جمعیۃ علما کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ خواجہ صاحب کی زندگی یہ تعلیم دیتی ہے کہ جاہ وحشمت سے کوئی بلند نہیں ہوتا ،بلکہ جہد مسلسل سے دنیا و آخرت میں سرخروئی ملتی ہے۔
نئی دہلی/ اجمیر: سلطان الہندخواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ نے رسول پاک صلی اللہ علیہ واٰلہ سلم کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بلاتفریق مذہب، تمام انسانوں کی خدمت کی اور اپنا میدانِ عمل دہلی کی مسلم سلطنت کو نہیں ،بلکہ پرتھوی راج چوہان کے ’اجمیر‘ کو بنایا اور مصائب کا پہاڑ اوڑھ کر بھی اپنے اعلی اخلاق و کردار سے لاکھوں انسانوں کو سچائی کی دولت سے مالا مال کیا۔ یہ بات مولانا محمود مدنی نے اجمیر میں سالانہ عرس کے زائرین کے لئے میڈیکل کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج آٹھ سو نو سال گزر جانے کے باوجود ان کا نام آفتاب سے زیادہ روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ صاحب کی سرزمین پر جمعیۃ علماء ہند کے خدام کو خدمت کا موقع ملا ہے، جہاں لگاتار پانچ برسوں سے ریاستی جمعیۃ کے ذمہ داران ہر عرس کے موقع پر زائرین کے لیے طبی خدمت انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ صاحب کی زندگی ہمیں یہ تعلیم دیتی ہے کہ اچھے القاب اور جاہ وحشمت سے کوئی بلند نہیں ہوتا، بلکہ جہد مسلسل سے دنیا اور آخرت میں سرخروئی ملتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء کسی خاص طبقے کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ یہ ملت کی نمائندگی کرتی ہے اورجب وہ بات کرتی ہے تو اس کے سامنے ملت اسلامیہ کا مفاد ہوتا ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ آج کے مشکل وقت میں بے فکری سے کام چلنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولاد کی تربیت پر ہماری توجہ اتنی ہے کہ اگر اس کی شادی کرنی ہو تو بے انتہا خرچ کریں گے، لیکن تربیت کا معاملہ ہو تو جتنی توجہ پالتو بکری کی دیکھ ریکھ پر ہوتی ہے، اتنی بھی اولاد کی تربیت پر نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا کہ باہر کا بدلاؤ اتنا ضروری نہیں ہے، جتنا اندر کا ضروری ہے۔ زمانہ آج ہماری طرف دیکھ رہا ہےکہ کوئی مصیبت زدہ کی مدد کرنے والا، مظلوموں اور پریشان حال لوگوں کو سیدھا راستہ دکھلانے والا اور نفرت کا جواب محبت سے دے کر دلوں کو فتح کرنے والا۔ اس لیے ضروری ہے کہ خواجہ صاحب کی زندگی سے نصیحت حاصل کرکے ہمیں ٹوٹے دلوں کو جوڑنا ہے۔
اس موقع پر درگا اجمیر شریف کے نائب ناظم ڈاکٹر عادل نے عرس کے موقع پر جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ جس طرح جمعیۃ علماء کے خدام نے گزشتہ سال کئی لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعہ ان کے وطن تک پہنچایا، وہ ایک ایسا کام ہے جو عرس کی بھیڑ کے موقع پر کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان کے علاوہ درگاہ اجمیر شریف کے ناظم اشفاق حسین، عبدالواحد انگارہ چشتی، مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علاء ہند نے بھی خطاب کیا۔
جمعیۃ علمائے راجستھان صدر قاری محمد امین نے پروگرام کی صدارت کی اور پروگرام کی نظامت مولانا شبیر احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء راجستھان نے انجام دی، درگاہ اجمیر شریف کے دیگر ذمہ داران آل بدر چشتی، مصور علی چشتی، محمود حسین پارسد، جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر مولانا علیم الدین اجمیری، مولانا ابوالحسن پالن پوری، جمعیۃ علماء گجرات کے سکریٹری عتیق الرحمن قریشی، مولانا حفظ الرحمن تھور پالن پور، مولانا محمد یونس سیکر، مولانا محمد ایوب، مولانا رمضان جودھور سمیت راجستھان کے الگ الگ اضلاع سے جمعیۃ کے ذمہ داران بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اس تقریب کے بعد مولانا مدنی نے دہلی گیٹ اجمیر شریف پر ایک کلینک کا افتتاح کیا جو درگاہ شریف سے قریب واقع ہے۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں