اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں منعقد ہونے والے ساتویں بین الاقوامی ثقافتی میلے کا اختتام

0
1252
All kind of website designing

مدینہ منورہ (نیا سویرا لائیو)کل رات اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں دس روزہ ساتویں بین الاقوامی ثقافتی میلے کا اختتام ہوا۔واضح رہے کہ اس ثقافتی میلے میں 80 ممالک کے تقریبا 500 طلبہ نے شرکت کی، جس میں انہوں نے اپنے ملک کی تہذیب وثقافت کو بہت خوبصورتی سے پیش کیا۔ اپنے ملک کا تعارف، اس کی تاریخ، مسلمانوں کا تناسب اور ملک کی تعمیر وترقی میں ان کا کردار، اہم تاریخی آثار، اور دلکش سیاحتی مقامات کا تعارف نہایت عمدگی سے کرایا۔ اس موقع پراپنے ملک کی خاص اور مشہور چیزوں کے فروخت کا بھی انتظام کیا گیا تھا، جسے زائرین نے خوب پسند کیا۔اس ثقافتی میلے میں روزانہ مختلف مقابلے بھی ہوئے، جس میں اپنے ملک کی زبان میں شعری مقابلہ، عالمی کھانوں کا مقابلہ، ٹوئٹر پر ٹرینڈ کا مقابلہ اور روایتی کھیل کا مقابلہ قابلِ ذکر ہیں۔ اس کے علاوہ ہر روز زائرین کی ووٹنگ کی بنیاد پر تین سب سے بہتر ممالک کو انعام سے نوازا جاتا تھا۔ اس موقع پر ہندوستان کے اسٹال کو زائرین نے کافی پسند کیا۔ان کی توجہ کا خاص مرکز تاج محل کا خوبصورت اور قدآور فوٹو رہا جس کے سامنے سیکڑوں لوگوں نے تصویریں کھینچائیں، اس کے علاوہ اسٹال کو لال قلعہ کے مجسم اور مغلیہ محرابوں سے مزین کیا گیا تھا۔ 
ہندوستانی طلبہ نے اپنے اسٹال کو اپنے ملک کی معلومات سے پُر کر دیا تھا، جس میں ہندوستان کا مکمل تعارف، ہندوستانیوں کی اہم اور نمایاں کارکردگیاں، ہندوستان وسعودی عرب کے تعلقات، ہندوستان میں مسلمانوں کی صورتحال، ملک کے اہم تاریخی آثار اور سیاحتی مقامات، اور اسلامی یونیورسٹی سے فارغ ہونے والے اہم اور نمایاں ہندوستانی طلبہ کا تعارف کرایا۔اس کے ساتھ ساتھ ضیافت کا بھی خاص نظم کیا گیا تھا، جسے زائرین نے بہت پسند کیا۔ سعودی خواتین اور بچے بالخصوص چنے اور کڑک چائے کا خوب لطف اٹھاتے رہے۔ کھانے کے مقابلے کے دن ہندوستانی طلبہ نے اپنے اسٹال پر مختلف انواع واقسام کی ڈشیں پیش کی تھیں، جنہیں زائرین نے خوب شوق سے کھایا۔ اس بین الاقوامی ثقافتی میلے کے اختتام کے موقع پر دس ممالک کے طلبہ کو خصوصی انعام اور باقی ممالک کو تشجیعی انعام سے نوازا گیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر جناب ڈاکٹر حاتم المرزوقی نے طلبہ سے خطاب کیا اور ان کی محنت کو سراہا اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر مبارکباد پیش کی۔ اختتامی اجلاس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے ذمہ داران اور اساتذہ کے ساتھ طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here