اور وہ مسلمان ہوگیا

0
1089
All kind of website designing

عبدالعزیز 

بات کلکتہ کی ہے ۔ چند دنوں پہلے کلکتہ کے سالٹ لیک میں عالمی کتاب میلہ (26جنوری تا 11فروری) تھا۔ جماعت اسلامی ہند کی طرف سے مرکزی مکتبہ اسلامی (اردو، انگریزی، ہندی وغیرہ) اور اسلامی بک سنٹر (بنگلہ) کا بک اسٹال ہر سال کی طرح امسال بھی لگا ہوا تھا۔ خالی جگہوں پر میز اور کرسیاں رکھ کر قرآن مجید کے نسخہ کی کاپیاں غیر مسلم بھائیوں کو دی جارہی تھیں اور جو لوگ قرآن، سیرتِ رسولؐ یا اسلام کے متعلق کچھ سوالات کرتے تھے انھیں تشفی بخش جواب دیا جارہا تھا۔ شاداب معصوم نے راقم سے ایک واقعہ کا ذکر کیا۔ سن کر بڑی خوشی اور مسرت ہوئی۔ 
ایک پچھتّر سالہ بی ایس این ایل (بھارت سنچار نیگم لمیٹڈ) کا ریٹائرڈ انجینئر کو جماعت کے طلبہ ونگ (ایس آئی او) کے ایک ممبر نے قرآن مجید کا ایک نسخہ دیتے ہوئے کہاکہ محترم گھر جاکر نہا دھوکر اسے مطالعہ کیجئے گا۔ یہ سنسار کے مالک کی کتاب ہے جسے ہم آپ کو تحفتاً دے رہے ہیں اور اگر کوئی بات نہ سمجھ میں آئے تو ایک صفحہ کے کونے میں فون نمبر درج ہے اس کے ذریعہ رابطہ کیجئے گا تو آپ کے سوالوں کا جواب دیا جائے گا۔ اس بوڑھے آدمی نے ساری بات غور سے سنی۔ اس کے ساتھ اس کا ایک خادم کتابوں کا تھیلا لئے کھڑا تھا۔ انجینئر نے کہاکہ میرا نام سنجیب دھر ہے۔ میں بیس پچیس سال پہلے بی ایس این ایل سے ریٹائرڈ ہوا ہوں۔ میرے دو بیٹے ہیں۔ سب کو انجینئر بنایا۔ایک لڑکا امریکہ میں ہے اور ایک آسٹریلیا میں۔ دونوں کو میری خیر و عافیت دریافت کرنے کی مہلت تک نہیں ملتی۔ دونوں اپنے لئے جی رہے ہیں اور میں مر گیا تو کوئی مجھے پوچھنے والا بھی نہیں ہوگا۔ یہ آپ نے جو ایشور یااللہ کی کتاب زندگی کے آخری دنوں میں دی ہے اسے پڑھ کر مجھے کیا فائدہ ہوگا؟ ایس آئی او کے ممبر (طالب علم) نے سورہ بقرہ کی آیت 38 اور 39 پڑھنے کی گزارش کی۔ 
’’(آدم و حوا سے) ہم نے کہا کہ سب یہاں سے اتر جاؤ پھر جو میری طرف سے کوئی ہدایت تمہارے پاس پہنچے تو جو لوگ میری اس ہدایت کی پیروی کریں گے ، ان کیلئے کسی خوف اور رنج کا موقع نہ ہوگا اور جو اس کو قبول کرنے سے انکار کریں گے اور ہماری آیات کو جھٹلائیں گے وہ آگ میں جانے والے ہیں، جہاں وہ ہمیشہ رہیں گے‘‘۔ 
طالب علم نے کہا ’’ایشور یا اللہ یہ فرما رہا ہے کہ تم اگر اس کے احکامات کو مانوگے تو تمہیں کسی خوف و رنج کا احساس نہیں ہوگا اور جو زندگی میں حزن و ملال ہے وہ جاتا رہے گا‘‘۔ طالب علم نے پھر اس شخص سے سورہ بنی اسرائیل کی آیت 24 اور 25 پڑھنے کیلئے کہا۔ 
’’والدین کے ساتھ نیک سلوک کرو، اگر تمہارے پاس ان میں سے کوئی ایک یا دونوں بوڑھے ہوکر رہیں تو انھیں اُف تک نہ کہو اور نہ انھیں جھڑک کر جواب دو بلکہ ان سے احترام کے ساتھ بات کرو اور نرمی اور رحم کے ساتھ ان کے سامنے جھک کر رہو اور دعا کیا کرو کہ پروردگار ان پر رحم فرما جس طرح انھوں نے رحمت و شفقت کے ساتھ مجھے بچپن میں پالا تھا۔ تمہارا رب خوب جانتا ہے کہ تمہارے دلوں میں کیا ہے۔ اگر تم صالح بن کر رہو تو وہ ایسے سب لوگوں کیلئے در گزر کرنے والا ہے جو اپنے قصور پر متبنہ ہوکر بندگی کے رویے کی طرف پلٹ آئیں‘‘۔ 
آخر میں طالب علم نے کہاکہ آپ کو دیر ہورہی ہوگی ۔ آپ سے گزارش کروں گا کہ اس میں ایک Chapter ہے جس کا عنوان ہے سورہ لقمان۔ لقمان حکیم نے اپنے بیٹے کو نصیحت کی ہے وہ نصیحت ایسی ہے جسے باپ کو اپنے بیٹے کو کرنی چاہئے۔ 
انجینئر نے یہ سن کر کہا کہ ہمیں تو واقعی یہ ایشور کی کتاب معلوم ہوتی ہے۔ اس کی تو ہر بات مجھے ماننی چاہئے۔ اسے جاننے کیلئے اور کیا کرنا ہوگا؟طالب علم نے کہاکہ اللہ اور اس کے پیغمبر پر ایمان لانا ہوگا۔ 
کیسے لانا ہوگا؟ بوڑھے شخص نے دریافت کیا۔ 
طالب علم نے کلمہ طیبہ (کلمہ اول) اور کلمۂ شہادت(کلمہ دوم) پڑھ کر سنایا اور اس کا معنی بتاتے ہوئے کہاکہ اسے پڑھنا ہوگا اور دل سے اقرار کرنا ہوگا پھر انہی احکامات کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھال لینا ہوگا۔ 
اس نے کہاکہ مجھے دونوں کلمے پڑھاؤ۔ طالب علم پڑھتا گیا اور وہ دہراتا گیا۔ جگر مراد آبادی نے سچ کہا ہے ؂

اللہ اگر توفیق نہ دے انسان کے بس کا کام نہیں 
فیضانِ محبت عام سہی عرفانِ محبت عام نہیں 
موبائل: 9831439068

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here