مالی امداد کے ساتھ خانما برباد بے کسوں سے رو برو ہوئے قائد جمعیۃ علمائے ہند

0
1298
روہنگیا پناہ گزیں مولانا محمود مدنی کو اپنا درد سناتے ہوئے
All kind of website designing

 بنگلہ دیش میں لاکھوں پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں سے مولاناسید محموداسعد مدنی کے زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

 

بنگلہ دیش: ۲۸؍ ستمبر(نیا سویرا لائیو ڈاٹ کام)  میانمار کے لاکھوں مظلوم افراد کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیاد ت میں ایک وفد نے بنگلہ دیش کے کاکس بازار پہنچ کر فوری طور سے ضرورت مندوں کے درمیان راحت رسانی آپریشن شروع کردیا ہے۔ملت اسلامیہ ہند کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا محمود مدنی نے چالیس کلومیٹر تک پھیلے دنیا کے سب سے مظلوم انسانوں سے ملاقات کی اور ان کادکھ درد بانٹنے کی کوشش کی ۔ جمعےۃ علماء کے وفد نے ایسے بے شمارافراد سے ملاقات کی جو اپنے رشتے داروں کی لاشوں کی بے حرمتی کے چشم دید گواہ ہیں۔ایسے ان گنت یتیموں او ر بیوہ خواتین بھی ملیں جن کے اہل خانہ کو ظالمانہ طور سے قتل کیا گیااور اب وہ بے آسرا ہو کر کاکس بازار میں پوری انسانیت سے فریاد کناں ہیں۔

ان حالات کے مدنظر جمعیۃ علماء ہند نے یہاں اصلاح المسلمین پریشد بنگلہ دیش کے اشتراک سے راحت کا کام شروع کردیا ہے، شروع کے پہلے دو دنوں میں۰ ۲۲۰ فوڈ پیکٹس تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔ مولانا محمود مدنی نے لمبوسیا کیمپ میں میانما ر سے آئے ہوئے پانچ سوعلماء کے درمیان نقد رقم بھی تقسیم کی اور ساتھ ہی حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی رحمہ اللہ سے منسوب ایک تبلیغی مرکزکی بنیاد رکھی، جہاں پناہ گزینوں کے لیے اسکول، مدرسہ اور مکتب کا نظم ہو گا ۔اسی طریقے سے ایک مسجد محمود اور ایک اور دوسری مسجد کی بنیاد رکھی ۔
آج جمعرات کو جمعیۃ کے وفد نے میانمار اوربنگلہ دیش کے درمیان ساحلی علاقہ کا دورہ کیا ، جہاں سے صاف جھلک رہاتھا ابھی بھی سرحد پار میانمار کی ایک بستی میں آگ لگی ہوئی ہے ، وفد نے دیکھاکہ لوگوں کے بھاگنے کا سلسلہ جاری ہے ، خود وفد کے سامنے۳۷؍افراد آئے ، جن میں ایک خاتون کے ساتھ چارچھوٹے بچے تھے ، جن کے والدین قتل کردیے گئے ہیں، وہ بچے اپنی نانی کے ساتھ تھے ۔ان حالات کے مدنظروفد نے ساحل سے قریب مدرسہ بحرالعلوم شاہ پور ٹاپو میں ایک کیمپ قائم کردیا ہے جہاں آنے والوں کی ضرورت کا خیال رکھا جائے گا ۔ یہاں مولانا عبداللہ شاکر سکریٹری جمعٰیۃ علما ء بنگلہ دیش کو ذمہ دار بنایا گیا ہے ۔
ادھر لمبوسیاکیمپ میں جائزے کے دوران معلوم ہوا کہ یہاں تقریبا نچ سو یتیم بچے ہیں جن کے سرپرستوں کو قتل کردیا گیاہے، ایسے افراد سے بھی ملاقات ہوئی جن میں سے کسی کے سینے اور کسی کے ہاتھ پر گولی یا جلے ہوئے نشانات تھے ۔ ایک چھوٹی سی مریم نام کی بچی ملی جس کے والدین سمیت گھر کے سبھی سات افراد شہید کردیے گئے ، وہ اپنی خالہ کے ساتھ یہاں آئی ہے، ایک معصو م بچہ عین الدین کی ناک پر گولی لگی ہے ، اس کے گھر کے سارے افراد کو قتل کردیا گیا۔ ایک ایسی خاتون سے ملاقات ہوئی جس کے جمیع اہل خانہ کو اس کے سامنے مارا گیا، وہ کسی طرح جان بچا کر آئی ہے ۔یہاں کے مناظر بہت ہی تکلیف دہ ہیں ،ہر شخص یہاں سرا پا غم کی داستان ہے ۔
جمعیۃ علما ء کے وفدنے لیدا کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں تقریبا پچاس ہزار افراد پناہ گزیں ہیں۔یہ کیمپ 24ستمبر سے شروع ہو اہے ، یہاں یومیہ تین ہزار افراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔کاکس بازار سے مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ ا س وقت جمعےۃ علماء ہند و اصلاح المسلین پریشد کا مشترکہ نو رکنی وفدلیدا کیمپ میں راحت رسانی کے عمل میں مشغول ہے ۔جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کے ساتھ وفد میں ہندستان سے مولانا حکیم الدین قاسمی اور مولانا قاری احمد عبداللہ شامل تھے ، جب کہ بنگلہ دیش سے مولانا عبدالرشید،مولانا مکنون ابن مولانا فریدالدین مسعود، مولانا امداد اللہ ، مولانا عبدالعلیم فریدی اورمولانا شعیب وغیرہ ساتھ رہے۔

نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں

تبصرہ کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here