مولانا انوار احمد جامعی کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار رنج وغم
نئی دہلی:۳۰؍اکتوبر : جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر اور معرو ف عالم دین مولانا انوار احمد جامعی کے وصال پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے ۔مولانا مرحوم کل گزشتہ دہلی میں منعقد امن و ایکتا سمیلن میں شریک تھے اور پروگرام کے بعد گنگوہ تشریف لے گئے تھے جہاں اچانک حرکت قلب بند ہونے وجہ سے انتقال فرماگئے ۔مولانا مدنی نے کہا کہ مرحوم کے دوران سفر اچانک انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔ مولانا مدنی نے کہا کہ مرحوم فقیہ الامت مفتی محمود حسن گنگوہی رحمہ اللہ کے خلیفہ مجاز تھے اورپوری زندگی نام ونمود ،دکھاوے سے دور ہو کر خاموشی سے روحانی خدمات انجام دیتے رہے۔وہ طویل مد ت تک دینی درسگاہ جامعہ محمود یہ اشر ف العلوم جاجمؤ کانپور کے صدر المدرسین اور استاذ رہے ۔ اس کے علاوہ جمعےۃ علما ء کے عہدیدار کی حیثیت سے تنظیم کے کاز ومشن کو آگے بڑھاتے رہے ۔مولانا مرحوم جمعےۃ علماء ہند کے اکابر بالخصوص حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی ؒ سے گہرا تعلق رکھتے تھے ۔مولانا مدنی نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے تمام جماعتی احباب، ذمہ داران مدارس، متعلقین واحباب سے اپیل کی ہے کہ حضرت والا کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا خصوصی اہتمام کریں۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں