نئی دہلی، نیا سویرا لائیو: ریکس ریمیڈیز چیریٹیبل ٹرسٹ عرصہ دراز سے تعلیمی، فلاحی ،کلچرل اور سماجی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ ٹرسٹ کے ذمہ داران ہمیشہ ملک و ملت کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دینے کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔
ریکس ریمیڈیز لمٹیڈ کے بانی جناب حکیم نظیف احمد عثمانی مرحوم کے نام سے کئی فلاحی امور ریکس ریمیڈیز چیریٹیبل ٹرسٹ انجام دیتا رہا ہے۔ اور اس سلسلہ میں ہر سال دہلی کے مشہور تعلیمی ادارے کریسنٹ ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام کریسنٹ اسکول میں انٹر اسکول آن دی اسپاٹ پینٹنگ کے مقابلے منعقد کیئے جاتے ہیں۔
اس سال جشن یوم جمہوریہ کے موقع پر کریسنٹ اسکول جمالوکا باغ، موجپور میں گیارہواں انٹر اسکول پینٹنگ مقابلہ ’’بابائے ریکس حکیم نظیف احمد عثمانی رننگ ٹرافی‘‘ کے بینر تلے مورخہ 25 جنوری کریسنٹ اسکول کے احاطہ میں منعقد کیا گیا۔
آن دی اسپاٹ پینٹنگ مقابلہ میں دہلی کے 15 اسکولوں سے آئے تقریباً 150 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بخوبی مظاہرہ کیا۔ پینٹنگ مقابلہ میں دیئے گئے موضوعات سوچھ بھارت ؍ سواستھ بھارت ، بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اور دیگر دیدہ زیب کارٹون بناکر لوگوں کی توجہ اپنی قابلیت اور صلاحیت کی جانب مبذول کروائی۔ ان طلبہ کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ تقریباً 2 گھنٹے تک چلنے والے اس ایونٹ کی کنوینر آرٹ اینڈ کرافٹ ٹیچر محترمہ فرحت ہاشمی تھیں۔
انٹر اسکول پینٹنگ مقابلے میں پہلے تین اول پوزیشن لانے والے طلبہ آفرین، طوبیٰ اور ضحی کو ریکس ریمیڈیز چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے ایک ہزار روپے نقد ، ریکس برین ٹانک اور ایک شیلڈ انعام کے طور پر دی گئی۔ دوئم پوزیشن حاصل کرنے والے تین طالبعلموں گلفشاں، اریبہ اور شاہین کو 750 روپے نقد، ریکس برین ٹانک اور ایک شیلڈ پیش کی گئی۔ سوئم پوزیشن پانے والے تین طلبہ فوزیہ، تبسم اور ہرشیتا کو 500 روپے نقد، ریکس برین ٹانک اور ایک شیلڈ بطور انعام دی گئی۔ اس سال مجموعی طور پر اوّل آنے والے خدیجۃ الکبریٰ سینئر سیکنڈری اسکول، اوکھلہ کو بابائے ریکس حکیم نظیف احمد عثمانی رننگ ٹرافی سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ تمام طالبعلموں کو ریکس ہیلتھ پراش اور ریکس برین ٹانک تقسیم کیئے گئے۔
جج کے فرائض محترمہ ڈاکٹر سمتا لکھیانی ایسوسئیٹ پروفیسر پینٹنگ اینڈ آرٹ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن، دہلی یونیورسٹی نے بخوبی انجام دیئے اور ان انعامات کا اعلان کیا۔
جلسہ کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے کیا گیا۔ اس موقع پر ریکس ریمیڈیز چیریٹیبل ٹرسٹ اور کریسنٹ ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر جناب محمد شعیب اکرم صاحب، منیجر کریسنٹ اسکول نذیر احمد صاحب، ریکس ریمیدیز لمٹیڈ کے ڈائیریکٹر ایڈمنسٹریشن جناب منیف اختر عثمانی صاحب الحرمین فارما انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ کے منیجنگ ڈائیریکٹر محمد طارق صاحب، کریسنٹ ایجوکیشن سوسائٹی کے جناب ڈاکٹر محمد یوسف صاحب، جناب مہتاب احمد بٹلہ ، جناب ابراہیم سلمان راجہ، جناب محمد نسیم اختر صاحب اور وائس پرنسپل محترمہ نوشابہ قدوائی اور اسکول کے سینئر اساتذہ اور اسٹاف ممبران نے پروگرام میں شرکت فرما کر بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر ریکس ریمیڈیز چیریٹیبل ٹرسٹ کے صدر جناب محمد شعیب اکرم نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ ملک کی دولت اور اس کا مستقبل ہیں۔ مجھے اس پروگرام میں شرکت کرکے نہایت مسرت ہو رہی ہے۔ طالبعلموں کی قابلیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے اس طرح کے پروگرام ضرور منعقد کیئے جانے چاہیءں اور ریکس ریمیڈیز چیریٹیبل ٹرسٹ ہمیشہ ایسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔
اسکول کے منیجر نذیر احمد صاحب اور وائس پرنسپل نوشابہ قدوائی صاحبہ نے بچوں کو مبارکباد دی اور ریکس ریمیڈیز لمٹیڈ کے تعاون کے لئے اظہار عقیدت پیش کیا۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں