صلاحیتوں کا ارتقاء کیسے ہو؟

0
1667
All kind of website designing

 

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

موجودہ دور میں انسانی صلاحیتوں کی زبردست مانگ ہوگئی ہے _ صلاحیتوں ہی کی بنیاد پر انسانوں کا مقام و مرتبہ طے کیا جانے لگا ہے _ جو ممالک اپنے یہاں مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کو جمع کرلیتے ہیں انہیں دیگر ممالک پر سبقت اور برتری حاصل کرنے میں دیر نہیں لگتی _ یہی حال تحریکوں ، اداروں اور انجمنوں کا ہے کہ اگر ان کے وابستگان صلاحیتوں کے حامل ہوں تو وہ انہیں بامِ عروج پر پہنچا دیتے ہیں _ اسی اہمیت کے پیش نظر جماعت اسلامی ہند نے گزشتہ میقات میں Human Resource Development کے نام سے ایک شعبہ قائم کیا تھا ، جس کے ذریعے مقامی ، ریاستی اور مرکزی سطح پر جماعت کے ذمے داران اور ارکان کے اندر مختلف صلاحیتیں پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے _
شعبہ HRD کی جانب سے مرکز جماعت میں اور مختلف ریاستوں میں بھی فنّی بنیادوں پر برابر پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں _ اب اس کی طرف سے صلاحیتوں کی نشوونما کی اہمیت اور طریقۂ کار واضح کرنے کے لیے ‘صلاحیتوں کا ارتقا’ نامی یہ کتابچہ شائع کیا گیا ہے ، جسے نائب امیر جماعت اسلامی ہند اور شعبہ کے نگراں جناب ایس امین الحسن نے تیار کیا ہے _ موصوف یوں تو پیشہ سے سِوِل انجینیر ہیں ، لیکن بعد میں انھوں نے سائیکولوجی سے پوسٹ گریجویشن کیا ہے ، جس کے بعد اب کونسلنگ بھی کرتے ہیں _
اس کتاب میں صلاحیتوں کی نشو ونما کے سلسلے میں بہت اہم اور قیمتی رہ نمائی فراہم کی گئی ہے _ آغاز میں مختلف صلاحیتوں کے حصول کی ضرورت و اہمیت بیان کرنے کے ساتھ ان کے فروغ کے لیے تدابیر اور وسائل کی نشان دہی کی گئی ہے _ اس کے بعد تفصیل سے بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصحاب کے اندر مختلف صلاحیتیں پیدا کرنے کی کوشش کرتے تھے ، چنانچہ ان میں بڑی تعداد میں کاتبین ، معلمّین ، مبلّغین ، مفتیان ، ائمہ و مؤذنین ، شعراء ، مقرّرین اور سفراء تیّار ہوئے _ ایک مضمون میں تحریر کیا گیا ہے کہ عصر حاضر میں سخت ضرورت ہے کہ تحریک اسلامی کے وابستگان بھی مختلف صلاحیتوں کے حامل ہوں ، تاکہ تہذیبی تصادم کے دور میں وہ اسلام کی بہتر ترجمانی کرسکیں ، عزّت و وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں اور بندگانِ خدا کے سامنے اسلام کی دعوت بھی پیش کرسکیں _ اس کتاب میں خواتین کو بھی مخاطب بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کی صلاحیتوں کا بھی فروغ ضروری ہے ، تاکہ وہ سماج کی اصلاح میں اپنا مطلوبہ کردار پورے اعتماد کے ساتھ سر انجام دے سکیں _ فاضل مصنف نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تحریک اسلامی کے ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں میں ارتقاء کے لیے ہمہ وقت فکر مند رہنا چاہیے اور اس کے لیے مختلف تدابیر اختیار کرتے رہنا چاہیے _اس کتاب کی حیثیت ایک گائیڈ بک کی ہے ، جو قاری کو صلاحیتوں کے ارتقاء کی فکر کرنے کے لیے نہ صرف بے چین کردیتی ہے ، بلکہ اس کے لیے عملی رہ نمائی بھی فراہم کرتی ہے _ تحریک اسلامی کے ہر کارکن کو اس کتاب کا مطالعہ ضرور کرنا چاہیے _

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here