آئی جی اپنا کام کریں، ہم اپنا کام کریں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔محبوبہ مفتی
سرینگر، ایجنسی : محبوبہ مفتی با اتفاق رائے سے اگلے تین برس کیلئے پی ڈی پی صدر منتخب ہوگئیں۔اس دوران آ ئی جی کشمیر کی جانب سے دئے گئے حالیہ بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ اپنا کام کریں گے، اور ہم اپنا کام کریں گے۔ نمائندے کے مطابق موجودہ غیر یقینی صورتحا ل کے بیچ پی ڈی پی صدار تی انتخابات محبوبہ مفتی کی رہا ش گاہ واقع گپکار پر منعقد ہو ئے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں میں سابقہ ا راکین قانون سازیہ، پارٹی ضلع صدور، زونل صدور، صوبائی اکائی کے لیڈران اور ریاستی سطح کے عہدہداران، پی ڈی پی یوتھ لیڈران کے علاوہ درجنوں سنیئرلیڈران نے شرکت کی، جس دوران محبوبہ مفتی کو متفقہ طور پر تین برس کے لئے صدر منتخب کیا گیا۔ پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی میعاد گزشتہ برس 31 اکتوبر کو ختم ہو چکی تھی۔ لیکن کورونا وائرس کے عالمی وبا اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر پارٹی صدر کے لئے ہونے والا انتخاب عمل میں نہیں لایا جاسکا تھا۔ ان انتخاب کے لیے صوبہ جموں کے لیے انتجابی بورڈ نے سریندر چودھری کو ریٹرنگ آفیسر اور ستپال سنگھ کو انتجابی مبصر مقرر کیا گیا تھا۔ جبکہ سرینگر میں انتخابی کارروائی پارٹی الیکشن بوڑڈ کے چئیرمین عبدالرحمن نے انجام دی۔ اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی ہانجورہ اور خورشید عالم بھی موجود تھے۔پی ڈی پی کا آغاز1999 ہوا تھا، اِس جماعت کے صدر مفتی سعید اور ان کی صاحبزادی محبوبہ مفتی نائب صدر تھی۔ محبوبہ مفتی نے1996 کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے سیاست میں قدم رکھا تھا۔کشمیر یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے والی محبوبہ مفتی نے سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے جنوری2016میں انتقال کے بعد محبوبہ مفتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ حکومتی اتحاد دوسری مرتبہ آگے بڑھایا۔ یاد رہے کہ 4اپریل 2016میں محبوبہ مفتی نے ریاست کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے بطور حلف اٹھایا،تاہم کم وبیش ڈیڑ ھ سال بعد حکومت میں شامل اتحا دی بی جے پی نے اپنی حمایت واپس لی، اور پانچ اگست2019 کو ریاست کی سابقہ پوزیشن ختم کرنے کے بعد محبوبہ مفتی کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔ اس دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ میرے ورکرز نے مجھے پھر سے ایک ذمہ داری سونپی ہے اور جموں و کشمیر میں حالات کچھ مختلف اور مشکل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے حالات کو ٹھیک کرنے کے لیے پی ڈی پی کا وجود عمل میں آیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کے لیے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کی خواہشات اور احساس کی ترجمانی کرنے کے لیے پی ڈی پی پارٹی بنائی گئی ہے اور ہم لوگوں کی ترجمانی کرتے آئے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید صاحب کا ویڑن ہی ہمارا ایجنڈا رہا ہے اور مستقبل میں بھی وہی ایجنڈا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو جنگ کا اکھاڑہ نہیں بلکہ بھارت اور پاکستان کے مابین امن کا پل بنانے کی کوشش رہے گی۔انسپکٹر جنرل پولیس وجے کمار کی جانب سے دئے گئے حالیہ بیان پر انہوں نے کہا کہ وہ اپنا کام کریں گے اور ہم اپنا کام کریں گے۔ لوگوں پر جو ظلم ہو رہا ہے۔ ایک باپ اپنے بیٹے کی لاش مانگتا ہے وہ نہیں دے رہے ہیں۔ اس وقت جموں و کشمیر کے عوام جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس کے خلاف میں آواز اٹھاتی رہوں گی۔ اگر آئی جی کو لگتا ہے کہ میں قانون کے خلاف بات کر رہی ہوں تو اس کے لیے مجھے گرفتار کرنا ہے تو وہ اپنی ڈیوٹی کریں اور میں اپنی ڈیوٹی کروں گی۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں