نئی دہلی، 16 جنوری ( ہ س/نیا سویرا لائیو) : دہلی کے تہاڑ جیل میں بند اقلیتی طبقہ کے خاص طور سے مسلمان قیدیوں کی رہائی کے لئے جمعیۃ علماء ہند نے جیل حکام کے ساتھ مل کر راستہ ہموار کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ معلوم ہوکہ تہاڑ جیل میں بڑی تعداد میں ایسے قیدی بند ہیں جن کی سزا پوری ہوگئی ہے مگر وہ جرمانہ ادا نہ کرپانے کی وجہ سے جیل سے باہر نہیں آپارہے ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند نے ایسے تمام قیدیوں کو جرمانہ ادا کرکے جیل سے آزاد کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ جمعیۃ کے اس فیصلے پر تہاڑ جیل انتظامیہ نے ایسے تمام قیدیوں کی لسٹ بناکر دینے کا وعدہ کیا ہے جن قیدیوں کی سزا پوری ہوچکی ہے۔ اور وہ محض جرمانہ ادا نہیں کرنے کی وجہ سے جیل سے رہا نہیں ہوپارہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ تہاڑ جیل میں بڑی تعداد میں ایسے قیدی بھی رہ رہے ہیں جن کی سزا پوری ہوچکی ہے مگر وہ جرمانہ ادا نہیں کرپانے کی وجہ سے جیل سے باہر نہیں آپارہے ہیں۔ ان قیدیوں میں زیادہ تر کی سزا پوری ہوئے کئی سال گزر چکے ہیں۔ ویسے بھی تہاڑ جیل میں طے تعداد سے زیادہ قیدی بند ہیں جس کے لئے جیل انتظامیہ کو کافی پریشانیاں بھی پیش آرہی ہیں۔ اس لئے جیل انتظامیہ بھی چاہتا ہے کہ سیکڑوں کی تعداد میں جیل میں رہ رہے ایسے قیدیوں کو یہاں سے باہر بھیجا جائے جن کی سزا پوری ہوچکی ہے۔ گزشتہ سال جیل حکام نے ان قیدیوں کی رہائی کے لئے حکومت سے کوئی راستہ نکالنے کے لئے کہا تھا۔ دہلی اقلیتی کمیشن نے بھی اس معاملے میں جیل حکام سے رابطہ کیا تھا لیکن اس معاملہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔ اب اس کام کو انجام دینے کے لئے جمعیۃ علماء ہند سامنے آئی ہے۔ جمعیۃ کے ایک وفد نے سکریٹری حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل آف تہاڑ جیل شلیندر پریہار سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پریہار نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی ایک لسٹ تیار کراکر انہیں سپرد کریں گے جس کے بعد قیدیوں کی رہائی کا راستہ کھل سکے گا۔ جمعیۃ علماء ہند 10 جولائی 2017 سے ہی اس کوشش میں مصروف ہے جس پر اب جاکر کامیابی ملنے کے امکان پیدا ہوگئے ہیں۔ وفد میں مولانا غیور قاسمی، مولانا جاوید صدیقی، مولانا شفیق احمد مالیگاؤنوی، عظیم اللہ صدیقی قاسمی وغیرہ شامل تھے۔ واضح رہے کہ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیتہ علماء ہند کی سربراہی میں تہاڑ جیل کے ڈایریکٹر جنرل آف پریزنر مسٹر شیلندر پریہار سے ملاقات کرکے ان غریب قیدیوں کی رہائی میں تعاون دینے اور دیگر ریفارم میں حصہ لینے پر تفصیلی گفتگو کی. واضح ہو کہ جمعیت علماء ہند ان قیدیوں کا مالی تعاون کرنا چاہتی ہے جو سزا پا چکے ہیں، مگر جرمانہ ادا نہ کرنے وجہ سے جیل سے آزاد نہیں ہو پارہے ہیں. اس کے لیے جمعیت کا وفد گزشتہ سال کئی راؤنڈ میں جا کر مل چکا ہے. آج کی ملاقات میں اس امر پر اتفاق ہو گیا کہ ایک لسٹ تیار کرکے چار پانچ یوم دے دی جایے گی.مولانا حکیم الدین قاسمی صاحب نے بتایا کہ جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی صاحب کی ہدایت پر ہم نے دس جولائی 2017 کو این شعبہ میں ملاقات کی تھی. تب سے اب تک اچھی پیش رفت ہوئی ہے. آج کے وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی ،مولانا غیور قاسمی، مولانا جاوید صدیقی، مولانا شفیق احمد مالیگانوی کے علاوہ جمعیۃ علماء کے میڈیا انچارج مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی بھی موجود تھے۔۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں