تبلیغی جماعت کے احباب کو ٹھہرانے کی پاداش میں قید کیے گئے مولانا علاء الدین کو ساکیت کورٹ سے ضمانت
نئی دہلی : مولانا علاء الدین قاسمی نانوتوی جو ویلکم نئی دہلی کی باغ والی مسجد میں امام تھے، انھوں نے لاک ڈاؤن کے پہلے مرحلے میں تبلیغی جماعت کے احباب کو اپنی مسجد میں رہنے دیا تھا۔ بس یہی ان کے خلاف جرم تھا، دہلی پولس نے ان پر مہاماری ایکٹ کے تحت مقدمات عائد کیے اور ان کو منڈاؤلی
کورینٹائن سینٹر میں ڈال دیا تھا۔آج ساکیت کورٹ میں جمعیۃ علماء ہند کی کامل پیروی کی وجہ سے ان کو مستقل ضمانت ملی ہے: ساکیٹ کورٹ میں جسٹس گرموہینا کور نے اپنے فیصلے میں ان کو ضمانت دینے کاحکم دیا، دہلی میں ان کے ضامن حاجی فخرالدین فاروقیہ مسجد برج پوری بنے۔ عدالت میں جمعیۃ علماء ہند کے وکیل ایڈوکیٹ شمیم اختر نے پیروی کی۔
مولانا موصوف کو جب منڈاؤلی جیل میں بند کیا گیا تھا، تو اس قیدِ بے گناہ سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے انھوں نے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی سے درخواست کی تھی۔ مولانا مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء ہند کے وکلاء کی ایک ٹیم نے ان کی پیروی کی،جس کی وجہ سے ان کو مستقل ضمانت حاصل ہوئی، جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ان سے برابر رابطہ میں تھے اور ان کی رہائی کے بعد ان کو بحال کرنے کے لیے کوشاں رہے۔اس سلسلے میں دہلی فساد متاثرین کے قانونی معاملات کے نگراں ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ دہلی فساد میں گرفتار بہت سارے بے قصو ر کو جلد انصاف ملے گا۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں