All kind of website designing

مالیگاؤں (نیا سویرا لائیو ڈاٹ کام )جمعہ کے روزبعد نماز مغرب اصلاح معاشرہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ(پربھنی)کی جانب سے عیدگاہ میدان جنتو ر روڈ ضلع پربھنی میں دس روزہ اصلاح معاشرہ مہم کا اختتامی مرکزی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت جناب عبدالرشید انجینئر صاحب (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)نے فرمائی ۔ آغاز میں مولا نا رفیع الدین اشرفی صاحب کا بیان ہوا، جس میں آپ نے اسلامی قوانین میں مداخلت کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنی شریعت میں کسی بھی طرح کی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے،آپ کے بعد حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی صاحب(رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے خطا ب کرتے ہوئے سامعین سے کہا کہ آپ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو شریعت کے مطابق بناؤ،احکام شریعت کاعلم حاصل کرو اور ان پر عمل پیراہو جاؤ ، یہی چیز تحفظ شریعت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔صدر اجلاس جناب عبدالرشید انجینئر صاحب نے خطبہ صدارت میں مسلمانوں سے درخواست کی کہ وہ طلاق کے سلسلے میں اسلامی ضابطوں کی پیروی کریں اور بے جا طلاق یا تین طلاق سے ہر حال میں گریزکریں، نیز تین طلاق دینے والوں کاسماجی بائیکاٹ بھی کریں، آپ کے بعد حضر ت مولانا محمدعمرین محفوظ رحمانی صاحب (کل ہند معاون کنوینر،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)کاخطاب ہوا،جس میں آپ نے موجودہ حکومت کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھولتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں اقلیتوں کی جان و مال، عزت آبروخطرے میں ہے،سب کاساتھ سب کاوکاس کانعرہ لگانے والی حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہورہی ہے،اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے غیر ضروری باتوں میں عوام کو الجھایا جارہاہے،آپ نے کہا کہ ظلم اور ناانصافی کے ساتھ حکومتیں باقی نہیں رہتیں،مسلمان مایو س نہ ہوں، آج اگر اندھیرا ہے توکل ضرور روشنی بھی ہو گی، آپ نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورے اہتمام کے ساتھ ادا کریں، خصوصاً شوہر کے حقوق اور بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں،آ پ کے بعد یوپی سے تشریف لائے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکی مجلس عاملہ کے رکن حضرت مولانا ڈاکٹر یاسین عثمانی بدایونی صاحب کاخطاب ہوا، انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اجلاس اس بات کی علامت ہے کہ مسلمان ایک زندہ قوم ہیں اور اپنے دین و شریعت کے تحفظ کے سلسلے میں پوری طرح متحد و متفق بھی ہیں،لہٰذا ہمیں حالات کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا ہے اور اسی کے ساتھ ہمارے معاشرے میں پائی جانے والی کمی کوتاہیوں کو دور بھی کرنا ہے۔اس اہم اجلاس میں مفتی حسنین محفوظ نعمانی ،مولانا جنید الرحمن آزاد قاسمی ،ڈاکٹر جاوید مکرم ،محترم ضیاء الدین صدیقی صاحبان نے بھی مؤثر انداز میں خطاب فرمایا۔اخیر میں عظیم عالم ربانی حضرت مولانا خلیل الرحمن سجا د نعمانی صاحب دامت برکاتہم(ترجمان آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)کا فکر انگیزخطاب ہوا، جس میں آپ نے سامعین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم شریعت کاعلم حاصل کریں، اس لیے کہ بہت ساری خرابیاں جہالت کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہیں، جہالت ہی کانتیجہ ہے کہ آج ہمیں یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں، آپ نے سرپرستوں سے کہا کہ وہ اپنے بیٹے اور بیٹیوں کانکاح کرنے سے قبل ازدواجی زندگی سے متعلق ان کی رہنمائی کریں، مردوعورت کی ذمہ داریاں بتلائیں ،اور آئندہ پیش آنے والے مسائل سے متعلق ان کی رہبری کریں۔
گذشتہ دنوں حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب کو بورڈ کا سکریٹری اور حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب کوترجمان منتخب کیے جانے پرمنتظمین جلسہ کی جانب سے دونوں ہی شخصیات کا پرتپاک اعزازواستقبال کیا گیا۔ اخیر میں مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے اسلامی قوانین میں مداخلت کی کوششوں کے خلاف ایک قرار داد پڑھی جس کی پورے مجمع نے ہاتھ اٹھاکر تائید کی۔ اس جلسۂ عام کے انعقاد کے لیے اراکین مسلم انصا ف کونسل (پربھنی)کی جانب سے اعلیٰ پیمانے پر نظم و انتظام کیا گیاتھا، جس کی اسٹیج پر موجود شخصیات اورسامعین نے سراہنا کی،اس جلسے میں ضلع پربھنی کے علاوہ اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں علماء و ائمہ کرام، دانشوران اور ہزاروں کی تعداد میں عام مسلمانوں اورخواتین نے شرکت کی، اسٹیج پرمختلف مکاتب فکر اور ملی تنظیموں کے نمائند ہ افراد موجود تھے،جن میں مولانا جنیدالرحمن آزا د قاسمی، ڈاکٹر جاوید مکرم صاحب ، مولانا شمس الدین سلفی، مولانا مشتاق فلاحی قابل ذکر ہیں۔نظامت کے فرائض مولانا ڈاکٹر طیب بخاری صاحب نے بحسن خوبی انجام دےئے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here