پے در پے فرقہ ورانہ فسادات کا سلسلہ ملک کو شرمسار کررہا ہے

0
1072
All kind of website designing

مولانا محمود مدنی کی قیادت میں جمعیۃ علماء ہند کے وفدکی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران تشویش کا اظہار 

نئی دہلی۔۵؍ اپریل : فرقہ پرستی اور شدت پسندی کے خلا ف طویل عرصے سے لڑنے والے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں تنظیم کے ایک وفد نے آج وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ان کے دفتر پر ملاقا ت کی ۔ اس موقع پر مولانا مدنی نے فرقہ وارانہ فسادات کے پے درپے ہو رہے واقعات پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس سے متعلق ایک میمورنڈم پیش کیا ۔مولانا مدنی نے وزیر داخلہ سے کہا کہ حال میں رام نومی تہوار کے موقع پر ملک کے مختلف حصوں بالخصوص بہار، مغربی بنگال اور دہلی میں فرقہ وارانہ تشد دکے واقعات اور کھلے بندے مساجد اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی نے ملک کے امن و انصاف پسند عوام کو گہری فکر اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔یہ واقعات اس امر کے متقاضی ہیں کہ شرپسند عناصر کے خلاف اعلی سطح پر کارروائی جائے اور معصوم شہریوں اورکمزور طبقات پر ہور ہے حملے کو روکنے کے لیے خصوصی اقدام ہو ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی سرکار اور انتظامیہ کو بارہا توجہ دلائی ہے جس کے بعد ہمیں یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ سرکار اس طرح کے معاملات سے سختی سے نمٹے گی اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر موثر اقدام کرے گی ۔مگریہ یقین دہانیاں بے سود ثابت ہوئیں ۔ اس لیے جمعیۃ علماء یہ چاہتی ہے کہ سرکار فرقہ وارانہ تشدد کے پھیلاؤ کی بنیاد کو ختم کرے اور اس سلسلے میں سب سے موثر طریقہ یہ ہے کہ ایسے ضلعی حکام اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو مسلسل امن وامان سے متعلق اپنی ذمہ داریوں میں ناکام ہو رہی ہیں ۔مولانا مدنی نے کہا کہ آ پ کے پاس ایک بار پھراس امید سے آئے ہیں کہ بدسے بدتر ہورہی فرقہ وارانہ صورت حال کا فوری ازالہ ہو ۔ میرا ماننا ہے کہ کوئی بھی مہذب سماج ،اقلیتوں اور کمزور طبقات کو غنڈو ں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتا ۔مولانا مدنی نے کہا کہ قانون کی نگاہ میں ہر شہری برابر ہے،لہذا کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا کسی کوقانون سے اوپر اٹھ کر احساس برتری اور دوسروں کو احساس کمتری میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہم پوری امید کرتے ہیں کہ حکومت ہمارے احساسات کو سمجھتے ہوئے کمزور اور مظلوم طبقات کے مسائل کا حل نکالے گی اور فوری طور پر امن و امان اور اعتماد کی فضا بحال کرنے کی کوشش کرے گی۔مولانا محمود مدنی نے بتایا کہ ہماری باتوں کو وزیر داخلہ نے بہت ہی سنجیدگی کے ساتھ سنا اور کہا کہ وہ ان حالات کو درست کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔جمعےۃ علماء ہند کے وفد میں مولانا مدنی کے علاوہ مولانا نیاز احمد فاروقی رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند ، شکیل احمد سید رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہنداور مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند وغیرہ موجود تھے ۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here