امریکہ نے پاسداران انقلاب کے دو عہدیداروں پر پابندیاں عاید کر دیں

0
712
All kind of website designing

ایرانی سرگرمیاں عالمی سلامتی کے لیے خطرہ: سعودی عرب پینٹاگن کا سعودی عرب کی مدد کا پابند رہنے کا اعادہ

واشنگٹن،ایجنسی : امریکی وزارت خارجہ نے کل منگل کے روز ایرانی پاسداران انقلاب کے دو سینیئر تفتیش کاروں کو انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے الزام میں بلیک لسٹ کر دیا ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری طرف ایران میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور زیر حراست سیاسی قیدیوں پر تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف امریکی عدالتوں میں مقدمات دائر کیے جا رہے ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق پاسداران انقلاب کے دو سینیئر تفتیش کاروں علی ھمتیان اور مسعود صفداری کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے دونوں پر پابندیاں عاید کر دی ہیں۔وزارت نے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلیک لسٹ ہونے والے پاسداران انقلاب کے تفتیش کار ایران میں 2019 اور 2020 میں ہونے والے احتجاج کے دوران زیر حراست سیاسی قیدیوں اور دوسرے لوگوں کے خلاف تشدد اور ظالمانہ برتاو اور غیر انسانی سزائیں دینے میں ملوث ہیں۔بیان میں یہ بھی امریکہ نے زور دیا ہے کہ امریکا ایران میں خلاف ورزیوں اور زیادتیوں کے ذمہ داران پر پابندیاں عائد کرنے کے لئے تمام مناسب وسائل کو بروئے کار لاتا رہے گا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایرانی رجیم سیاسی قیدیوں پر تشدد کے معاملات کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر قائم نظام کی حفاظت کی آڑ میں سند جواز فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ فارسی ویب سائٹ’ایران وائر’ کے مطابق امریکا میں ایرانی عہدیداروں کے خلاف غیرانسانی سلوک کی وجہ سے 10 ہزار شکایات کا اندراج کیا گیا ہے۔ ان درخواستوں پر ایران کو ایک کھرب ڈالر کے برابر نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
دریں اثناسعودی عرب کی کابینہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت اجلاس میں ایران کی سرگرمیوں کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ شاہ سلمان نے کل منگل کے روز کابینہ کے اجلاس ورچوئل شرکت کی۔اس موقعے پر کابینہ نے راس تنورہ اور الظہران میں یمنی باغیوں کی طرف سے حملوں کی کوشش کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی معیشت کے ایک بڑے مرکز پر حملے کے مترادف قرار دیا۔
کابینہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایرانی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے تہران پر دباو ڈالے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب میں ایران کے اشاروں پر تیل کی تنصیبات پر حملوں کی سازشیں کیں جنہیں ناکام بنا دیا گیا۔یہ قابل ذکر ہے کہ حوثی ملیشیا نے گذشتہ کچھ دنوں سے سعودی عرب کے شہریوں اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے حملے تیز کر دیے ہیں۔حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر کیے جانے والے بیلسٹک اور میزائل حملوں کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب فوجی اتحاد نے بتایا ہے کہ اتحادی فوج نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے 540 ڈرون بمبار طیارے اور 350 بیلسٹک مزائل تباہ کیے۔
دوسری جانب پینٹاگن نے ایک بار پھر امریکہ کا یہ موقف دہرایا ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کے حملوں کے خلاف سعودی عرب کی مکمل حمایت کرتا ہے۔پینٹاگن کے ترجمان جون کیربی نے منگل کی شام ایک پریس کانفرنس میں باور کرایا کہ امریکہ ، مملکت سعودی عرب کی اپنی اراضی کے تحفظ کے سلسلے میں کسی بھی نوعیت کے حملوں کے خلاف مدد کا پابند ہے۔ترجمان نے زور دیا کہ واشنگٹن اس حوالے سے پاسداری کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔امریکی وزارت دفاع گذشتہ ہفتے یہ باور کرا چکی ہے کہ تزویراتی شراکت دار کے طور پر سعودی عرب کی سپورٹ کی پابندی کی جائے گی۔ ساتھ ہی یہ کہ امریکہ اور سعودی عرب کے عسکری تعلقات میں پیش رفت دیکھی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ واشنگٹن نے سعودی عرب میں شہریوں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی تھی۔ رواں ماہ کے اوائل میں امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ’حوثیوں کے حملے نہ صرف شہریوں کے لیے بلکہ یمن کی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن رہے ہیں‘۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here