وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی مسلسل پیروی کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا، وائس چانسلر نے مرکزی وزیر اور حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا
علی گڑھ، 6دسمبر 2019: وزارت اقلیتی امور، حکومت ہند نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ملاپورم (کیرالہ) اور مرشدآباد (مغربی بنگال) کے مراکز پر گرلس اور بوائز ہاسٹل کی تعمیر کے لئے 100کروڑ 99لاکھ روپئے کی مالی امداد منظور کی ہے ۔یہ رقم وزارت اقلیتی امور کی خاص اسکیم ”پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم“ کے تحت منظور کی گئی ہے۔ وزارت نے مذکورہ رقم میں سے 30.29کروڑ روپئے کی پہلی قسط سال 2019-20 کے لئے جاری کردی ہے۔قابل ذکر ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے مذکورہ مراکز پر اقامتی سہولیات کی تنگی کے پیش نظر ہاسٹلوں کی تعمیر کے لئے وزارت اقلیتی امورکو مالی تعاون کی تجویز ارسال کی تھی اور ان کی مسلسل پیروی کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ۔وائس چانسلر نے درخواست پر مثبت کارروائی کے لئے اقلیتی امور کے مرکزی امور جناب مختار عباس نقوی اور حکومت ہند کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ منظور شدہ رقم سے اے ایم یو کے مراکز پر اقامتی دشواریاں دور ہوں گی اور ترقیاتی کاموں کو رفتار ملے گی۔پروفیسر طارق منصور نے امید ظاہر کی ہے کہ مرکزی حکومت، بہار میں واقع کشن گنج سنٹر کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے وہاں کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے لئے بھی جلد ہی مالی تعاون فراہم کرے گی، جس سے پسماندہ علاقہ میں تعلیم و تدریس کے وسائل میں بہتری آئے گی اور طلبہ و طالبات کو فائدہ ہوگا۔
نیا سویرا لائیو کی تمام خبریں WhatsApp پر پڑھنے کے لئے نیا سویرا لائیو گروپ میں شامل ہوں