کورونا کے ماحول میں عید الاضحٰی اور قربانی کیسے؟

0
1360
File Photo
All kind of website designing

شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند کی مسلمانوں سے اپیل 

چند دنوں کے بعد عید الاضحیٰ آنے والی ہے ۔ اس کی ایک اہم عبادت قربانی ہے ۔ کورونا وائرس (Covid-19) کی شدت اور مختلف سرکاری پابندیوں کی وجہ سے موجودہ حالات میں مسلمانوں کی طرف سے نماز عید اور قربانی کے بارے میں مختلف سوالات کیے جارہے ہیں ۔ شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند نے ان سوالات پر غور کیا اور ان کے سلسلے میں درج ذیل ہدایات جاری کی ہیں ۔ امید ہے کہ ان کا خیال رکھا جائے گا :
1 ۔ قربانی حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی سنت ہے ۔ اس پر خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ نے عمل کیا ہے اور اپنی امت کو بھی اس کی تاکید کی ہے ۔ یہ محض کوئی رسم نہیں ہے ۔ حدیث میں ہے کہ ایام قربانی میں اللہ تعالیٰ کو قربانی سے بڑھ کر کوئی عمل محبوب نہیں ۔ اس لیے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کے موقع پر حتی ا لامکان قربانی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ صدقہ و خیرات ، رفاہی خدمت یا کوئی دوسرا نیک عمل اس کا بدل نہیں ہوسکتا ۔
2 ۔ جن صاحبِ حیثیت لوگوں پر قربانی واجب ہو ، وہ خواہش اور کوشش کے باجود سرکاری پابندیوں یا دیگر موانع کی وجہ سے قربانی نہ کر سکیں ، اگر وہ دوسرے مقام پر اپنی قربانی کرواسکیں تو اس کی کوشش کریں ۔ اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو ایام قربانی گزرنے کے بعد قربانی کے بہ قدر رقم غریبوں میں صدقہ کر دیں ۔
3 ۔ مسلمان قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دین و شریعت پر عمل کرنے کی کوشش کریں ۔ جن جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی ہو ان کی قربانی سے احتراز کریں ۔
4 ۔ قربانی کے سلسلے میں موجودہ وبائی صورتِ حال کے پیش نظر تمام احتیاطی تدبیریں ملحوظ رکھیں ۔ راستوں اور گزر گاہوں پر قربانی نہ کریں ۔ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ۔ خون ، فضلات اور زائد اجزا کو دفن کر دیں یا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں ۔
5 ۔ مناسب ہے کہ ہر علاقے میں عید الاضحیٰ سے چند روز قبل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے ، جو حالات پر نظر رکھے ۔ مقامی حکام سے برابر رابطہ رکھے اور امن و قانون کی صورت حال کو بحال رکھنے میں اپنا تعاون پیش کرے ۔
6 ۔ عید الاضحٰی کی نماز سماجی فاصلہ (Social Distance) برقرار رکھتے ہوئے عید گاہوں اور مسجدوں میں ادا کی جائے ۔ جن علاقوں میں کووڈ۔19کی وجہ سے حکام نے پابندی عائد کر رکھی ہے ، وہاں مسلمان اپنے گھروں میں نماز عید ادا کریں ، جیسے عید الفطر کی نماز ادا کی تھی ۔
شریعہ کونسل مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ نماز عید الاضحٰی اور قربانی کی مسلمانوں کے نزدیک غیر معمولی اہمیت کے پیشِ نظر انہیں اس سلسلے میں ہر ممکن سہولت اور شر پسندوں سے تحفظ فراہم کریں ۔ امیدہے ، مسلمان احتیاط ملحوظ رکھتے ہوئے اسے انجام دیں گے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اپنے دین پر چلنے اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here