سیمانچل کے مختلف پلیٹ فارم کے نوجوان بنائیں گے اپنا ایک مشترکہ وفاق

0
915
All kind of website designing

سیمانچل یوتھ الائنس کے نوجوانوں کی جدوجہد اس خطہ کو باوقار مقام دلانے کی منزل تک لے جائے گی ۔مولانا سیدطارق انور

پورنیہ،11؍اپریل(پریس ریلیز)’’سیمانچل کی پسماندگی ۔اسباب و حل‘‘ کے عنوان سے اسلامک پیس فاؤنڈیشن آف انڈیا کے نوجوانوں پر مشتمل شعبہ ’’مسلم یوتھ موومنٹ‘‘ بہارکے زیر اہتمام فاؤنڈیشن کے جنرل سکریٹری مولانا سید طارق انور کی صدارت میں اسحاق منزل ،اسلام نگر ،پورنیہ میں ایک اہم نششت منعقد ہوئی ،جس میں مختلف پلیٹ فارم سے یوتھ ونگ کے نوجوان شریک ہوئے اور مٹینگ کے ایجنڈہ پراظہار خیال کرتے ہوئے اپنے تجربات ومشاہدات سے نوجوانوں کو آگاہ کیا۔ شرکاء نے متفقہ طور پر ’’مسلم یوتھ موومنٹ ‘‘کی تجویز کو سراہتے ہوئے سیمانچل سطح پر’’ سیمانچل یوتھ الائنس ‘‘کے قیام کو ناگزیر بتایااور اس کی تشکیل کے لئے اپنا بھرپور تعاون دینے و اسے مضبوط ومستحکم کرنے کا عزم لیا ۔مولانا طارق انور نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ جب مختلف جھنڈوں والی اور الگ الگ خیالات ونظریات کی حامل سیاسی پارٹیوں کا وفاق بن سکتاہے تو پھر سماجی کارکنوں و رضاکاروں کا کوئی وفاق کیوں نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا کہ سیمانچل یوتھ الائنس میں شامل نوجوانوں کی جدوجہد اس خطہ کو باوقارمقام دلانے کی منزل تک لے جائے گی ۔’’مسلم یوتھ موومنٹ ‘‘بہارکے صدرمحمد سراج نے مٹینگ کے صدر کی تائید میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیمانچل کے اضلاع کی سماجی ،سیاسی ومذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگ اور طلبا ء تنظیموں کے قائدین کو جوڑکر سیمانچل یوتھ الائنس کا ایک اجلاس پورنیہ ہیڈکواٹر میں منعقد کیا جائے گا، جس میں سیمانچل یوتھ الائنس کا لائحہ عمل اور اہداف طے کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیماچل میںیوتھ الائنس کا تجربہ کامیاب رہا تو اسے ریاستی سطح پر بھی متعارف کرایا جائیگا۔مسلم یوتھ موومنٹ کے سکریٹری جنرل سید توصیف عالم نے کہا کہ وقت آگیاہے کہ لفاظی کی بجائے نوجوان عملی اقدامات کو اپنا مقصد بنائیں،انہوں نے کہا کہ حوصلہ مند اور باصلاحیت نوجوان ہی مایوسی کو امید میں بدل سکتے ہیں۔یوتھ موومنٹ کے ترجمان آصف خان نے کہا کہ سیمانچل یوتھ الائنس کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے لئے 20رکنی یوتھ کونسل کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گاتاکہ حکمرانوں کے جبر و ظلم کے خلاف اور نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے نوجوانوں کومزید متحرک وفعال بنایا جاسکے ۔مٹینگ سے خطاب کرنے والوں میں سیمانچل مدرسہ ایجوکیشن فورم کے جنرل سکریٹری مولانا اورنگ زیب کلیم قاسمی، آئی پی ایف بہار کے ریاستی صدر انوار عالم ،ارمان خان ،عمران عرف آرزو،احسن عالم، شارق مسیح،عمران احمد کے اسماء خاص طورسے قابل ذکر ہیں۔واضح رہے کہ اسلامک پیس فاؤنڈیشن آف انڈیا کے زیر اہتمام مسلم یوتھ موومنٹ کے شعبہ کے ارکان کافی فعال و متحرک ہیں جن کے عزائم جواں اور حوصلے بلندہیں ۔جنہوں نے سماجی برائیوں کے خلاف گویا ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے ،یہی وجہ ہے انہیں عوام میں مقام واعتبار حاصل ہے ۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here