نئی دہلی، (ایجنسی) ، ’’ملک میں سماج خاندانی کمزوری اور انتشار کی طرف بڑھ رہا ہے۔خاندانی تنازعات، گھریلو تشدد،خواتین کے ساتھ زیادتی اور بدسلوکی اور طلاق کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ایسے وقت میں جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین نے ’مضبوط خاندان، مضبوط سماج‘ جیسی ملک گیر مہم 19 تا 28 فروری چلانے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔یہ باتیں جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کی معاون سکریٹری اور مہم کی انچارج رحمت النساء نے پریس کلب آف انڈیا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہی۔انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر جماعت کے کارکنان اور ممبران اس مہم کو کامیاب کرنے اور سماج میں بیداری لانے کے سلسلے میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔اس کے علاوہ جماعت کا پورا کیڈر اس کے لئے کام کرے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خاندانی تشدد تمام مذاہب میں پائے جاتے ہیں مگر اس کی وجہ مذہب نہیں بلکہ افراد کی عدم بیداری ہے اور ہمارییہی کوشش ہوگی کہ سماج کے ہر فرد میں بیداری لائی جائے۔
کانفرنس کوخطاب کرتے ہوئے شعبہ خواتین کی معاون سکریٹری اور مہم کی کنوینر شائستہ رفعت نے کہا کہ ہم نے ملک کے حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے اس دس روزہ پروگرام کے ذریعہ ملک کے ہر طبقے اور عمر کے لوگوں تک اپنی مہم کا پیغام پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ہم زمینی سطح پر کام کرنے کے لئے ڈور ٹو ڈور جائیں گے اور سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کا بھی سہارا لیں گے۔انہوں نے اس مہم کے تحت چلنے والے پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ ’’کارنر میٹنگیں، فیملی گیٹ ٹوگیدر، بین المذاہب مکالمہ، بین الاقوامی ویبنار، وکیلوں،خاندانی مشیروں اور اساتذہ سمیت پینل ڈسکشن، ماہرین کے ساتھ روزانہ آن لائن انٹریکٹیو سیشن، خطبہ جمعہ جیسے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ مسلم کمیونیٹی کے ساتھ ساتھ تمام لوگوں کے لئے ایسے پروگرام پورے ملک میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ مضبوط خاندان سے ہی مضبوط سماج وجود میں آئے گا اور مضبوط سماج ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا اور ہر طرف امن قائم ہوگا۔ اس سلسلے میں ہم ویمن کمیشن سے ملاقات کرچکے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ان سے ملاقات کا منصوبہ ہے۔کانفرنس میں محترمہ جویریہ فرحین اور محترمہ فاتمہ تنویرکے علاوہ متعدد سماجی اور تعلیمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں