر عالم، مولانا ابوالقاسم نے روداد ستم سناتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاندان کے 25 مرد حضرات کو گولیوں سے شہید کردیا گیا؛ اب ساری خواتین کی کفالت انہیں کے ذمہ ہے؛ کہاں تک یہ داستان الم سنائی جائے یہاں تو ہر ہر شخص زخمی ہی زخمی ہے؛ اللہ خاص رحم وکرم کا معاملہ فرمائے،
جمعیتہ کا وفد یہاں سے مدنی مرکز (دو بیگھہ طویل و عریض آراضی پر زیر تعمیر، بیاد حضرت فدائے ملت رح، جسکی بنیاد 26 ستمبر کو خود قائد جمعیتہ کے ہاتھوں رکھی گئی ) پہونچا الحمدللہ یہ مرکز تکمیل کے قریب ہے نماز اور مکتب شروع ہو چکا ہے؛ رب العالمین تمام کاموں میں آسانیاں فرمائے

جمعیتہ کے ایک اور مکتب کے جائزے کے دوران مولانا ابو ہشام (جو کہ ابھی چار ہی دن قبل ہجرت کر کے آئے ہیں اور جامعہ اسلامیہ نوراللہ پاڑہ ضلع منگڈو میں ترمذی شریف، مشکوت شریف، اور جلالین شریف جیسی اہم کتابیں پڑھاتے تھے ) نے اپنی روداد غم سنائی کہ ابھی آتے وقت بھی ظالموں نے ہم پر حملہ کیا لیکن رب کا کرم کہ بچ گئے: مولانا کے ہاتھ پر زخموں کے نشانات موجود تھے : مولانا کے دوبھائی، عزیزالرحمن، محمد ہاشم، اور بیٹے محمد زبیر کو شہید کردیا گیا: مدرسہ بھی شہید کردیا گیا: اللہ رحم فرمائے۔ اسلام کی ابتداء سے ہی ابو جہل،ابولہب کے ماننےوالوں نے، اپنے آقائوں کے طریقے پے چلتے ہوئے، حضرت محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کے چاہنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی، لیکن حضور خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں نے بھی عہد کر رکھا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک اپنے پیارے آقاء حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور عقیدہ ختم نبوت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ؛ اللہ تمام غلامان محمد ص کا حامی و ناصر ہو ، آمین یا رب العالمین محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کےجاں نثار صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین جیسے مضبوط ایمان کی تمنا رکھنے والے غلامان صحابہ (اکابرین جمعیتہ)نےظالموں کی شاطرانہ چالوں کو سمجھتے ہوئے،) مکاتب اسلامیہ کی شکل میں تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو عام، اوراس تاریک دنیا کو علوم نبوت کی ضو سے روشن، اور امن و امان کا گہوارہ بنانے کیلئے، کوششیں اور بھی تیز کردی ہیں ؛
الحمدللہ ہرمکتب میں کم از کم تین،تین،چار، چار سو بچے (300 ؛ 400 ) با قاعدہ داخل ہوچکے ہیں، جبکہ نام لکھانے کا سلسلہ   مستقل جاری ہے۔اس علاقہ میں اگلے ہفتہ انشاءاللہ 38 عارضی مساجد و مکاتب اور شروع ہو جائیں گے۔ اسی طرح “بالو خالی مہاجرین کیمپ ” میں 12 عارضی مساجد اور ہر مسجد میں مکتب شروع ہو چکے ہیں جسکی نگرانی مفتی سلمان احمد صاحب ڈھاکوی کررہے ہیں، مکتب ابو بکر میں الحمدللہ 193 یتیم بچوں سمیت 582 بچے مکتب میں داخل ہوچکے ہیں، ابھی مستقل سلسلہ جاری ہے، مکتب فیض الرحمن، حکیم پور “بالو خالی2″ میں170 یتیم بچوں سمیت 600 بچے داخل ہو چکے ہیں،جن میں 65 بچے درجہ حفظ میں ہیں؛ سلسلہ مستقل جاری ہے: اس محلہ میں 200 مہاجر برمی علماء، 42 بیوہ عورتیں، اور 14 سے 21 سال کی 14ایسی بچیاں ہیں جن کے ورثاء میں سے کوئی بھی زندہ نہیں، سب شہید کردیئے گئے، مکتب عثمان ” بالو خالی ” ہی میں بچوں کی تعداد اور زیادہ ہونے کیوجہ سے درجہ تحفیظ القران مستقل الگ بنادیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ ہر مسجد کے تحت ” بیوائوں کے گاوں کے نام سے ” 50 : 50 بیوائوں کی رہائش کا مکمل الگ نظام بنایا گیا ہے، کام تیزی سے جاری ہے ، اللہ مدد فرمائے،
سب سے پہلے مسجد بناکر درج ذیل طریقہ پرکاموں کو آگے بڑھانے کا نظام بنایا گیا ہے:
(1) محلہ میں علماء و حفاظ کی تعداد، (2) طلباء کی تعداد، ( 3) یتیموں کی تعداد، ( 4) بیواؤں کی تعداد؛ محلہ کا مکمل نظام کو دیکھنے کیلئے ایک تبلیغی کمیٹی بنادی جاتی ہے ؛اسی طرح تعلیمی نظام کیلئے مسجد کی ایک کمیٹی بنادی جاتی ہے، اور ان کاموں کے مکمل نظام کو دیکھنے کیلئے محلہ ہی کے بڑے عالم کو نگراں بنادیا جاتاہے؛ ہر مسجد میں 6 مدرسین اور ایک امام ، ایک خطیب متعین کیا جاتا ہے؛
الحمدللہ مکاتب میں روز بروز بچوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے؛ یہاں ہر مکتب میں پانچ پانچ چھ چھے سو بچے داخل ہو چکے ہیں: بچوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے مفتی سلمان صاحب ڈھاکوی نے تین تین شفٹوں میں مکاتب کا نظام بنایا ہوا ہے، ان مظلوم مہاجرین کے دین و ایمان کی بقا کیلئے اعلی تعلیمی اداروں کے علاوہ فوری طور پر کم از کم پندرہ سو(1500) مکاتب کی شدید ضرورت ہے ،
دعاء فرمائیں کہ رب العالمین (ان مظلوم مہاجرین کیلئے) جمعیتہ علماء و اصلاح المسلمین کے بڑھائے ہوئے قدم کو دوام عطاء فرمائے اور درمیان میں کوئی بھی رکاوٹ حائل نہ ہو، کارکنان جمعیتہ کو مزید اخلاص للہیت کے ساتھ قوت و ہمت عطاء فرمائے؛

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here